توانائی کا بحران ۔۔یہ عارضہ، عارضی نوعیت کا ہے
مشرقی یورپ کی خونریزی چوتھے ہفتے میں داخل ہوچکی ہے اور اسکے جلد ختم ہونے کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔ صدر پیوٹن کئی بار کہہ چکے ہیں کہ یوکرین کے ہتھیار ڈالنے تک فوجی کاروائی جاری رہیگی جبکہ یوکرینی صدر ولادیمر زیلنسکی کیلئے ہتھیار ڈالنے کا تصور ہی ناقابل قبول ہے۔ اس جنگ کا انجام کیا ہوگا اسکے بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے لیکن غیر جانبدار تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ ہر گزرتے دن کیساتھ یوکرین کے افغانستان بننے کے امکانات بڑھتے جارہے ہیں۔ یوکرینیوں کی غیر متوقع مزاحمت پر خود کریملن کو بھی حیرت ہے۔
روسی بمباری میں شدت کے باوجود میدانِ جنگ میں وسعت کا امکان فی الحال کم ہے کہ یوکرینی صدر کی متعدد جذباتی درخواستوں کے باوجود امریکہ اور نیٹو اس جنگ میں براہ راست ملوث ہونے کو تیار نہیں۔ ہم نے جان کرامکان صفر کے بجائے 'کم ' لکھا ہے کہ روسی صدر پیوٹن کے خیال میں یوکرین کو اسلحے کی فراہمی بھی جنگ میں براہ راست شرکت ہے اور 12 مارچ کو روسی وزارت دفاع نے صاف صاف کہا کہ وہ پولینڈ سے اسلحہ لے کر یوکرین آنے والے قافلوں کو عسکری ہدف سمجھتے ہیں۔ا سی شام روسی بمباروں نے مغربی یوکرین کے شہر لویو (Lviv)کے فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جس میں یوکرینی وزارت دفاع کے مطابق کئی غیر ملکی تربیت کاروں (انسٹرکٹر) سمیت 35 افراد ہلاک ہوگئے۔ یاوورِو (Yavoriv)نامی سوویت دور کا یہ اڈہ پولینڈ کی سرحد پرہے۔روس کا دعویٰ ہے کہ یاورو نیٹو سے آنے والے اسلحے کا ابتدائی پڑاو ہے۔
اب تک مشرقی و شمالی یوکرین روسی بمباری کا ہدف تھا لیکن یاوورِو پر حملے سے اندازہ ہوتاہے کہ نیٹو سے آنے والی کمک کا راستہ روکنے کیلئے روسی فضائیہ اپنی کاروائی کا دائرہ یوکرین کے مغرب میں نیٹو ممالک کی سرحد تک بڑھارہی ہے۔ اگر نیٹو سے مدد کا یہ راستہ مسدود ہوگیا تو یوکرین کیلئے مزاحمت بہت مشکل ہوجائیگی۔ یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ روس کی اس نئی حکمت عملی پر نیٹو کا ردعمل کیا ہوگا اور اس خطرے کے سدباب کیلئے چچاسام اور انکے اتحادی کیا جوابی چال چلیں گے؟
لڑائی کا حتمی انجام کیا ہوگا اسکے بارے میں فی الحال کچھ کہنا ممکن نہیں لیکن دوسری جنگِ عظیم کے بعد براعظم یورپ میں لڑی جانے والی اس پہلی جنگ کے منفی اثرات ساری دنیا میں محسوس کئے جارہے ہیں۔ خاص طور سے غریب ممالک کا برا حال ہے۔ لبنان، شام اور یمن کا دارومداد یوکرینی گندم، جو، مکئی اور خوردنی تیل پر ہے۔بنیادی غذائی اجناس کی فراہمی معطل ہوجانے سے لاکھوں لوگ نان شبینہ سے محروم ہوگئے ہیں۔ مصر، ترکی اور بنگلہ دیش بھی 'دانوں' کی طرف سے اندیشہ ہائے دوردراز میں مبتلا ہیں۔ ترکی میں روٹی کے نرخ دگنے ہوگئے اور دیہاتوں میں نانبائیوں کی دوکانوں پر قطاریں نظر آرہی ہیں۔
اسی کیساتھ دنیا بھرمیں توانائی کے دام بھی آسمان کو چھو رہے ہیں۔ اولادِ آدم کی بدنصیبی کہ ایک عرصے تک COVID 19المعروف کرونا نے حیات اور اسبابِ حیات کو غارت کیا اور جب اس نامراد سے نجات کا امکان پیداہوا تو مشرقی یورپ میں خون کی اس ہولی نے ادھ موئی انسانیت کو توانائی اور غذائی بحران میں مبتلا کردیا۔اس جنگ کے انجام اور ممکنہ غذائی بحران پر گفتگو انشااللہ پھر کسی نشست میں۔ آج ہم اس 'انسانی وحشت' کے تیل کی تجارت و سیاست پڑنے والے اثرات کا جائزہ لینگے۔
یہ بات بہت عرصے سے کہی جارہی تھی کہ اگر روس اور یوکرین کے درمیان لڑائی چھڑگئی تو مہنگی توانائی کی صورت میں ساری دنیا کو اسکی قیمت ادا کرنی ہوگی۔ فروری کے وسط میں جب کشیدگی اپنے عروج کوپہنچی، اسوقت یہ بات واضح تھی کہ نیٹو جارحیت کے جواب میں روس کے پیٹ پر حملہ کریگا۔ صدر جو بائیڈن اور یورپ کے زعما بہت ہی غیر مبہم انداز میں کہہ چکے تھے کہ حملے کی صورت میں براہ راست میدان سجانے کے بجائے پابندیاں لگا کر روسی معیشت کا گلا گھونٹا جائیگا۔
اس محاذ پر کریملن کو شدید آزمائش کا سامنا ہے۔ روسی وزارت خزانہ کے مطابق پابندیوں سے ساری دنیا میں پھیلے 300 ارب ڈالر کے روسی اثاثے منجمد ہیں۔معاشی میدان میں نیٹو کا ہدف روسی تیل اور گیس ہے۔ دنیا میں تیل اور گیس کی پیداوار کا 30 فیصد حصہ امریکہ، روس اور سعودی عرب سے حاصل ہوتا ہے۔ ماہ بہ ماہ معمولی کمی و بیشی کے ساتھ ان تینوں ملکوں کی پیدوار تقریباً برابر ہے اور اوسطاً ہر ملک اپنے کنووں سے ایک کروڑ بیرل تیل یومیہ نکالتاہے۔ حالیہ دنوں میں امریکہ کی پیداوار ایک کروڑ ساڑھے گیارہ لاکھ اور روس کی ایک کروڑ دس لاکھ بیرل بتائی جارہی ہے جبکہ سعودی عرب کی پیدوار 95 لاکھ سے ایک کروڑ پانچ لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ دلچسپ بات کہ تیل کی عالمی پیدوار میں امریکہ بہادر کا حصہ دس فیصد ہے لیکن چچا سام دنیا سے حاصل ہونے والی تیل اور گیس کے مجموعی حجم کا 20 فیصد روزانہ پھونک ڈالتے ہیں۔
تیل اور گیس کی روسی برآمدات کا تخمینہ 47 لاکھ بیرل روزانہ ہے جس میں سے 25 لاکھ بیرل یورپ کو فراہم کیا جاتا ہے جو یورپی ضرورت کا چالیس فیصد ہے۔ پولینڈ، ہنگری، فن لینڈ، مالدووا اور چیکو سلاواکیہ (سلاوانیہ اور چیک ریپبلک) کی 70 سے 80 فیصد ضرورت روسی تیل اور گیس سے پوری ہوتی ہے۔ آگے بڑھنے سے پہلے یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ جب تیل اور گیس کی بات ہوتی ہے تو اسکا ذکر بیرل میں کیا جاتا ہے۔یہ تو آپکو معلوم ہی ہے کہ بیرل مائع کو ناپنے کا پیمانہ ہے جبکہ گیس کی پیمائش حجم یا حرارت کے معیار (Thermal)پر ہوتی ہے لیکن تجزیاتی آسانی کیلئے تیل اور گیس کے مجموعی حجم کو 'تیل کے مساوی'کی شرح سے فی بیرل Oil Equivalent میں پیش کیا جاتا ہے۔ یعنی آج جب ہم روسی توانائی کا ذکر کررہے ہیں تو اعدادوشمار میں تیل اور گیس کی مجموعی مقدار بیرل کی شکل میں پیش کی جائیگی۔
جنگ سے پہلے یہ تاثر عام تھا کہ جیسے ہی یوکرین پر حملہ ہوا روس سے جرمنی آنے والی گیس پائپ لائن بند کردی جائیگی۔ اس ضمن میں قطر، ناورے، آذر بائیجان اور الجزائر سمیت کئی گیس فراہم کنندگان سے بات بھی کی گئی۔ روس پر پابندی کی صورت میں فراہمی کی ضمانت دینے قطر کے امیر بنفسِ نفیس واشنگٹن تشریف لائے۔ لیکن حملے کے بعد بھی یورپ کو روسی گیس کی فراہمی جاری ہے تاہم گیس کی اضافی پائپ لائن Nord Stream 2 پر کام روک دیا گیا ہے۔ روس سے جرمنی آنے والی 48 انچ قطر کی 1222 کلومیٹر طویل اس پائپ لائن سے 55 ارب مکعب میٹر گیس سالانہ فراہم کی جاسکتی ہے۔ دھمکیوں کے باوجودیورپی یونین نے یورپ کو روسی گیس کے بہاو پر کوئی پابندی نہیں لگائی بس اضافی پائپ لائن پر کام رکوادیا جس سے گیس کی آمد شروع ہی نہیں ہوئی۔کریملن کیلئے اصل دردِ سر فروخت شدہ گیس کی قیمت کی وصولی ہے۔ روسی بینکوں پر پابندی کی وجہ سے خریدار ادائیگی نہیں کرسکتے۔
جنگ شروع ہوتے ہی تیل کی قیمتوں میں بھاری اضافہ دیکھا گیا لیکن جب اصل صورتحال سامنے آئی تو قیمتیں نیچے آنا شروع ہوگئیں۔گزشتہ ہفتے امریکی صدر بائیڈن نے امریکہ آنے والے روسی تیل پر پابندی لگادی اور اس اعلان پر تیل کی قیمتیں ایک دم 14 ڈالر فی بیرل بڑھ گئیں۔ مال تجارت (Commodities)کی قیمتوں میں 'خبروں' کی بنیاد پر اس غیر معمولی اتار چڑھاو کو Headlines Effectکہا جاتا ہے۔ عام طور سے صورتحال واضح ہوتے ہی قیمتوں میں استحکام آجاتا ہے۔ چنانچہ اس بار بھی ایسا ہی ہوا کہ جب دوسرے دن یہ بات سامنے آئی کہ روس سے امریکہ آنے والےروسی تیل کی مقدارصرف چھ لاکھ بیرل روزانہ ہے جو کُل امریکی ضروت کے تین فیصد سے بھی کم ہے تو قیمتوں میں گراوٹ شروع ہوگئی۔
اسی کیساتھ کچھ مزید خبروں نے تیل کی قیمتوں پر دباو کو مزید بڑھادیا۔ پہلی غیر مصدقہ مثبت خبر یہ تھی کہ صدر بائیڈن ویینزویلا کے تیل پر سے پابندیاں ختم کررہے ہیں۔ وینیزویلا کے صدارتی انتخاب میں امریکی منظور نظر امیدوار کی شکست پر صدر ٹرمپ نے دھاندلی کاالزام لگایا اور گزشتہ سال جولائی میں وینیزویلا سے تیل کی برآمدات پر پابندی لگادی گئی۔ اس بندش کے خاتمے کو اس بات سے تقویت ملی کہ وییزویلا نے ان دو امریکیوں کو رہا کردیا جو کئی سالوں سے جاسوسی اور فراڈ کے الزام میں نظر بند تھے۔
دوسری خبر ایران جوہری معاہدے برجام یا JCPOA میں امریکہ کی واپسی کے بارے میں تھی۔ اس معاہدے پر 2016 سے عملدرآمد شروع ہوا تھا جسکے مطابق ایران نے جوہری ہتھیار نہ بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے اسکی تصدیق کیلئےعالمی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA)کو اپنی تنصیبات کے معائنے کی غیر مشروط اجازت دی تھی۔ اس معاہدے پر سلامتی کونسل کے پانچوں مستقل ارکان کے ساتھ جرمنی نے دستخط کئے تھے اسی لئے برجام کو 5 plus oneبھی کہتے ہیں۔ معاہدے کے بعد ایران پر سے تمام پابندیاں ختم کردی گئی تھیں۔ دوسال قبل صدر ٹرمپ نے امریکہ کو اس معاہدے سے نکال کر ایران پر دوبارہ پابندیاں لگادیں۔خبروں کے مطابق طویل مذاکرات کے بعد امریکہ JCPOAکا حصہ بننے اور ایران پر سے پابندیاں ختم کرنے پر آمادہ ہوگیا ہے۔
ایک اور خبر کچھ اسطرح تھی کہ لیبیا میں تیل کے ایک بڑے میدن الفیل کو دہشت گردوں کے قبضے سے چھڑا کر اس میدان سے تیل کی برآمدات بحال کردی گی ہیں۔ اسکے علاوہ متحدہ عرب امارات اور کوئت نے کہا ہےکہ وہ اوپیک کے مقررہ کوٹے سے زیادہ تیل بازار میں لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ دوسری طرف عالمی توانائی ایجنسی (IEA)نے اعلان کیا کہ تیل کی قیمتوں کو قابومیں رکھنے کیلئےامریکہ تیل کے تزویراتی (Strategic)ذخیرے سے 3 کروڑ بیرل بازار میں لارہا ہے۔ اسی کیساتھ یورپی ممالک نے بھی اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے اپنے ذخائر سے مجموعی طور پر تین کروڑ بیل جاری کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ان خبروں سے قیمتوں میں استحکام پیدا ہوا اور ایک ہفتہ قبل 130 ڈالر فی بیرل فروخت ہونے والے تیل کی قیمت اب 107 ڈالر کے نشان سے نیچےآچکی ہے۔
یہ قیمت بھی تیل درآمد کرنے والے ممالک کیلئے بہت زیادہ ہے۔ تیل کی قیمتوں میں صرف ایک ڈالر فی بیرل اضافے سے ہندوستان کے درآمدی اخراجات 12 کروڑ ڈالر ماہانہ بڑھ جاتے ہیں جبکہ پاکستان کو تیل کی درآمد کیلئے ماہانہ ایک کروڑ پینتیس لاکھ ڈالراضافی خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ قیمتی زرمبادلہ پر اس دباو سے ملکی کرنسی کی قدر بھی متاثر ہوتی ہے۔
یورپ اور امریکہ کی جانب سے تیل کی خریداری رک جانے سے 16 لاکھ بیرل روسی تیل بازار میں آگیا ہے اور ساری دنیا کے آڑھتی اسکے لئے گاہک تلاش کررہے ہیں۔ وینیزویلا اپنے آٹھ سے دس لاکھ بیرل تیل کیلئے گاہک ڈھونڈ رہا ہے اور ایران پر سے پابندیاں ختم ہوگئیں تو پندرہ لاکھ بیرل ایرانی تیل بھی بازار میں ہوگا۔اس تجزئے سے ہمارے قارئین کو یقیناً کچھ راحت محسوس ہورہی ہوگی جنکے گھریلو بجٹ کا بڑا حصہ بجلی اور گیس کے بلوں اور پیٹرول پمپوں پر خرچ ہوجاتا ہے۔ تاہم اچھی و مثبت صورت گری کیساتھ ایک خدشے کا ذکر بھی سن لیجئے۔
آج روسی نائب وزیراعظم دیمتری گریگورینکوDmitry Grigorenkoنے امریکہ اور یورپ کی جانب سے روسی تیل کے بائیکاٹ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر تیل بطور ہتھیار ہمارے خلاف استعمال ہوتا رہا تو گیس بند کرکے ہم بھی یورپ کو تاریکی میں دھکیل سکتے ہیں۔ماہرین نے فاضل نائب وزیراعظم کے اس ارشاد عالیہ کو بہت زیادہ اہمیت نہیں دی کہ اس وقت جبکہ 16 لاکھ بیرل تیل پہلے ہی فالتو پڑاہوا ہے، یورپی گیس پائپ لائن بند کرکے 25 لاکھ بیرل مزید تیل (Oil Equivalent) کو کہاں ٹھکانے لگایا جائیگا، یعنی یورپ کو روسی گیس کی بندش کی کوئی تُک نہیں۔ لیکن دنیا پر قبضے کا خناس جب سر میں سماجائے تو منطق، عقل اور دلیل و برہان کا کیا ذکر؟؟؟
ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل کراچی 18 مارچ 2022
ہفت روزہ دعوت دہلی 18 مارچ 2022
روزنامہ امت کراچی 18 مارچ 2022
ہفت روزہ رہبر سرینگر 20 مارچ 2022
روزنامہ قومی صحافت لکھنو
No comments:
Post a Comment