اسرائیلی اقتدار کی بساط، عرب نمائندگی اور فلسطینیوں کا لہو
حکومت سازی کی کشمکش، مذہبی انتہاپسندی اور ایران کے ساتھ نئی جنگ
کے خدشات
اسرائیل میں حکومت سازی کے لیے روایتی سیاسی جوڑ توڑ جاری ہے، لیکن
اس دوران فلسطینیوں پر بمباری، تشدد، فصلوں کی تباہی اور قبضے کی کارروائیاں بھی
رکنے کا نام نہیں لے رہیں۔ اس ہفتے غزہ کے دو ہسپتال اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنے۔
بدھ 11 نومبر کو جنوبی غزہ کے النصر ہسپتال پر بمباری سے اس کا شعبۂ جراحی (Surgical Unit) تباہ ہوگیا۔ ہسپتال کے ڈاکٹر
رزق ابو شاعرہ اور ایک تیرہ سالہ بچے سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوئے۔ بمباری کے
نتیجے میں لگنے
والی آگ سے چالیس افراد شدید زخمی ہوئے، جن کے علاج کے لئے اب کوئی محفوظ ہسپتال
باقی نہیں۔ اگلے روز جنوبی غزہ کے الشفا ہسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اس کی
پارکنگ میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسی دوران
کئی مقامات پر پناہ گزینوں کے خیموں پر حملے ہوئے، جن میں جانی نقصان کے ساتھ سردی
کے موسم میں مزید سینکڑوں افراد بے گھر ہوگئے۔
بارش، سیلاب اور بے گھر خاندان
موسم
سرما کی بارشوں اور اس کے بعد سردی کی لہر نے اہلِ غزہ کی مشکلات میں مزید اضافہ
کردیا ہے۔ شدید بارش اور سیلابی پانی نے پناہ گاہوں اور عارضی خیموں میں مقیم
خاندانوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ جن لوگوں کے گھر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، ان کے
لئے بارش سے بچنے کی محفوظ چھت بھی میسر نہیں۔
یورپی یونین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ امدادی اداروں کو غزہ میں فوری اور
بلا رکاوٹ رسائی دی جائے، انسانی امداد اور بحالی کی سرگرمیاں بڑے پیمانے پر جاری
رکھنے کی اجازت ہو اور غزہ کے تمام سرحدی راستے دوبارہ کھولے جائیں۔ حسبِ توقع
اسرائیل نے امدادی سامان کی ناکافی ترسیل کے الزامات مسترد کرتے ہوئے اس کا ذمہ
دار حماس کو قرار دیا ہے۔ لیکن بارش میں بھیگتے بچوں، سردی سے ٹھٹھرتے بزرگوں اور
بے گھر خاندانوں کو اس وقت بیانات نہیں، محفوظ پناہ گاہیں، خشک کپڑے، گرم بستر،
خوراک، ادویات اور فوری امداد درکار ہے۔
غربِ اردن: زیتون خاص نشانہ
غربِ
اردن میں بھی تشدد کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مشرقی رام اللہ کے گاؤں برقا میں زیتون
کی فصل کاٹنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی قبضہ گردوں کے حملے میں ایک کسان اور اس
کا کمسن بچہ زخمی ہوگئے۔ بیت اللحم کے
قریب گاؤں بیت فجار میں زیتون کی فصل کاٹنے والے فلسطینیوں پر قبضہ گردوں نے حملہ
کیا۔ باغات اجاڑ دیے گئے، گاڑیاں نذرِ آتش کردی گئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ایک اور گاؤں دیر جریر پر بھی حملہ کیا گیا، جس میں کئی افراد زخمی ہوئے اور حملہ
آور مویشی لوٹ لے گئے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ ان میں سے ایک حملہ سبت (ہفتہ) کے روز
کیا گیا، جب یہودی مذہبی روایت کے مطابق چھری سے سبزی کاٹنے کی بھی ممانعت
ہے۔نابلوس کے علاقے سے اسرائیلی فوج کی واپسی کے باوجود پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے
اور لوگوں کی آمدورفت پر پابندیاں بھی برقرار ہیں۔ گزشتہ ہفتے امریکہ سے آنے والے
امریکی شہری ابو عواد جب اپنی اہلیہ کے ہمراہ رام اللہ کے قصبے ترمسعیا میں گھر
پہنچے تو اسرائیلی فوجیوں نے انہیں گھیر لیا۔ امریکی پرچم لہراتے ہوئے ابو عواد نے
غصے سے کہا ’’ہمارا دیا گیا اسلحہ ہم ہی پر تانتے ہوئے تمہیں شرم نہیں آتی؟‘‘
ان
کارروائیوں کے ساتھ حکومتی سرپرستی میں انتہاپسندوں کے اشتعال انگیز اجتماعات اور
مظاہرے بھی جاری ہیں۔ گزشتہ ہفتے انتہاپسندوں کے ایک گروہ نے الخلیل
(Hebron) کی
گلیوں میں ’’فلسطینیو! ہماری مقدس سرزمین سے نکل جاؤ‘‘ کے نعرے لگائے۔ الجزیرہ میں
شائع ہونے والی تصویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوج ان مظاہرین کو تحفظ فراہم
کررہی تھی۔
نئی کنیسہ ، پرانے تعصبات
دوسری
طرف اسرائیل میں حکومت سازی کی کوششیں عروج پر ہیں۔ نئی پارلیمان کے افتتاحی اجلاس
سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نیتن یاہو نے عرب جماعتوں رعم اور
جوائنٹ لسٹ پر الزام لگایا کہ
وہ ’’یہودی ریاست کی تباہی‘‘ چاہتی ہیں۔ انہوں نے ان جماعتوں کو اسرائیل سے نفرت
کرنے والا اور دہشت گردی کا حامی قرار دیتے ہوئے اپنے مخالفین سے سوال کیا کہ کیا
وہ ملک کا مستقبل ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں دینا چاہتے ہیں؟ نیتن یاہو نے دونوں عرب
جماعتوں کے درمیان فرق بھی مسترد کردیا اور دعویٰ کیا کہ اختلاف صرف اس بات پر ہے
کہ یہودی ریاست کے خاتمے کے بعد کس قسم کی ریاست قائم ہونی چاہیے۔ ان کے بقول رعم
اسلامی فلسطین جبکہ جوائنٹ لسٹ قوم پرست سیکولر فلسطین چاہتی ہے۔ ایران کے حوالے
سے جنگی بیانیہ آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی جوہری خطرے کو مستقل طور
پر ختم کرنے کا واحد راستہ اسلامی رجیم کا خاتمہ ہے۔ پارلیمان کے باہر بھی
انتہاپسندوں نے مظاہرہ کیا۔ حلف برداری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ
قومی سلامتی اتمار بن گویر نے کہا کہ ’’آج اسرائیلی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔
ہمارے مقدس ترین کنیسہ میں حماس، حزب اللہ، اخوان اور آیت اللہ کے پالتو 19 دہشت
گردوں نے حلف اٹھایا ہے۔‘‘
پارلیمان میں عرب نمائندگی
نیتن
یاہو اور ان کے اتحادیوں کی عرب جماعتوں کے خلاف سخت مخالفت کے باوجود نئی کنیسہ
میں عرب نمائندگی کے حوالے سے 16 نومبر کو ایک اہم پیش رفت ہوئی۔ پارلیمان کی
عبوری انتظامی کمیٹی نے جن نو ڈپٹی اسپیکروں کی تقرری کی
منظوری دی ان میں جوائنٹ لسٹ کے اہم رہنما
ڈاکٹر احمد طیبی اور رعم کے ولید طہٰ بھی شامل ہیں۔ کمیٹی میں اس تجویز
کے حق میں 13 اور مخالفت میں 8 ووٹ آئے۔ ان تقرریوں کو حکومت سازی کے معاملے سے
الگ رکھنا ضروری ہے اور ڈپٹی اسپیکروں کی تقرری بذاتِ خود اس بات کا ثبوت نہیں کہ
عرب جماعتیں کسی حکومتی اتحاد میں شامل ہوگئی ہیں۔روائت کے مطابق اسرائیلی کنیسہ
میں ہر جماعت سے ایک ایک ڈپٹی اسپیکر چنا
جاتا ہے۔
نفرت کے بیانات اور حمایت کی خفیہ درخواستیں
نیتن
یاہو اور ان کے انتہاپسند حامیوں کی عربوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور نعروں کے
ساتھ ساتھ عرب جماعتوں کو محبت اور تعاون کے اشارے بھی دئے جارہے ہیں۔ جوائنٹ لسٹ
کے سینئر رہنما احمد طبی نے 14 نومبر کو چینل 12 پر نیتن یاہو کے قریبی ساتھی نیتن
عشل (Natan Eshel) کا ایک ٹیکسٹ پیغام دکھایا، جس میں حکومت
سازی کے لیے حمایت کی درخواست کی گئی تھی۔ احمد طبی کے مطابق نیتن یاہو کی کابینہ
کے ایک وزیر نے بھی اس سلسلے میں ان سے رابطہ کیا ہے۔ یوں عوامی جلسوں میں جن عرب
نمائندوں کو ریاست کا دشمن قرار دیا جارہا ہے،اقتدار بچانے کے لئے پس پردہ انھیں
کی منت سماجت کی جارہی ہے۔
حکومت سازی کا حساب اور ربائیوں کی شرائط
اسرائیلی
حزبِ اختلاف نیتن یاہو سے جان چھڑانا چاہتی ہے، لیکن اس مقصد کے لیے عرب اتحاد کی
حمایت اسرائیلی سیاست کے ایک بڑے طبقے کو قبول نہیں۔ حکومت سازی کے لیے 61 نشستیں
درکار ہیں، جبکہ حزبِ اختلاف کے پاس مجموعی طور پر 48 نشستیں ہیں۔ مطلوبہ اکثریت
تک پہنچنے کے لیے عرب جماعتوں سے تعاون کے بغیر راستہ کیسے نکلے؟ سیانوں نے مشورہ
دیا کہ ’’دہشت گردوں‘‘ کے سہولت کاروں کے بجائے ربائیوں (یہودی مذہبی پیشواؤں) سے
ہاتھ ملا لیا جائے، جن کے پاس 13 نشستیں ہیں۔
اب
مقطع میں سخن گسترانہ بات یہ آن پڑی کہ مذہبی جماعتیں اپنے مدارس کے طلبہ کو لازمی
فوجی بھرتی سے استثنیٰ دلوانا چاہتی ہیں، جسے روشن خیال طبقہ غیر ضروری رعایت
سمجھتا ہے۔ ان کا موقف ہے کہ اگر یہودی ریاست کا دفاع ہر شہری کا فرض ہے تو حفظِ
توریت کے مدارس کو استثنیٰ کیوں دیا جائے؟ خبروں کے مطابق مذاکرات کے دوران نیتن
یاہو کے اتحادی متحدہ توریت جماعت (UTJ) اور شاس
(Shas) نے
عندیہ دیا کہ اگر حزبِ اختلاف لازمی فوجی بھرتی سے استثنیٰ دینے کا وعدہ کرے تو
دونوں جماعتیں اس کے ساتھ اتحاد کے لئے تیار ہیں۔ آئزنکوٹ نے ربائیوں کے مطالبات
ماننے پر آمادگی ظاہر کی، لیکن مذہبی رہنما اتنے بھولے کہاں ! دونوں جماعتوں کے
مشترکہ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ حزبِ اختلاف کے تمام 48 ارکان انفرادی طور پر
دستخط کرکے ضمانت دیں کہ فوجی بھرتی سے استثنیٰ کو قانونی شکل دی جائے گی۔ اب مسئلہ
یہ ہے کہ بائیں بازو کی ڈیموکریٹس جماعت اس مطالبے کو ماننے کے لیے تیار نہیں۔
پارلیمان میں اس کے آٹھ ارکان ہیں۔
عرب تعاون کے خلاف ہلاک فوجیوں کے اہلِ خانہ کا دباؤ
عرب
جماعتوں کے تعاون سے حکومت سازی کی کوشش پر آئزنکوٹ کو اپنی ہی جماعت کے اندر سے
مزاحمت کا سامنا ہے۔ گزشتہ ہفتے ان کی جماعت کے رکن پارلیمان ایلیسف پیریٹر
(Elysaf Peretz) کی والدہ مریم پیریز نے اعلان کیا کہ اگر گادی آئزنکوٹ
نے حکومت سازی کے لیے عربوں سے مدد مانگی تو ان کا بیٹا اپنی نشست سے مستعفی
ہوجائے گا۔ مریم پیریز کے دو فوجی بیٹے غزہ میں مارے گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان
میں کہا کہ میرا لختِ جگر اپنے بھائیوں کے قاتلوں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتا۔
لیکوڈ کے معذور رکن پارلیمان کا احتجاجی خیمہ
اسی
طرح نیتن یاہو کے حامی بھی ان پر قومی حکومت کے قیام کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
لیکوڈ پارٹی کے رکن پارلیمان الیشا میدان (Elisha Medan) نے پارلیمان کے
باہر خیمہ گاڑ دیا ہے۔ خیمے کے باہر نصب پلے کارڈ پر عرب جماعتوں کے خلاف متحد
ہونے کا پیغام درج ہے۔ سابق فوجی میدان، غزہ میں اپنے دونوں پیر کھو چکے ہیں۔ ان کا
مطالبہ ہے کہ لیکوڈ پارٹی حکومت سازی کے لئے حزبِ اختلاف کا ساتھ دے تاکہ عرب
جماعتوں کو اتحاد میں شامل کرنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔
دین رودف: مذہبی حکم یا سیاسی اختلاف کا مہلک نتیجہ؟
عرب
سیاسی جماعتوں کی حمایت سے حکومت سازی کی کوشش ایک نئے اور تشویش ناک تنازعے کا
سبب بن گئی ہے۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق حیفہ کی سابق ربانی عدالت کے سربراہ ربی
گدالیہ ایکسلروڈ (Rabbi Gedalia Axelrod) نے ایک مذہبی حکم
جاری کیا ہے، جس میں ان یہودی سیاسی رہنماؤں کو بھی ’’دین رودف‘‘
(Din Rodef) کے
زمرے میں شامل کیا گیا ہے جو عرب جماعتوں کی حمایت سے حکومت قائم کرنے میں کردار
ادا کریں، خواہ وہ اس مقصد کے لیے ووٹنگ میں غیر حاضر رہیں یا ووٹ دینے سے گریز
کریں۔ عبرانی اصطلاح دین رودف کا لفظی مفہوم ’’تعاقب کرنے والے کے خلاف حکم‘‘ ہے۔
یہودی مذہبی قانون (Halacha) میں اس کا تعلق
ایسے شخص سے ہے جسے کسی دوسرے انسان کی جان کے لئے فوری اور سنگین خطرہ تصور کیا
جائے۔ روایتی فقہی تشریح میں ایسے خطرے کو روکنے کے لئے قتل کی اجازت ہے۔ یہ
اصطلاح اسرائیل کی تاریخ کے ایک المناک واقعے سے بھی وابستہ ہے جب 1995ء میں
وزیراعظم اسحاق رابین (Yitzhak Rabin) کے قاتل یگال امیر
(Yigal Amir) نے
ان کے قتل کا مذہبی جواز پیش کرنے کے لئے اسی اصطلاح کا حوالہ دیا تھا۔ گویا عرب
جماعتوں کے ساتھ سیاسی تعاون کرنے والے رہنماؤں کو اس مذہبی اصطلاح کے تحت قتل کی
دھمکی دی جارہی ہے۔
نیتن یاہو اور آئزنکوٹ کی مشترکہ حکومت؟
حکومت
سازی کے حوالے سے اب آئزنکوٹ اور نیتن یاہو کی مشترکہ حکومت کی خبریں بھی گرم ہیں۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق نیتن یاہو نے اپنے حریف آئزنکوٹ کی قیادت میں حکومت
سازی پر اصولی آمادگی ظاہر کردی ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ حکومتی مدت دونوں جماعتوں
کے درمیان تقسیم کردی جائے۔ آئزنکوٹ باری باری حکومت کرنے پر تو راضی ہیں، لیکن ان
کی ترجیح ہے کہ لیکوڈ کی باری آنے پر نیتن یاہو کے بجائے ان کی جماعت کا کوئی
دوسرا رہنما وزیراعظم بنے۔ دوسری طرف لیکوڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بااختیار وزیرِ
دفاع اور نائب وزیراعظم بننے کی صورت میں نیتن یاہو وزارتِ عظمیٰ سے دستبردار ہونے
پر رضامند ہوسکتے ہیں۔
عرب
جماعتوں میں دراڑ ڈالنے کی کوشش
اسرائیل
کی داخلی سلامتی کاادارہ شاباک (Shin Bet) عرب سیاسی اتحاد جوائنٹ لسٹ کے متعدد کارکنوں کو طلب کرکے ان سے
حریف عرب جماعت رعم کے خلاف معلومات حاصل کرنے کی کوشش
کررہا ہے۔جوائنٹ لسٹ کے کارکن نے بتایا کہ
تفتیش کے دوران شاباک اہلکار نے اس سے کہا: ’’آپ عیسائی ہیں، وہ اسلام پسند ہیں،
آپ کو ان کے خلاف ہمارے ساتھ تعاون کرنا چاہیے، ہمیں ان کے بارے میں کچھ بتائیے۔‘‘ رعم، اخوانی فکر سے وابستہ اسلامی رجحان رکھنے والی جماعت ہے، جبکہ جوائنٹ
لسٹ میں عرب قوم پرست، کمیونسٹ اور دیگر سیکولر عناصر بھی شامل ہیں۔ حالیہ انتخابات
میں دونوں جماعتوں نے مجموعی طور پر 19 نشستیں حاصل کرکے اسرائیلی پارلیمان میں
ایک اہم سیاسی قوت کی حیثیت اختیار کرلی ہے۔
شاباک مذہبی اور نظریاتی اختلافات کو ہوا دے کر
عرب سیاسی قوت کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن یہ کوششیں کامیاب ہوتی نظر
نہیں آتیں اسلئے کہ جوائنٹ لسٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رعم کے ساتھ اس کے
سیاسی اور نظریاتی اختلافات ہیں لیکن ان
قوتوں کے مقابلے میں بہت معمولی جن سے عربوں
کو شدید خطرات ہیں۔ عرب جماعت نے الزام لگایا کہ شاباک کو حکومت کے سیاسی مقاصد کے
لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
سیاسی بحران سے نکلنے کے لئے ایران سے جنگ ؟
اسرائیل
کے سیاسی بحران سے نکلنے کے لئے ایران کے ساتھ جنگ کو بھی ایک ممکنہ راستہ تصور
کیا جارہا ہے۔ امریکی آن لائن خبر رساں ادارے Axios کے مطابق اسرائیلی
وزیراعظم، صدر ٹرمپ پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ جنوری میں امریکی کانگریس کے نئے
ارکان کی حلف برداری سے پہلے ایران پر حملہ کردیں۔ اس طرح نیتن یاہو کو مزید
ہنگامی اختیارات مل سکتے ہیں اور جنگی ماحول میں حزبِ اختلاف کے لیے حکومت سازی کی
کوششیں مشکل ہوسکتی ہیں۔ دوسری طرف صدر ٹرمپ بھی ایسی ہنگامی صورتِ حال سے سیاسی
فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس سلسلے میں نیتن یاہو کا خصوصی پیغام لے
کر موساد کے سربراہ رومن گفمن واشنگٹن پہنچ چکے ہیں۔
اقتدار کی سیاست اور جنگ کا خطرہ
اسرائیل
کی موجودہ صورتِ حال کا تضاد خاصا نمایاں ہے۔ ایک طرف فلسطینیوں کے خلاف فوجی
کارروائیاں، غربِ اردن میں قبضہ گردوں کے حملے اور غزہ کی انسانی تباہی جاری ہے،
دوسری طرف اسرائیلی سیاست میں اقتدار کی جنگ نے عرب شہریوں کے منتخب نمائندوں کو
بھی سیاسی کشمکش کا مرکز بنا دیا ہے۔ جن جماعتوں کو عوامی سطح پر دہشت گردوں سہولت
کار کہا جارہا ہے، انہی سے حکومت سازی کے لئے پس پردہ حمائت طلب کی جارہی ہے۔ اب
شاباک کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات نے عرب جماعتوں کے درمیان مذہبی اور
نظریاتی اختلافات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے خدشات بھی پیدا کردیے
ہیں۔
مذہبی
جماعتوں کے مطالبات، فوجی بھرتی سے استثنیٰ کی کشمکش اور سیاسی مخالفین کو مذہبی
فتووں کے ذریعے دباؤ میں لانے کی کوششیں اس بحران کی سنگینی مزید بڑھا رہی ہیں۔
ایسے میں ایران کے ساتھ نئی جنگ کا امکان محض علاقائی سلامتی کا سوال نہیں بلکہ
اسرائیل کی داخلی سیاست سے بھی جڑ گیا ہے۔ اصل تشویش یہ ہے کہ اقتدار کی اس بساط
پر سیاسی مفادات کی قیمت کہیں فلسطینی عوام اور پورے خطے کو ایک نئی تباہ کن جنگ
کی صورت میں نہ چکانا پڑے۔
ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل کراچی 20 نومبر 2026
ہفت روزہ دعوت دہلی 20 نومبر 2026
ہفت روزہ رہبر سرینگر 22 نومبر

No comments:
Post a Comment