سال 2022
اتار چڑھاو کا سال ۔۔ نرم گرم احوال
جنگ کی گھن گرج ۔۔ انسانی حقوق کیا پامالی
ایک اور سال بیت گیا۔اس برس کووِڈ (COVID 19)کا زور کم تو ہوا لیکن اب تک اس ناگن کا سر پوری طرح
کچلا نہیں جاسکا اور چین و ہندوستان سمیت
دنیا کے کئی ملکوں میں اسکی زہر افشانی جاری ہے۔ انسانی زندگی اب کسی حد تک محفوظ
ہے لیکن اسبابِ حیات کو غارت کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ دنیائے تجارت کی زنجیر فراہمی
(supply chain)اب تک پوری طرح ہموار نہیں ہوسکی،چنانچہ اشیائے ضرورت کی
قلت اور نتیجے کے طور پر مہنگائی کے اثرات بہت واضح ہیں۔
کرونا پر تو یہ کہہ کر ایک دوسرے کو صبر کی تلقین کی جاسکتی
ہے کہ یہ ایک آسمانی آفت اور آزمائش ہے لیکن 24 فروری کو یوکرین کے روسی حملے نے ساری دنیا
کو توانائی اور ایک بڑے حصے کو غذائی بحران میں مبتلا کردیا۔ نیٹو کی رکنیت اختیار
کرنے کی یوکرینی خواہش حملے کا اس محرک
قرارپائی۔ صدر پیوٹن کا کہنا ہے کہ وہ نیٹو کو اپنی دہلیز تک نہیں آنے دینگے۔ روسی
صدر کا خوف و اعتراض اپنی جگہ لیکن اسے ایک آزاد و خود مختار ملک پر حملے کا منصفانہ
جواز نہیں قراردیا جاسکتا۔
تاہم پٖڑوسیوں کی غیر مطلوبہ صف بندی پر بڑی قوتوں کی برہمی
کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ گزشتہ صدی کی چھٹی دہائی میں بھی اس سے ملتا جلتا معاملہ پیش
آچکا ہے۔ ہوا کچھ اسطرح کہ اٹلی اور ترکی
کے امریکی اڈوں پر میزائیلوں کی تنصیب کے
جواب میں روس نے کیوبا کو دورمار منجنیقی (ballistic)میزائیل دے دئے۔ امریکہ کی جانب سے اسکا شدید رد عمل سامنے
آیا۔ صدر کنیڈی نے ان میزائیلوں کو تباہ کرنے کیلئے اپنی فضائیہ کو حملے کا حکم
دیدیا اور علاقے میں جوہری جنگ کاخطرہ
پیدا ہوگیا۔ اسوقت چونکہ دو جبار براہ
راست ایک دوسرے کے سامنے آگئے تھے لہذا درمیانی درمیانی راستہ نکال لیا گیا۔صدر خروشیف
اور صدر کینیڈی کے درمیان بذریعہ فون ہنگامی چوٹی کانفرنس میں کیوبا پر حملہ نہ
کرنے کی امریکی ضمانت کے بعد روس نے اپنے میزائیل کیوبا سے ہٹالئے۔
سال کے اختتام پر جنگِ یوکرین کو 310 دن ہوگئے۔دنیا بھر میں جاری دوسری
خونریزیوں کی طرح اس وحشت کی قیمت بے گناہ شہری اداکررہے ہیں۔ تقرییاً ڈیڑھ کروڑ
یوکرینی بے گھر ہوچکے ہیں جن میں سے 52 لاکھ جان بچانے کیلئے پڑوس ممالک کو ہجرت
کرگئے۔
فلسطین، برمااور چین کے ویغور مسلمانوں کی حالت ویسی کی ویسی ہی رہی۔ بدترین اقتصادی پابندیوں کا
شکار اہل شمالی کوریا کیلئے بھی راحت کے کوئی آثار پیدا نہ ہوئے۔
ہم انسانوں کیلئے اس سال کی اہم خبر یہ ہے کہ 2022 کے اختتام
پر دنیا کی آبادی 8 ارب سے تجاوز کرچکی ہے۔ اس میں سے 3ارب 19 کروڑ یا 40 فیصد
نفوس چین، ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش میں آباد ہیں۔
گزرے سال کے
دوسرے اہم واقعات کچھ اسطرح ہیں:
چینی صدر کادورہ سعو دی عرب اور عرب چین چوٹی
مذاکرات
دسمبر کے آغاز پر چینی
صدر ژی پنگ کا دورہ سعودی عرب اس
سال کا بڑا واقعہ ہے کہ اس دوران سعودی قیادت سے براہ راست ملاقات کے علاوہ چین
عرب لیگ سربراہی اجلاس اور چین خلیج چوٹی کانفرنس کا اہتمام بھی ہوا۔ اس دوران باہمی
تجارت کے حوالے سے مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط ہوئے اور ساتھ ہی ڈالر کے
بجائے لین دین مقامی سِکّے (کرنسی) میں کرنے کی تجاویز پر غور ہوا۔ سیاسیات کے علما
چینی صدر کے اس دورے اور عرب دنیا میں انکی غیر معمولی آو بھگت کو معنی خیز قرار دے
رہے ہیں۔
اسی حوالے سے یہ خبر بھی کافی اہم ہے کہ امریکہ میں چین کے
سفیر گِن گینگ (چینی تلفظ پِن یِن) کو نیا وزیرخارجہ
نامزد کیا گیا۔ روانی سے امریکی لہجے میں انگریزی بولنے والے 56 سالہ گِن گینگ شائستہ لیکن دوٹوک جواب دینے کیلئے
مشہور ہیں۔ اسی بناپر واشنگٹن کے سفارتی حلقوں میں وہ لڑاکو شیر یا wolf warriorپکارے جاتے ہیں،
ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند
اس سال حوصلہ مند انسانوں نے کائنات کے پوشیدہ پہلووں کو بے نقاب کرنے کیلئے نئے تجرنات
کئے۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کو بہتر بنایاگیا۔ امریکہ کے خلائی ادارے ناسا (NASA) نے کئی مہمات سر کیں اور ادارے کے منتظم بل نیلسن کے مطابق خلائی تحقیقات کے اعتبار سے 2022 سرگرم ترین سال
تھا۔
ناسا نے راکٹ بھیجنے
کے لئے طاقتور ترین اسپیس لانچ سسٹم (SLS)کا تجربہ کیا جو ماضی کے اپولو سلسلے سے 15 فیصد زیادہ توانائی
کا حامل تھا۔ چاند سے آگے مریخ تک
سفر کی پیش بندی کی گئی۔ اس سلسلے میں طاقتور جیمز ویب خلائی دوربین سے کائنات کا تفصیلی
مشاہدہ کیا گیا۔ خلائی رصدگاہ نے انفراریڈ
روشنی میں سیاروں، ستاروں اور دوردراز کی کہکشاؤں کا جائزہ لیا اور قدرت نے
ڈھونڈھنے والوں پر کائنات کے پوشیدہ پہلو بے نقاب کئے۔ مریخ پر تو کمند نہ ڈالی جاسکی لیکن سائنسدانوں نے سرخ سیارے پر آنے والے زلزلے کے دوران خلائی چٹانوں کے سیارے سے ٹکرانے
کی آوازوں کو اپنی گرفت میں لینےکا دعویٰ کیا ہے۔
کامیابیوں کیساتھ ماضی کی تباہی کا مشاہدہ بھی ہوا۔آپکو یاد
ہوگا کہ 1986 میں ایک خلائی شٹل، پرواز کے
آغاز پر ہی پھٹ کر بکھر گئی تھی ، جس میں عملے کے ساتوں ارکان راکھ بن گئے۔ اس
بدنصیب خلائی جہاز کا 20 فٹ طویل ٹکڑا 36 سال بعد سمندر سے برآمد کرلیا گیا۔
طویل ترین حکمرانی کا باب بند ہوگیا
برطانوی ملکہ ایلزبیتھ 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں، 1952 میں تاج پہننے والی برطانوی تاریخ کی تیسری
ملکہ 70 برس تک تخت نشین رہیں۔ اسی کیساتھ
برطانیہ کی تیسری اور سب سے کم عمر خاتون وزیراعظم لز ٹرس نے سب
سے کم عرصہ حکمرانی کا ریکارڈ قائم کیااور حلف اٹھانے کے صرف 49 دن بعد ایوان وزیراعظم
خالی کرگئیں۔ لزٹرس کے استعفیٰ سے سیاسی تاریخ
کا ایک نیا باب شروع ہوا اور پہلی بار غیر سفید نسل کے وزیراعظم نے دنیا کی قدیم
ترین جمہوریت کی قیادت سنبھالی۔ بیالیس سالہ رشی سوناک کے دادا کا تعق گوجرانولہ سے جبکہ
ننہیال تنزانیہ (تانگانیکا) کے ہند نژادخاندان پر مشتمل ہے۔
عالمی فٹبال ٹورنامنٹ المعروف FIFA
فیفا کی تاریخ میں پہلل بار کھیلوں کے چارسالہ مقابلے، مشرق
وسطیٰ میں منعقد ہوئے۔ قطر نے اسکی تیاری پر 200 ٖ ارب ڈالر خرچ کئے۔ سنسنی خیز
مقابلے کے بعد ٹرافی ارجنٹینا نے جیت لی۔ اضافی آدھ گھنٹے کے دوران بھی مقابلہ
برابر رہنے کی وجہ سے فیصلہ
ضرباتِ تاوان یا Penalty Strikesپر ہوا۔ مراقش
کی شکل میں پہلی بار کوئی مسلم ملک سیمی فائنل تک پہنچا تاہم فرانس کے ہاتھوں شکست
کی بناپر مراقش فائینل کھیلنے کے اعزاز سے محروم رہا اور تیسری پوزیشن کے مقابلے
میں کروشیا سے ہار گیا۔کھیلوں کے دوران قطری عوام اور عرب تماشائیوں نے فلسطینیوں
سے یکہتی کا بھرپورمظاہرہ کیا۔
کاروبار کی دنیا ۔۔ عالمی تجارت ۔۔ تیل کی
دھار
- امریکہ کے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن نے ممتاز فنکارہ کم
کرڈشن (Kim Kardashian) پر بارہ
لاکھ ساٹھ ہزار جرمانہ کیا۔ موصوفہ
سوشل میڈیا پر کرپٹو کرنسی فروخت کرنے والے
ادارے EMAXکی تشہیر اس
انداز میں کرتی تھیں کہ یہ گویا ای
میکس کی ایک مطمئن کرمفرما کے جذبات ہیں لیکن معلوم ہوا کہ کہ
محترمہ اس خدمت کے عوض بھاری معاوضہ
وصول کررہی تھیں۔
- ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر کے عرض ٹویٹر خریدلیا۔ جناب
مسک کے فیصلوں نے ٹویٹر کے صارفین میں مایوسی پھیلی جس پر انھوں نے استعمال
کنندگان سے اپنے بارے میں رائے طلب کی۔ تقریباً 58 فیصد افراد نے رائے دی کہ
جناب ایلون مسک ادارے کی سربراہی کیلئے ناموزوں ہیں چنانچہ انھوں نے ٹویٹر کی
قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا
- فرانسیسی (اب
سوئستانی) کمپنی Lafargeکو 77کروڑ 80 لاکھ ڈالر جرمانہ، ہوا۔ اس مشہور سیمنٹ کمپنی نے 2012 سے 2014 کے دوران داعش کو ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر دئے تھے۔
جرمانہ امریکی حکومت نے کیا
- اوپیک پلس یعنی روس اور اوپیک اتحاد نے تیل کی پیداوار میں بیس لاکھ بیرل یومیہ
کی کٹوتی کردی
- جی 7 ممالک، یورپی یونین
اور آسٹریلیا نےروسی تیل کی قیمت زیادہ سے زیادہ 60 ڈالر
مقرر کردی۔ نئی قیمت کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا۔ اس پر شدید ردعمل کا اظہار
کرتے ہوئے روس نے بازار سے کم قیمت
مقرر کرنے والے ممالک کو تیل کی فراہمی بند کرنے اعلان کردیا۔
بدامنی, ہنگامے، نا خوشگور واقعات اور فوجی مداخلت
- سوڈان میں ہنگامے، وزیراعظم عبداللہ حمدوک مستعفی
- قازقستان میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر ہنگامے، 264 افراد ہلاک ، روس اورا سکے اتحادی CSTO دستوں
کی آمد
- مہنگائی اور بدعنوانی سے مشتعل ہوکر
سری لنکا میں لوگ ایوان اقتدار پر چڑھ
دوڑے۔ زبردست ہنگاموں کے بعد وزیراعظم مہندا راجہ پکسا مستعفی
- تیونس میں
نئے آئین کے تحت انتخابات۔ غیر جماعتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ، ووٹ ڈالنے
کا تناسب صرف 8 فیصد رہا۔
- ایک کرد لڑکی مہسا امینی کی مذہبی پولیس کی حراست میں
ہلاکت پر سارے ایران میں ہنگامے۔ ستمبر سے سال کے اختتام تک جاری رہنے والے جلے
جلوسوں میں درجنوں افراد
ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہنگاموں کے کئی ذمہ داروں کو پھانسی پر لٹکادیاگیا۔
- روس سے بحیرہ بلقان کے ذریعے جرمنی آنے والی زیرآِ ب گیس پائپ لائنوں رودِشمالی ایک اور دو (Nord Stream
1 and 2)میں شگاف۔ یہ زیرآ ب دہشت گردی کا پہلا واقعہ ہے جسکا
الزام روس نے یورپی یونین، نیٹو اور امریکہ پر عائد کیا ۔
- امریکی ریاست ٹیکسس
میں Coleville کی یہودی
عبادت گاہ میں ربائی (امام) سمیت چار افراد یرغمال۔ برطانوی نژاد اغوا کار
ملک فیصل اکرم مبینہ طور پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کررہا تھا۔کاروائی
کے دوران فیصل ملک جاں بحق۔ مغویوں کی بحفاظت بازیابی کے بعد فیصل ملک کو
گولی ماری گئی۔
- جاپان کے سابق وزیراعظم شینزو ایبے قاتلانہ حملے میں ہلاک وہ نارا
شہر میں انتخابی مہم کے جلسے سے خطاب کررہے تھے
- توہین آمیز کتاب 'شیطانی ہفوات'کے مصنف سلمان رشدی پر
نیویارک میں قاتلانہ حملہ، ایرانی نژاد ملزم گرفتار
- امریکی سی آئی اے نے ایک ڈرون
حملے میں القاعدہ کے مبینہ سربراہ ڈاکٹر
ایمن الظواہری کو کابل میں قتل کردیا۔ فضائی حدود کی پامالی پر
افغانستان کا شدید احتجاج
- بنگلہ دیش میں شفاف انتخابات کیلئے مہم ۔ بی جے پی کےمرکزی سکریٹری جنرل فخر الاسلام عالمگیر
اور امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر شفیق الرحمان گرفتار
اہم انتخابات
- سوئیڈن کے انتخابات میں دائیں
بازو کی کامیابی
- اٹلی میں قدامت پسندوں نے معرکہ سر کرلیا۔ برادرانِ اٹلی
(اطالوی مخفف FdI)کی جارجیا
میلونی اطالوی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوگئیں
- اسرائیلی انتخابات میں دائیں بازو کے قوم پرست لیکڈ
اتحاد اور انتہا پسند مذہبی جماعتوں کی کامیابی۔ یہ دوسال میں چوتھے انتخابات تھے۔ بن یامین
نیتھن یاہو نے چھٹی بار اسرائیلی وزیراعظم کا حلف اٹھالیا
- فرانس کے انتخابات میں ایمیونل میکراں دوسری مدت کیلئے صدر منتخب
- ملائیشیا کے انتخابات اسلامی تحریک پاس (PAS)سب سے بڑی جماعت
بن کر ابھری۔ سیکیولر نظریات کی حامل ڈیمو کریٹک ایکشن پارٹی دوسرے نمبر پر
رہی۔ انتہائی سینئر سیاسی رہنما اور سابق وزیراعظم مہاتیر محمد اپنی نشست
بچانے میں ناکام رہے۔، سابق وزیرخزانہ انور
ابراہیم وزیراعظم منتخب
- بینگ بینگ مارکوس فلپائن کے صدر
منتخب ہوگئے۔ بینگ بینگ سابق فلپائنی آمر فرڈینانڈ مارکوس کے صاحبزادے ہیں۔ فرڈیننانڈ
مارکوس 27 برس حکمرانی کے بعد زبردست عوامی مظاہرے کے نتیجے میں 25 فروری 1986
کو اہل خانہ اور قریبی رفقا کیساتھ
امریکی ریاست ہوائی فرار ہوئے اور تین سال بعد حالتِ جلاوطنی میں انکا وہیں
انتقال ہوا
برصغیر
- پاکستان میں عمران خان حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک
منظور، مسلم لیگ کے شہباز شریف نئے وزیراعظم منتخب۔ سابق وزیراعظم نے الزام
لگایا ہے کہ یہ امریکہ کی بدنام زمانہ Regime Changeسازش کا حصہ ہے، جس کیلئے پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سہولت کار ی فراہم کی۔ عمران خان نے شہباز
شریف کو کرائم منسٹر اور حکومت کو امپورٹیڈ راج قراردیا۔ معزولی کے بعد قومی
اسمبلی کی 9 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں عمران خان کی سات
پر کامیابی۔ دو نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لیں۔
- آزادی مارچ کے دوران وزیرآباد کے قریب عمران خان پر
حملہ۔ ایک شخص ہلاک، سابق وزیراعظم کے پیروں ہر گولیاں لگیں۔
- پاکستان FATFکی انتباہی سلیٹی (grey) فہرست سے باہر آگیا
ہر چند اس میں ہاتھ ہمارے قلم ہوئے
- فلسطینی شہر جنین میں الجزیرہ کی نمائندہ شیریں ابوعاقلہ
اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ،
القدس نیوز کے علی سمودی زخمی۔شیریں کے
جنازے پر بیت اللحم قبرستان میں حملہ کیا۔ یہ قبرستان مسیحیوں کے مقدس ترین
مقامات میں سے ایک ہے۔
- پاکستان کے سینئر صحافی اور
میزبان ارشد شریف کینیا میں بیدردی سے قتل کردئے گئے۔ کینیا سے جاری ہونے
والے سرکاری اعلان کے مطابق 49 سالہ ارشد شریف پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہوئے
لیکن ان کے حامی اس قتل کا الزام پاکستان کے خفیہ اداروں پر لگارہے ہیں۔
- پاکستان کی ممتاز صحافی محترمہ
صدف نعیم آزادی مارچ کے دوران عمران
خان کے ٹرک سے کچل کر جان بحق۔ سادھوکی کے قریب چینل 5 سے وابستہ چالیس سالہ صدف انٹرویو کیلئے عمران خان کے ٹرک پر سوار ہونے کی
کوشش میں گرکر پہیوں کے نیچے آگئیں اور موقع پر ہی دم توڑدیا
- صحافت حوالے سے ایک دلچسپ واقعہ ہوا۔ صدر بائیڈن نے پریس کانفرنس کے بعد اپنی دانست میں مائک بند کرکے فاکس نیوز کے صحافی پیٹر ڈوسی Doceyکو گالی دی۔ شسومئیِ قسمت مائک آن تھا اور صدر بائیڈن کی 'شیریں کلامی و گل افشانی' سے
لاکھوں ناظرین و سامعین محظوظ ہوئے۔
حادثات و سانحات
- پاکستان کے سیاحتی مقام مری میں شدید برفباری کے بعد سڑکوں
پر پھنسی گاڑیوں میں موجود 22 افراد ٹھٹھر
کا جاں بحق
- افغانستان میں خوفناک زلزلے نے 1500 افراد کی جان لے لی۔ زلزلے کا مرکز خوست
میں سطح زمین سے 51 کلومیٹر نیچے اور
اسکی شدت 6.1 تھی
- اسی سال پاکستان بدترین سیلاب کا نشانہ بنا اور ایک تہائی
سے زیادہ ملک زیرآب آگیا
- بھارتی گجرات میں پل منہدم ہونے سے 141 افراد ہلاک
- سول , (Seoul) جنوبی کوریا میں
ہالیوین (Halloween)
تہوار کے دوران بھگڈر، 158 افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی
- امریکہ کی شمال مشرقی اور
وسط مغربی ریاستوں میں بدترین برفانی طوفان۔ سڑکوں اور گھروں میں ٹھٹھر کر 54
افراد ہلاک
- انسانی حقوق
- بھارت میں ایک مسلمان بچی مسکان خان کوحجاب کی وجہ سے
اسکول سے نکال دیا ، امریکہ کے خصوصی نمائندہ برائے مذہبی آزادی رشدحسین کی
مذمت
- سوئٹزر لینڈ میں ریفرنڈم کے ذریعے برقعے پر پابندی کا قانون منظور۔فرانس،
بیلجئیم اور آسٹریا کے بعد یورپ کے چوتھے ملک میں برقعہ پہننا ممنوع
- پاکستان کے سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی پر
دوران حراست بدترین و شرمناک تشدد
- اکتوبر میں دریائے ایورس Evros river( ترک یونان سرحد) پر یونانی سرحدی پولیس نے 92 ایسے پناہ گزینوں کو دیکھا جو بالکل برہنہ تھے۔
ان لوگوں کی اکثریت افغان اور شامی پناہ گزینوں پر مشتمل تھی، خیال ہے کہ
انسانی اسمگلروں نے کمیشن اور فیس نہ ملنے پر ان بد نصیبوں کو سزا کے طور پر
بے لباس کردیا۔سچ تو یہ ہے کہ صرف یہ افراد نہیں بلکہ دنیا کے 8 ارب ا نسان اخلاقی طور پر برہنہ
ہوگئے۔
- ارضِ فلسطین و
بیت المقدس
- ذرایع ابلاغ عامہ کے مطابق اس سال نومبر تک اسرائیل کے مقبوضہ عرب علاقوں میں فوج کی
فائرنگ سے 140 فلسطینی جاں بحق ہوئے جبکہ پُرتشدد واقعات میں 36
اسرائیلی بھی مارے گئے۔ فلسطینی ذرایع
نے ان اعداوشمار کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی شہادتیں
500 سے زیادہ ہیں جنکی اکثریت 16 سے 20
سال کے بچوں اور لڑکیوں کی ہے
- اسرائیلی
پارلیمان نے اس سال ایک قانون منظور
کیا ہے جسکے تحت اگر کوئی مہاجر (فلسطینی)کسی اسرائیلی شہری سے شادی کرلے تو
اسے ملک کی شہریت نہیں ملے گی۔ بظاہر بے ضرر ، لیکن اسکی عملی تشریح یہ ہے کہ مہاجر
کیمپوں کے وہ ہزاروں افراد جو اسرائیلی شہریت کے حامل عربوں سے شادی کرکے
کیمپوں سے باہر شہروں میں رہ رہے ہیں انھیں کیمپ واپس آنا ہوگا اسلئے کہ غیر
اسرائیلی (فلسطینی) مقبوضہ عرب علاقوں سے باہر نہیں رہ سکتے۔ایمیگریشن کے
موجودہ قانون کے تحت اسرائیلی شہری سے شادی کرنے والے فلسطینیوں کو اسرائیل
کی شہریت مل جاتی ہے اور وہ اسرائیل میں کہیں بھی رہ سکتے ہیں۔ اسرائیل کی
وزیرِداخلہ محترمہ عالیہ سقر (Ayelet
Shaked)کا
کہنا ہے کہ اسرائیل کے دفاع اور ملک کی صیہونی شناخت کیلئے ایمگریشن قانون
میں یہ تبدیلی ضروری تھی۔
- ایک طرف جبر کے یہ نئے اقدامات اور دوسری طرف ترکیہ، اسرائیل سے تعلقات میں گرمجوشی کیلئے سرگرم۔
چار سال پہلے غزہ پر اسرائیل کے حملے کے ردعمل میں ترکیہ نے اسرائیلی سفارتکاروں
کو ملک سے نکال دیا تھا جسکے بعد سے ان دونوں ملکو ں کے سفارتی تعلقات معطل
تھے۔ ترک وزیر خارجہ کے دورہ تل ابیب کے بعد مارچ میں صدر ایردوان نے اپنے اسرائیلی ہم منصب
اسحاق ہزروگ کا انقرہ میں پرتپاک خیر مقدم کیا۔ یہ گزشتہ 14 سالوں کے دوران دونوں
ملکوں کی پہلی چوٹی ملاقات تھے۔ اب سفارتی عملے کے تقرر کے بعد دونوں ملکوں سفارتی تعلقات معمول پر آگئے ہیں۔
- آسٹڑیلیا نے اسرائیل میں اپنے سفارتی
عملے کو بیت المقدس سے واپس تل ابیب بلالیا۔چار
سال پہلے صدر ٹرمپ کے اصرار پر آسٹریلوی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کیا گیا
تھا۔ انتخابات میں لیبر پارٹی کی کامیابی کے بعد وزیراعظم انتھونی
البانیس نے کہا تھا کہ بیت المقدس کے حیثیت کی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے
مطابق حتمی تعین سے پہلے ہمارے لئے تل ابیب ہی اسرائیل کا
دارالحکومت ہے
- نئے
سنگِ میل
- خصوصی جنس کی ایک لڑکی سارہ گِل نے کراچی کے جناح
میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے ایم بی بی ایس کرلیا
- امریکی تاریخ میں پہلی بار ایک سیاہ فام خاتون جسٹس
کٹانجی براون جیکسن سپریم کورٹ کی جج
مقرر کردی گئیں۔
- یوپی کی ثانیہ مزرا ہندوستان کی پہلی خاتون پائلٹ تعینات
- کُچھ اور اہم و دلچسپ
- بینظیر بھٹو مرحومہ کی بڑی صاحبزادی بی بی بحتاور کے
گھر دوسرے لڑکے کی پیدائش
- عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے مرزا بلال سے شادی کرلی
مقدور ہو تو خاک سے پوچھوں کہ ائے لئیم
تونے وہ گنج ہائے گراں مایہ کیا کئے
- ممتاز عالم دین، ادیب ، خطیب اور
سابق امیر جماعت اسلامی ہند علامہ جلال الدین عمری کا 87برس کی عمر میں انتقال
- عالمی تحریک اسلامی کے قائد حضرت علامہ یوسف القرضاوی
اپنی کتاب زندگی سمیت رحیم و کریم رب کے سامنے پیش ہوگئے۔ مرحوم کی عمر 96 برس تھی۔
- اسی سال نومبر میں ممتار ماہر
معاشیات جناب نجات اللہ صدیقی نے رختِ سفر باندھا۔ شاہ فیصل
انعام یافتہ نجات صاحب کا امریکی ریاست کیلی فورنیا میں انتقال ہوا جب انکی
عمر 91 سال تھی
- مشہور عالمِ دین اور دارالعلوم کراچی
کے سربراہ مفتی رفیع عثمانی 86 برس کی عمر
میں انتقال کرگئے۔ مرحوم پاکستان میں دینی مدارس کے وفاق کے نائب صدر تھے
- پاکستان کی وفاقی شرعی عدالت کے قاضی القضاۃ اور عدالتٓ
عالیہ بلوچستان کے سابق چیف جسٹس نور
محمد مسکانزئی اپنے آبائی علاقے خاران ، بلوچستان میں شہید کردئے گئے۔ گزشتہ رمضان میں جسٹس
صاحب نے وہ تاریخی فیصلہ سنایا جسکے مطابق سودی بینکنگ نطام ، اسلامی شریعت سے متصادم اور
آئینِ پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔
- ماہر تعلیم، جماعت اسلامی کے رہنما، جامعہ پنجاب میں انگریزی
کے سابق پروفیسر اور اسلام آباد میں خواتین کی پہلی جامعہ WISHکے بانی طیب
گلزار بھی اسی برس ہم سے رخصت ہوئے
انتقال پرملال:
سال کے اختتام پر کیتھولک
مسیحیوں کے روحانی پیشوا، سابق پاپائے روم
(Pope Emeritus)جوزف ریزنگر المعروف پوپ
بینڈنکٹ شش دہم (Benedict
XVI)ویٹیکن سٹی میں انتقال کرگئے۔ جرمن نژاد ریزنگر اپریل 2005 میں پوپ منتخب ہوئے اور پیرانہ سالی کی
بنا پر فروری 2013میں سبکدوش ہوگئے۔ اس منصب سے رضاکارانہ استعفی کا 1415کے بعد یہ
پہلا واقعہ ہے۔
جن دوسری اہم شخصیات نے اس
سال داغ مفارقت دیا ان میں
- ہندوستان کی مشہور گلوکارہ لتا منگیشکر
- پاکستان
کے سابق صدر رفیق تارڑ
- مایہ ناز پاکستانی صحافی فرہاد زیدی
- معروف سفارتکار اور امریکہ کی سابق وزیر خارجہ میڈلین
البرائٹ
- متحدہ عرب امارات کے صدر خلیفہ
بن زید النہیان
- برازیل کے مشہورِزمانہ فٹبالر ایڈیسن ناچیمینٹو (Edson
Nascimento)المعروف پیلے Pelé
- پاکستان کے سابق وزیرداخلہ سینیٹر
رحمان ملک
- جاپانی پہلوا ن محمد حسین انتھونی انوکی Muhammad
Hussain Inoki
- پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کے شوہر اور
ممتاز ماہر اطفال ڈاکٹر تابش حاضر اور
- امریکہ کی پہلی
خاتون اینکر اور ممتاز صحافی محترمہ باربرا والٹرز
کے علاوہ بھارتی
وزیراعظم نریندرا مودی کی والدہ شریمتی ہیرا بین مودی شامل ہیں جنکی عمر 99 برس تھی
ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل کراچی 6 جنوری 2023
ہفت روزہ دعوت دہیلی 6 جنوری 2023
روزنامہ امت کراچی 6 جنوری 2023
ہفت روزہ رہبر سرینگر 8 جنوری 2023
روزنامہ قومی صحافت لکھنو
No comments:
Post a Comment