تر کیہ کی 'گندم سفارتکاری'
غریب ممالک کیلئے امید کی نئی کرن
ئوکرین روس جنگ چھٹے مہینے میں داخل ہوچکی ہے
اور اسکے جلد خاتمے کا بظاہر کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ اس حوالے سے ایک امیدِ موہوم یہ ہے کہ جب
آپ ہماری اس تحریر کو شرفِ مطالعہ سے سرفراز فر مارہے ہونگے، تقریباً عین اسی وقت
یعنی 5 اگست کو بحر اسود کے ساحلی شہر سوچی میں ترک صدر طیب رجب ایرداوان اپنے روسی ہم منصب کو یہ تنازعہ بارود کے بجائے بات
چیت سے حل کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کررہے ہونگے۔
سوچی
میں ایردوان پیوٹن ملاقات کتنی کا میاب رہیگی اسے بارے کچھ کہنا قبل ازوقت ہے لیکن
بات چیت کیلئے روسی صدر کا آمادہ ہوجانا انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ اس سے قبل صدر پیوٹن فرانسیسی صدر کی دعوت یہ کہہ کر مسترد
کرچکے ہیں کہ فرانس اس جنگ میں ایک فریق جسے ثالثی تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ یوکرین
کے صدر ولادیمر زیلینسکی نے مذاکرات کی حمائت کرتے ہوئے کہا کہ 'اپنے دوست ایردوان
پر یوکرین کو مکمل اعتماد ہے۔ میں صدر
ایردوان کی دیانت، غیر جانبداری اور امن
سے انکے اخلاص کا معترف ہو ں'
جہاں دنیا کے سارے امن پسند سوچی مذاکرات کی
کامیابی کیلئے دعا گو ہیں، وہیں روس اور یوکرین سے دنیا کو گندم اور دوسرے 'دانوں'
کی ترسیل پر ماسکو اور کیف کی آمادگی اقوام عالم کیلئے خوش آئند ہے۔
یوکرین اور روس کی جنگ میں ایک طرف بیگناہ یوکرینی شہری مارے جارہے
ہیں اور اربوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے وہیں اس جنگ نے توانائی اور غذائی بحران پیدا
کردیا ہے۔ اس جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والا
تیل کا بحران جنگ کے آغاز سے بھی پہلے سے ساری
دنیا میں موضوعِ گفتگو
بناہوا ہے لیکن اسکے غذائی پہلو پر سنجیدہ گفتگو اب شروع ہوئی ہے۔
یوکرین یورپ میں غذائی اجناس اور خوردنی تیل (vegetable
Oil) کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے۔ جیسے
ایک زمانے میں پنجاب کو برصغیر کا بریڈ باسکٹ کہا جاتاتھا ویسے ہی یوکرین اور روس کاسرحدی علاقہ روٹی کی یورپی چنگیری ہے۔ عام حالات میں یہاں ایک کروڑ85 لاکھ ایکڑ (7.5million hectares)رقبے پر گندم، جو، مکئی، rye،
تیل کے بیجوں اور دوسری غذائی اجناس کی کاشت ہوتی ہے۔ گزشتہ برس یوکرین نے ایک کروڑ 80 لاکھ ٹن گندم برآمد کیا جبکہ
روسی برآمد کا حجم ڈھائی کروڑ ٹن تھا۔ یورپی یونین کے علاوہ لبنان، شام، یمن اور
مصر یوکرینی گندم کے بڑے خریدار ہیں۔چین اور یورپی ممالک بھی یوکرینی گندم خریدتے
ہیں۔ قیمت کم ہونے کی وجہ سے لبنان کی ضرورت کا پچاس فیصد گندم یوکرین سے آتا
ہے۔لیبیا اپنی ضرورت کا 43 اور یمن 22
فیصد یوکرین سے حاصل کرتے ہیں۔افریقی ممالک، ملائیشیا ، انڈونیشیا اور بنگلہ دیش
میں استعمال ہونے والی گندم کا 28فیصد یوکرین سے آتا ہے۔ مصر نے گزشتہ برس 30 لاکھ
ٹن گندم یوکرین سے خریدا۔
بدقسمتی
سے مشرقی یورپ کا یہ زرخیر خطہ میدان جنگ ہے۔ ماہرین خطرہ ظاہر کررہے تھے کہ اس خونریزی کا حتمی نتیجہ کچھ بھی ہو گولہ باری
کا آغاز ہوتے ہی ہر خوشہ ِ گندم جل کر خاک ہوجائیگا، خیر رہی کہ گندم
اور دوسرے ضروری دانوں کے کھیت اب تک محفوظ ہیں۔ تاہم خدشے کے مطابق اس بار پیداوار
میں کمی واقع ہوئی اور فصل کا مجموعی
حجم چھ کروڑ 94 لاکھ ٹن ہے، گزشتہ سال دس کروڑ ٹن سے زیادہ غلہ پیدا ہوا تھا۔
یوکرین نے الزام لگایا ہے کہ جنگ سے تو فصل کو قابل ذکر نقصان نہیں پہنچا لیکن مقبوضہ یوکرینی علاقاوں
سے روس نے کھڑی فصلیں چرالیں۔روسیوں نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ کریملن
کا کہنا ہے کہ 'فرار' ہوتی یوکرینی سپاہ نے خود ہی اپنےکھیتوں کو آگ لگائی۔ یہاں کون جھوٹا ہے اور کون سچا، اس
بارے میں آزاد ذرایع اسے تصدیق نہیں ہوسکی۔
جنگ
سے فصلیں بڑی حد تک محفوظ رہیں لیکن کھیتوں میں پڑی اور گوداموں میں اٹی گندم، جو
اور مکئی کی ڈھیریاں کسی بھی وقت بموں کا نشانہ بن سکتی ہیں چانچہ انکی جلد از جلد
برآمد بہت ضروری ہے۔
یوکرین غذائی اجناس کی برآمد کیلئے
بحراسود کی اوڈیسا اور مائیکولائیف (روسی تلفظ نائیکولائف) کی بندرگاہیں استعمال
کرتا ہے اور یہ دونوں بندرگاہیں روس کے نشانے پر ہیں۔ مائیکولائف، جہاز سازی کا مرکز
ہے اور یہاں بڑے بڑے گودام کے علاوہ، سامان لادنے اور اتارنے کی جدید ترین سہولیات
موجود ہیں جسکی وجہ یہ بندرگاہ روس کی 'خصوصی' توجہ کامرکز ہے۔ روسی بحریہ نے ان
بندرگاہوں کی مکمل ناکہ بندی کررکھی ہے۔
یوکرینی گندم کی ترسیل معطل ہونے سےساری
دنیا کو غذائی بحران کا سامناہے اور اب یہ بحران دنیا کے کچھ علاقوں میں قحط کی
شکل اختیار کرتا جارہا ہے ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے عالمی پروگرام برائے خوراک (WFP)کا کہنا ہے کہ یوکرینی غلہ بازار نہ آنے
کی بناپر غذائی قلت سے متاثر افراد کی
تعداد کروڑوں تک جاپہنچی ہے۔ افریقہ کے چار کروڑ سے زیادہ لوگ نانِ شببنہ سے محروم ہیں۔ افغانستان کی 65 فیصد آبادی کو پیٹ
بھر کے کھانا میسر نہیں۔ یمن، شام اور لبنان کے بہت سے علاقوں میں قحط کی سی کیفیت
ہے۔
دوملکوں کی اس جنگ کو امریکہ اور اسکے اتحادیوں نے انا کا مسئلہ بناکر
عالمگیر تنازعے میں تبدیل کردیا ہے۔ افغانستان پر حملے کیلئے سابق صدر بش نے 'جو
ہمارے ساتھ نہیں وہ دہشت گردوں کے ساتھ ہے' کا بیانیہ وضع کیا تھا۔درحقیقت یہ بلیک
میلنگ کا ایک مکروہ ہتھیار تھا۔ یہی حکمت
عملی اب صدر بائیڈن اور یورپی یونین کی ہے جسکا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ جنگ ختم
کرانے کیلئے ثالثی کا کام بہت دشوار ہے۔ روس، نیٹو اور یورپی یونین کو اپنا دشمن سمجھتا ہے تو
دوسری طرف امریکہ کے خیال میں جو ممالک روس سے تیل خرید رہے ہیں وہ قابل اعتماد
اتحادی نہیں، مزے کی بات کہ خود امریکہ کی بعض تیل کمپنیاں روسی خام تیل اور LNG خریدکر روپئے کی آٹھ چونیاں بنارہی ہیں۔
اس علاقے میں ترکیہ ایک اہم ملک ہے۔
بحر اسود کا ترک ساحل استنبول سے جارجیا تک 1000 میل لمبا ہے۔ خشکی سے گھرے بحر اسود سے باہر نکلنے کا واحد
راستہ آبنائے باسفورس ہے جس سے گزر کر بحری جہاز بحیرہ مرمرہ آتے ہیں۔ اس اتھلے
سمندر کو ترک جغرافیہ دان نہرِ استنبول کہتے ہیں۔ بحر مرمرا کے جنوب مغرب میں آبنائے
ڈارڈیلینس Dardanellesاسے خلیج یونان سے
ملاتی ہے جو بحر روم کا حصہ ہے۔ آبنائے
ڈارڈیلینس کو ترک آبنائے چناکلے کہتے ہیں۔ باسفورس، بحیرہ مرمرا ور آبنائے چناکلے
تینوں ترکی کا اٹوٹ انگ ہیں جسکی وجہ سے بحراسود پر ترکوں کی گرفت بہت مضبوط ہے۔
روس اور یوکرین سمیت بحراسود کے تمام ممالک کیلئے ترکیہ بے حد اہم ہے۔
اس اہم بحری شاہراہ پر کنٹرول کے حوالے سے ترک اپنی ذمہ بہت احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں اور
حالیہ جنگ میں بھی امریکہ کے دباو کو رد کرتے ہوئے ترکیہ نے باسفورس سے آنے اور
جانیوالی روس کی غیر عسکری بحری ٹریفک پر کوئی پابندی نہیں لگائی۔
جنگ کے آغاز پر ہی صدر ایردوان نے غذائی
قلت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے روس سے غلے کی
ترسیل میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی درخواست کی تھی اور بات چیت کیلئے ترک صدر، وزیردفاع،
بحریہ کے سربراہ اور ترک وزیرخارجہ روسی و
یوکرینی ہم منصبوں سے مسلسل رابطے میں رہے۔ روس کو خدشہ تھا کہ کہیں امریکہ ، گندم
اٹھانے کی آڑ میں بحری راستے سے یوکرین کو اسلحہ بھیجنا نہ شروع کردے۔
بات چیت کے نتیجے میں روس اس بات پر
راضی ہوگیا کہ اگر ترک بحریہ یوکرینی غلے کی نقل و حمل کی نگرانی کا کام سنبھال لے
تو روس کو اس پر کوئی اعتراض نہ ہوگا۔ صدر پیوٹن بار بار کہتے رہے کہ انھیں دنیا
کو لاحق پریشانی کا احساس ہے لیکن وہ امریکہ پر دوٹکے کا بھروسہ نہیں کرسکتے۔
کئی ماہ کی سرتوڑ اور طوفانی سفارتکاری
کے بعد روس اور یوکرین غلے کی ترسیل کے ایک مربوط نظام پر راضی ہوگئے۔ جسکے مطابق:
·
زرعی اجناس کیلئے
صرف اوڈیسا اور مائیکولائف کی بندرگاہیں استعمال ہونگی
·
غلہ لادنے کیلئے خالی جہازوں کی ترک بحریہ آبنائے باسفورس پر جانچ پڑٖتال کریگی
·
اس بات کا یقین
کرلینے کے بعد کہ جہاز بالکل خالی ہیں انھیں ترک بحریہ کی نگرانی میں یوکرین کی
نامزد کردہ بندرگاہوں کی طرف روانہ کیا
جائیگا۔
·
روس، یوکرین اور
ترک حکام ان خالی جہازوں کا مشترکہ جائزہ لینگے
·
غلہ ترک بحریہ کی
نگرانی میں لادا جائیگا جسکے بعد ترک جنگی جہاز، بحر روم تک اس قافلےکو حفاطت فراہم کرینگے۔
·
ان جہازوں کےخلیج
یونان میں داخلےکے بعد ترک بحریہ کی ذمہ داری ختم ہوجائیگی۔
امریکہ بہادر کو یہ بندوبست پسند نہیں
جسکی بنیادی وجہ ترکیہ سے حسد ہے لیکن روس اور یوکرین کی رضامندی کے بعد اقوام
متحدہ نے نہ صرف Wheat Operationکی منظوی دیدی بلکہ روس اور یوکرین کے درمیان اس معاہدے پر ترک صدر ایردوان کے
ساتھ اقوام متحدہ کے متعمد عام جناب انتونیو گچیرس نے بطور ضامن دستخط بھی کئے۔
استنبول میں 22 جولائی کو ہونے والی اس
تقریب میں کئی ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔ جناب گچیرس نے صدر ایردوان کی 'گندم سفارتکاری'
کی زبردست تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ 'فلاح انسانیت' کا معاہدہ ہے، انھوں نے ترک صدر
کے کندھے تھپتھپاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ
جس کامیانی سے انھوں نے یوکرین اور روس کے
درمیان ترسیل غلہ کا باوقار معاہدہ کروایا ہے اسی طرح علاقے میں پائیدار امن کیلئے
جناب ایردوان پنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔
اس
فیصلے پر غذائی قلت اور مہنگائی کا شکار
دنیا بہت خوش تھی لیکن دوسرے ہی دن اسوقت ان
ساری امیدوں پر پانی پھر گیا جب روسی فضائیہ نے اوڈیسا پر زبردست فضائی حملہ کرکے
اسکے بڑے حصے کی اینٹ سے اینٹ بجادی۔ یوکرینی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حملے میں
کئی گودیاں تباہ ہوگئیں اور سڑکوں پر گڑھے پڑجانے کی وجہ سے جہاز پر لادنے کیلئے
گودام سے مال نکالنا ناممکن ہوگیا ہے
اسکے باوجود الجزیرہ کے مطابق 30 جولائی کو 16 جہازوں پر ڈھائی کروڑ ٹن (25 ملین
) گندم لادا جاچکا ہے اور اوڈیسہ سے جہازوں کا یہ قافلہ روانگی کیلئے تیار ہے۔ اس
خوش کن خبر پر دنیا اطمینان کی سانس بھی نہ لے پائی تھی کہ 31 جولائی کو روسیوں نے
مائیکو لائف کی بندرگاہ پر میزائیل
برسادئے جس سے یوکرین میں غلے کے سب سے بڑے سوداگر اور نبیلون (Nibulon) زرعی کمپنی کے مالک اولیسکی ویڈٹرسکیOleksiy Vadatursky ہلاک
ہوگئے۔ اوڈیسا پورٹ حکام کا کہنا ہے تازہ میزائیل حملے کے باوجود یوکرینی بحریہ سے اجازت ملتے ہی ایک آدھ دن میں غلہ
کارواں روانہ ہوجائیگا، لیکن ایک دن تو کیا ایک منٹ کی تاخیر افریقہ،
شام اور یمن کے لوگوں کو موت کے قریب کرتی
جا رہی ہے۔
ترک رہنماوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ اگلے چوبیس
گھنٹوں میں گندم سے لدے تمام کے تمام 16 جہاز کھلے سمندر میں ہونگے۔ اسی کیساتھ ہم
جیسے پرامید تجزیہ کاروں نے جمعہ کو سوچی
میں ہونے والی ترک روس سربراہ کانفرنس سے بڑی امیدیں وابستہ کرلی ہیں۔ صدر ایردوان
کو اللہ نے بات چیت اور گفتگو کے فن میں مہارت بخشی ہے اور اپنے اخلاص کی بناپر وہ بہت جلد میز کے دوسری طرف بیٹھے شخص کا اعتماد
حاصل کرلیتے ہیں۔ترک صدر کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ جھوٹ نہیں بولتے، لارے نہیں
دیتے، اور سب سے بڑی بات کی انکا حسن سماعت غضب کا ہے۔
دنیا نے عثمانیوں کا جاہ وجلال دیکھا ہے، اب دورِ حاضر کا انسان انشاللہ ترک سفارتکاری کا کمال دیکھے گا۔
ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل، کراچی 5 اگست
2022
روزنامہ امت، کراچی 5 اگسست 2022
ہفت روزہ دعوت، دہلی 5 اگست 2022
ہفت روزہ
رہبر، سرینگر 7 اگست 2022
روزنامہ قومی صحافت لکھنو
No comments:
Post a Comment