ایران سعودی عرب تعلقات کی بحالی
بات چیت کی جیت، امن کی
فتح
فرقہ واریت کی بارودی سرنگوں
سے پٹی پُر پیچ شاہراہ
گزشتہ ہفتے چین ابلاغ عامہ پر چھایا رہا۔
جمعہ 10 مارچ کو صدر ژی جن پنگ، جمہوریہ
چین کے صدر منتخب ہوگئے۔ یہ ٓ موصوف کی اس منصب پر مسلسل تیسری کامیابی ہے اور اس
اعتبار سے وہ چئیر مین ماوزے تنگ کے بعد چوتھی مدت شروع کرنے والے دوسرے چینی رہنما ہیں۔ رائے شماری کے دوران عوامی قومی کانگریس
(پارلیمان) کے تمام 2952 ارکان نے انکی حمائت میں ہاتھ کھڑے کئے۔ واضح رہے کہ پرچہ
انتخاب پر جناب ژی جن پنگ کے علاوہ کوئی دوسرا نام نہ تھا۔یہ خبر اہم تو
تھی لیکن کسی بھی اعتبار سے غیر متوقع نہیں کہ چینی کمیونسٹ پارٹی میں صدارت کیلئے
جناب ژی جن پنگ کے تمام متوقع حریف 'باعزت'
سبکدوش اور باقی سخت جانوں کو دیوار سے
لگادیاگیاتھا۔
تاہم اسکے دوسرے دن بیجنگ سے آنے والی خبر
واقعی چشم کشا تھی، جب سعوی عرب کی سرکاری
خبر رساں ایجنسی وكالۃ الأنباء السعودیۃ
(انگریزی مخفف SPA) نے انکشاف کیا کہ چین کی ثالثی میں سعودی عرب اور ایران سفارتی
تعلقات بحال کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ایس پی اے کے مطابق چینی صدر کی کوششوں سے ایرانی اور سعودی حکام کے مابین 6 تا 10 مارچ مذاکرات ہوئے ۔ سعودی وفد
کی قیادت قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان نے کی جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے رئیسِ وفد ، شورای عالی امنیت ملی (SNSC)کے قیّم، امیر البحر علی شمخانی تھے
ریاض،
بیجنگ اور تہران سے بیک وقت جاری ہونے
والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 'سعودی عرب اور ایران کے درمیان اچھے تعلقات کی
بحالی کے لیے چین کی ثالثی میں نتیجہ خیز اور بامقصد مذاکرات کے بعد تینوں ممالک اعلان کرتے ہیں کہ سعودی عرب اور
ایران کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے اور اسے مزید وسعت دینے کیلئے چین کی میزبانی میں مزید بات چیت جاری رہیگی
معاہدے
کے تحت ریاض و تہران ایک دوسرے کی خودمختاری
کے مکمل احترام اور اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر سختی سے قائم
رہینگے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک ہمسائیگی کے تعلقات کو فروغ
دینے کیلئے پرعزم ہیں اور دو ماہ کے اندر ایران اور سعودی عرب اپنے سفارتخانے
دوبارہ کھولدینے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ تمام تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر
بات چیت کے ذریعے حل کرلیا جائے۔اس ضمن میں معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد کو یقینی
بنانے کے لئے سعودی عرب اور ایرانی وزرائے خارجہ جلد ہی ایک اجلاس منعقد کریں گے۔مشترکہ
بیان میں دونوں ملکوں کے در میان 2001 کے
سیکیورٹی تعاون اور 1998 کے معیشت، سائنس اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے
معاہدوں کو موثر و فعال بنانے کی ضرورت کو تسلیم کیا گیا۔ مختصر الفاظ میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ پانچ
روزہ طویل مذاکرات کے بعد ایران و سعودی عرب نے اپنے تعلقات کو معمول پر لانے کا
فیصلہ کرلیا جسے سفارتی اصطلاح میں 'نارملائزیشن' کہا جاتا ہے۔
سعودی عرب اور ایران دو ایسے پڑوسی ہیں جنکے درمیان 56 کلومیٹر چوڑی خلیج حائل ہے ۔
ایران اور جزیرہ نمائے عرب کے درمیان واقع یہ 989 کلومیٹر طویل خطہ آب بحر احمر (Red Sea)کو بحیرہ عُمان اور بحیرہ عر ب کے راستے بحر ہند تک رسائی دیتا ہے۔ نہر سوئر نے بحر احمر
کو بحر روم سے ملادیا ہے لہذا اس خلیج کو یورپ اور ایشیا کی مرکزی آبی شاہراہ
کہا جاسکتا ہے۔ خلیج کا نام متنازع ہے۔ جغرافیہ دانوں کیلئے یہ خلیجِ فارس ہے جبکہ
عرب اس بات پر مصر ہیں کہ اسے خلیج عرب
کہا جائے۔ ایک انٹرویو میں جب مشہور اطالوی صحافی محترمہ اوریانہ فلاسی نے انقلابِ اسلامی ایران کے قائد حضرت آئت اللہ خمینی
سے پوچھا آپ کیلئے یہ خلیج فارس ہے یا خلیج عرب؟ تو امام صاحب بے دھڑک بولے نہ عرب
نہ عجم یہ خلیجِ اسلام ہے کہ اسکی چارو ں طرف مسلمان آباد ہیں۔
ایران میں 1979 کے اسلامی انقلاب سے جہاں
مغرب کے ہاتھوں کے طوطے اڑے وہیں مسلم
دنیا اور باالخصوص خلیجی ممالک میں بیچینی پیدا ہوئی۔ایرانی انقلاب کے صرف 19 ماہ بعد عراق ایران پر چڑھ دوڑا اور صدر صدام نے اسے عرب و عجم
کی جنگ قراردیا۔ سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ممالک نے عراق کیلئے اپنے خزانوں کے
منہہ کھولدئے۔ آٹھ سال جاری رہنے والی یہ بے مقصد خونریزی دونوں طرف کے 15 لاکھ
مسلمانو ں کوچاٹ گئی اور زمانہ جاہلیت کی عرب و عجم کشیدگی اپنی مکروہ ترین شکل میں پوری
قوت سے دوبارہ ابھر آئی۔
اسی
نوعیت کا عدم تحٖفظ 2011کے آغاز پر شمالی افریقہ سے برپا ہونے والے الربیع العربی
(عرب اسپرنگ) کے موقع پر دیکھا گیا جب تیونس اور مصر کی آمریتوں کو عوامی بیداری
کا سیلاب بہا کر لے گیا۔ عرب
اسپرنگ سے خوفزدہ قوتوں نے عوامی سیلاب کا راستہ روکنے کیلئے فرقہ واریت کے بند کھڑے
کئے اور جلد ہی یہ عظیم الشان تحریک اس دلدل میں پھنس گئی۔ یمن اور شام میں فروعی منافرت کی آگ بہت تیزی سے بھڑکی۔ مصر میں
فوج نے شبخون مارا تو لیبیا میں عالمی قوتوں نے انقلاب کا راستہ کھوٹا کردیا۔
یمن
میں شیعہ سنی تنازعے میں ایران براہ راست کود پڑا۔ انکی حمائت یافتہ حوثی ملیشیا
نے 2014 میں دارالحکومت صنعا سمیت ملک
کے بڑے حصے پر قبضہ کرلیا اور 2015 میں سعودی عرب اس تنازعے کا ایک فریق بن گیا۔ سعودی اور متحدہ عرب امارات کے بمباروں
نے سارےیمن کو نشانہ بنایا، اس اس جنگ نے ایک بدتین انسانی المئے کو جنم دیا
اور یمنی مسلمان چکی کے ان دوپاٹوں کے درمیان پِس کر رہ گئے۔
لبنان میں ایران نواز حزب اللہ کے مقابلے میں ریاض نے سُنّی
انتہا پسندوں کی پشتیبانی کی۔ دوسری طرف
شام میں بعثی ملیشیا، امریکہ نواز جمہوری اتحاد اور ترک مخالف کرد ایک دوسرے کے
خلاف صف آرا ہوگئے۔ داعش ، روس کے ویگنر دہشت گرد اور سارے عالم عرب کے جنگجووں نے
شام کارخ کرلیا۔ لبنان اور شام میں سعودی ایران کشمکش کا سب سے زیادہ نقصان
فلسطینیوں کو ہوا کہ سعودی انھیں حزب اللہ کا حمائتی سمجھتے ہیں اور شیعوں کا خیال
کہ حماس آخر کو تو سنی ہیں۔ اس کشمکش کا اسرائیل نے خوب فائدہ اٹھایا۔ شام اور
لبنان میں شہری ٹھکانوں، ہوائی اڈوں اور
دوسری کلیدی تنصیبات کو امریکی ساختہ
اسرائیلی بمباروں نے تہس نہس کردیا۔
تاہم
ایران، سعودی عرب اور خلیجی اتحادیوں کو اندازہ ہورہا تھا کہ جنگ بند گلی میں داخل
ہوچکی ہے اور اس دلدل سے فیصلہ کن وار ممکن ہی نہیں۔ دونوں جانب بات چیت کی خواہش، لیکن عدم اعتماد کے اندھیرے نے راستہ اوجھل کردیا
تھا۔ یہ کشیدگی اسوقت اپنے عروج کو پہنچی جب جنوری 2016 میں سعودی
عرب نے 47 دوسرے افراد کیساتھ ممتاز شیعہ عالم نمر باقر النمر کا سرقلم کردیا۔
انھیں بدامنی پھیلانے کے الزام میں عدالتوں نے سزائے موت سنائی تھی۔ ایران کی جانب
سے اس سزا پر شدید رد عمل سامنے آیا ۔ تہران میں
مشتعل ہجوم نے سعودی سفارت خانے پر حملہ کیا اور عمارت نذرِ آتش کردی گئی۔ ایرانی
حکومت نے واقعے میں ملوث 100 افراد کو گرفتار کیا لیکن سعودیوں کا کہنا تھا کہ
حملہ ایرانی حکومت نے کروایا ہے چنانچہ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات منقطع ہوگئے۔
بحرین نے بھی سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایران میں اپنے سفارتخانے کو
تالہ لگادیا۔
کشیدگی اور عدم اعتماد کے باوجود سعودی ولی عہد محمد
بن سلمان ایران سےتعلقات بہتر بنانے کے خواہشمند تھے۔ اپنے رویۃ (Vision) 2030 کے بارے میں وہ بے حد سنجیدہ ہیں اور 2030 تک سعودی عرب کو تیل بیچنے والے ملک کے بجائے ایک اہم سیاحتی و
تجارتی مرکز بنائا چاہتے ہیں اور یہ اسی صورت
ممکن ہے جب علاقہ کشیدگی سے پاک اور سعودی عرب کی شناخت ایک امن دوست ملک کی حیثیت
سے ہو۔ دوسری طرف ایران بھی کشیدگی سے تنگ آیاہوا ہے۔ ستمبر 2022 میں کرد لڑکی
مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد سے وہ اندرونی خلفشار اور مغربی ممالک کی جانب سے نئی پابندیوں کی زد میں ہے۔ چنانچہ بیان
بازی اور جواب الجواب کیساتھ خاموش لیکن موثر سفارتکاری کا آغاز ہوا۔ یعنی
'اس طرف ہے
گرم خوں اور انکو عاشق کی تلاش '
سعودی عرب کو امریکہ کے روئے پر گہرے تحفظات
ہیں۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران صدر بائیڈن نے
سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سعودی ولی عہد
کے ممکنہ کردار کا مبہم سا ذکر کیا تھا۔ اگرچہ حکومت سنبھالنے کے بعد سے وہ اس معاملے میں بے حد محتاط ہیں لیکن
سعودی شہزادے کو انتخابی مہم کی بات یاد رہی۔ امر یکی کانگریس (مقننہ) میں مخصوص مفادات کیلئے کام کرنے والے ترغیب کاروں (Lobbysists)کے اثرات بہت زیادہ ہیں اور یہاں ہر
وقت مختلف ممالک کے خلاف قراردادیں اور مسودہ قانون پیش ہوتے
رہتے ہیں۔ادھر کچھ عرصے سے یہ کہا جارہا ہے کہ نائن الیوں (9/11) واقعہ میں جو 19 مبینہ دیشت گرد ملوث تھے ان میں 16 کا تعلق
سعودی عرب سے تھا اسلئے ریاض کو مالی نقصانات
کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے یعنی متاثرین کو رقم کی ادائیگی کیلیئے سعودی اثاثہ جات
پر دعویٰ کیا جاسکتا ہے۔۔ تیل کی پیدوار بڑھانے کیلئے صدر بائیڈن سعودی
عرب پر جس بھونڈے انداز میں دباو ٖڈال رہے ہیں وہ بھی سعودی شہزادے کو پسند نہیں۔
دوسری
طرف دوستی ، مفاہمت اور سفارتی رکھ رکھاو کے حوالے سے چین کی اپنی ایک مخصوص شناخت ہے۔ چین، عالمی تنہائی کا شکار ایران سے برابری کی بنیاد پر تعلقات کیلئے مخلص نظر آرہا
ہے چنانچہ چین کی ثالثی پر ایران و سعودی عرب تیار ہوگئے۔ جیسا کہ ہم نے سرنامہ کلام
میں عرض کیا، شاہراہ امن و اعتماد طویل و پر پیچ ہونے کیساتھ عالمی قوتوں کی
بچھائی بارودی سرنگوں سے پٹی پڑی ہے صبر و ضبط کی پکڈنڈی سے قدم ذرا بہکا اور اعتماد
کی ساری پونچی راکھ کا ڈھیر۔ لیکن اگر ایران و سعودی اخلاص و اعتماد کیساتھ آگے بڑھتے رہے تو امن کے
نتیجے میں نہ صرف دونوں ملکوں کے کروڑوں
شہری امن و خوشحالی سے مستفید ہونگے اور شہزادہ محمد بن سلمان کے کیلئے رویۃ 2030
کا ہدف حاصل کرنا سہل ہو جائے گا بلکہ افغانستان سے لبنان تک ہر جگہ کشیدگی کم ہوگی۔
یہ
شاندار پیش رفت دنیا بھر کے امن پسندوں کیلئے باعث مسرت ہے۔خانہ جنگی کا شکار شامی،
اہل یمن و عراق اور ساکنانِ افغانستان بہت
امید و آرزو کیساتھ ایران اور سعودی عرب کی کشیدگی ختم ہونے کی دعا کررہے ہیں لیکن
اسرائیل کو اس پر شدید تشویش ہے۔ اسرائیلی حزب اختلاف سعودی عرب اور ایران کے
درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کو نیتھن یاہو حکومت کی ناکامی قرار دے رپی ہے۔ اسرائیل
کی پریشانی آنے والے دنوں کیا روپ اختیار
کریگی اس بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے کہ
دائیں بازو کی انتہا پسند حکومت مفاہمت کی
کسی بھی کوشش کو کمزوی گردانتی ہے۔اس حوالے سے واشنگٹن نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی
پر 'اطمینان' کا اظہار تو کیا ہے مگر لہجے
میں گرمجوشی کی ہلکی سی رمق بھی نہیں۔
باقی
ساری دنیا ریاض و تہران کے مابین کشیدگی ختم ہونے کی اس امید افزا خبر پر مسرور
نظر آرہی ہے۔ ہمیں اس معاہدے پر
چینی
وزیر خارجہ کا یہ ایک سطری تبصر ہ بہت پسند
آیا کہ
'یہ بات
چیت کی جیت، امن کی فتح اور ایسے وقت میں اہم خوشخبری جب دنیا انتشار کا شکار ہے'
ہفت
روزہ فرائیڈے اسپیشل کراچی 17 مارچ 2023
ہفت
روزہ دعوت دہلی 17 مارچ 2023
روزنامہ
امت کراچی 17 مارچ 2023
ہفت
روزہ رہبر سرینگر 19 مارچ 2023
روزنامہ قومی صحافت لکھنو
No comments:
Post a Comment