عسکری دباؤ،
سفارتکاری اور وسیع امن ایجنڈا
خلیجِ فارس سے
بحیرہ روم ۔۔ تہران ہو گر عالم مشرق کا
جنیوا
مشرقِ
وسطیٰ میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ کو تین ماہ ہونے کو آئے، لیکن
متعدد مثبت اشاروں اور سفارتی سرگرمیوں کے باوجود امن معاہدے کا اونٹ کسی کروٹ
بیٹھتا دکھائی نہیں دیتا۔ ایک طرف جنگ بندی اور مفاہمت کی خبریں گردش کررہی ہیں تو
دوسری طرف عسکری کارروائیاں، دھمکی آمیز بیانات اور نئی شرائط سے یہ تاثر ابھرتا
ہے کہ فریقین فیصلہ کن مرحلے سے خاصے دور ہیں۔
مفاہمتی یادداشت یا برجام کا نیا ایڈیشن؟
جمعرات
28 مئی کو Axios نے امریکی حکام کے
حوالے سے خبر دی کہ ایران اور امریکہ کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی پر مبنی ایک
مفاہمتی یادداشت (MOU) کے خدوخال پر اتفاق ہوچکا ہے۔ رپورٹ کے
مطابق آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کیلئے کھول دیا جائے گا، ایران تیس دن کے اندر
اپنی بچھائی ہوئی بحری بارودی سرنگیں صاف کرے گا اور جوہری ہتھیار نہ بنانے کی
یقین دہانی کرائے گا۔ اس کے بدلے امریکہ پابندیوں میں نرمی اور ایرانی منجمد
اثاثوں کی واپسی پر آمادہ ہوگا۔
تاہم
اس مبینہ دستاویز میں افزودہ یورینیم کے ذخائر کا کوئی واضح ذکر موجود نہیں تھا۔
اسی لئے کئی مبصرین کو یہ مسودہ ایک دہائی قبل طے پانے والے جوہری معاہدے
(JCPOA) کا
کسی حد تک نیا روپ محسوس ہوا۔خبر سامنے آنے کے فوراً بعد اطلاع ملی کہ صدر ڈونلڈ
ٹرمپ نے اپنے مشیروں کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ابتدا میں مقام کیمپ ڈیوڈ بتایا گیا
لیکن بعد میں مشاورت وائٹ ہاؤس کے Situation Room میں منتقل کردی
گئی۔ اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ
"آبنائے ہرمز کھل رہی ہے"۔
پردہ اٹھنے کی منتظر سفارتکاری
اسی
دوران اسلام آباد سے ایک غیر معمولی سفارتی اشارہ ملا۔ پاکستانی وزارتِ خارجہ نے
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورۂ واشنگٹن کے حوالے سے ایک اخباری
اعلامیہ جاری کی جسے "Curtain Raiser" کا
عنوان دیا گیا۔یہ اصطلاح تھیٹر سے مستعار ہے اور اس مرحلے کو ظاہر کرتی ہے جب اصل
ڈرامہ شروع ہونے سے قبل ماحول سازی کی جاتی ہے۔ سفارتی حلقوں میں اسے کسی اہم پیش
رفت سے پہلے "Scene Setting" کیلئے استعمال کیا
جاتا ہے۔اعلامئے کی زبان اگرچہ روایتی تھی، لیکن علاقائی امن و استحکام، مکالمے
اور سفارتکاری پر خصوصی زور اور اسی روز واپسی کا ذکر یہ تاثر دے رہا تھا کہ یہ
محض رسمی ملاقات نہیں بلکہ کسی اہم سفارتی مشن کا حصہ ہے۔ ایران۔امریکہ رابطوں پر
نظر رکھنے والے مبصرین کا خیال تھا کہ پاکستان بعض ایسے حساس نکات پر فریقین کو
قریب لانے کی کوشش کررہا ہے جن پر براہِ راست اور بالمشافہ گفتگو ناگزیر ہے۔
امید اور مایوسی کے درمیان
لیکن
یہ خوش فہمیاں زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکیں۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی
نے واضح کردیا کہ مفاہمتی یادداشت پر ابھی اتفاق نہیں ہوا تاہم مذاکرات جاری ہیں۔
ادھر واشنگٹن میں ہونے والی مشاورت بھی کسی نمایاں پیش رفت کے بغیر ختم ہوگئی۔
عسکری
کشیدگی کی شدت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ بلومبرگ کے مطابق بندر
عباس کے قریب امریکی کارروائیوں کے بعد ایران نے کویت کے علی السالم اڈے کے اس حصے
کو نشانہ بنایا جو مبینہ طور پر امریکی فوج کے زیر استعمال تھا۔ اطلاعات کے مطابق
امریکی دفاعی نظام نے میزائل کو فضا ہی میں تباہ کردیا، تاہم ملبہ گرنے سے چند
فوجی زخمی ہوئے اور دو MQ-9 Reaper ڈرون متاثر ہوئے۔
اسی دوران خلیج کے سمندری راستوں پر بھی کشیدگی برقرار رہی اور دونوں فریق ایک
دوسرے کے جہازوں اور بحری سرگرمیوں پر اعتراضات اٹھاتے رہے۔ یوں جنگ بندی کی باتوں
کے باوجود محاذ عملی طور پر پوری طرح خاموش نہیں ہوا۔
اسی
دوران امریکی مرکزی کمان (CENTCOM) نے بندر عباس کے
قریب ایرانی ڈرون تنصیبات پر حملوں کا اعلان کردیا۔ ایران نے جواباً خطے میں
امریکی مفادات کو نشانہ بنایا۔گویا مذاکرات اور محاذ آرائی ایک ساتھ چل رہے ہیں؛
دروازے بھی کھلے ہیں اور توپیں بھی خاموش نہیں ہوئیں۔
اصل رکاوٹ: یورینیم یا اعتماد؟
اتوار
کے روز صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ وہ معاہدے کے بارے میں پرامید ہیں اور
مسودے کی بس "نوک پلک درست کرنے" کی ضرورت ہے۔امریکی حکام کے مطابق
واشنگٹن ایران سے جوہری ہتھیار نہ بنانے کے واضح وعدے اور افزودہ یورینیم کے
مستقبل کے بارے میں قابلِ تصدیق ضمانتیں چاہتا ہے۔ دوسری جانب تہران کا موقف ہے کہ
سب سے پہلے آبنائے ہرمز کھولی جائے، ناکہ بندی ختم اور منجمد اثاثے واپس کئے جائیں
تاکہ اعتماد سازی کا عمل شروع ہوسکے۔
دلچسپ بات
کہ صدر ٹرمپ اب افزودہ یورینیم کے ذخائر کو "Nuclear Dust" یعنی
جوہری خاک قرار دے رہے ہیں۔ اسکی
وجہ غالباً یہ ہے کہ ذخیرہ مبینہ طور پر فردو پلانٹ کے تہہ خانے میں تھا اور
خوفناک بمباری سے پوری عمارت ریت کا ڈھیر بن گئی ہے۔ تہہ خانے کو جانے والے راستے
بند اور سرنگیں منہدم ہوچکی ہیں اور ماہرین کا خیال ہے کہ یہ مواد اب ناقابل
استعمال ہے۔ سرنگوں کی صفائی میں اگر سال نہیں تو کئی ماہ لگیں گے۔ اگر
واقعی یہ مواد ملبے تلے دب چکا ہے تو پھر اس کی حوالگی کو معاہدے کی پیشگی شرط
بنانا خود مذاکرات کو کئی ماہ کیلئے تعطل کا شکار کرسکتا ہے۔
آبنائے ہرمز: صرف علاقائی نہیں، عالمی بحران
اس
تعطل کے اثرات اب مشرقِ وسطیٰ سے کہیں آگے محسوس کئے جارہے ہیں۔ عالمی مالیاتی فنڈ
(IMF)، عالمی بینک اور بین الاقوامی توانائی ایجنسی
(IEA) نے
مشترکہ طور پر خبردار کیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت
جلد معمول پر نہ آئی تو موسمِ گرما کے دوران عالمی ایندھن منڈی شدید دباؤ کا شکار
ہوسکتی ہے۔یہ محض تیل کی قیمتوں کا مسئلہ نہیں۔ اس کے اثرات خوراک، صنعت، نقل و
حمل، مہنگائی اور سیاسی استحکام تک پھیل سکتے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک شاید مہنگا
تیل خریدنے کی سکت رکھتے ہوں، لیکن افریقہ، جنوبی ایشیا اور لاطینی امریکہ کے
کمزور ممالک کیلئے یہ بحران معاشی تباہی کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔
امریکی
عوام بھی اس صورتحال کی قیمت ادا کررہے ہیں۔ مختلف معاشی جائزوں کے مطابق گزشتہ
چند ماہ کے دوران ہر امریکی خاندان کے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے
جبکہ مہنگی توانائی نے دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو بھی متاثر کیا ہے۔
جنگ، منافع اور سیاسی الزامات
صدر
ٹرمپ کے ناقدین کا الزام ہے کہ متضاد بیانات مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال
پیدا کررہے ہیں۔ ایک دن کشیدگی کا تاثر ابھرتا ہے، اگلے دن مفاہمت کی امید پیدا
ہوجاتی ہے۔ نتیجتاً تیل اور حصص کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ آتا ہے۔ان الزامات
کے حق میں کوئی قطعی ثبوت موجود نہیں، لیکن امریکی سیاست میں یہ بحث زور پکڑ رہی
ہے کہ آیا مسلسل غیر یقینی کیفیت بعض مالیاتی حلقوں کیلئے غیر معمولی منافع کا
ذریعہ تو نہیں بن رہی۔
یہ چیز بُری ہے مست مست
صدر
ٹرمپ کی زبان اور لہجہ بھی کئی مرتبہ مذاکراتی عمل کیلئے مشکلات پیدا کررہے ہیں۔
ایک حالیہ پیغام میں انہوں نے ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے متعدد بار لفظ
"must" استعمال کیا۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل
بقائی نے اس پر دلچسپ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے تقریباً نصف صدی قبل دوسروں
کے "must" کو قبول کرنا چھوڑ دیا ہے اور اسلامی
جمہوریہ اپنے فیصلے قومی مفاد کے مطابق خود کرتی ہے۔یہ مختصر تبصرہ دراصل دونوں
فریقوں کے نفسیاتی فاصلے کی عکاسی کرتا ہے۔ مسئلہ صرف جوہری پروگرام کا نہیں بلکہ
وقار، خودمختاری اور سیاسی بیانئے کا بھی ہے۔
ہرمز
سے بیروت تک: مذاکرات کا بدلتا ہوا دائرہ
حالیہ
ہفتوں میں ایک اور اہم تبدیلی بھی سامنے آئی ہے۔ ابتدا میں تاثر تھا کہ مذاکرات کا
محور آبنائے ہرمز، پابندیاں اور جوہری پروگرام ہوں گے، لیکن تہران اب بتدریج غزہ
اور لبنان کو بھی اسی سفارتی عمل کا حصہ بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ایرانی وزارتِ
خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ تہران، لبنان کو الگ مسئلہ نہیں
سمجھتا بلکہ غزہ، لبنان اور خطے کی مجموعی صورتحال کو ایک ہی تنازع کے مختلف پہلو
تصور کرتا ہے۔ ان کے مطابق صرف جنگ بندی کافی نہیں بلکہ لبنان اور غزہ سے اسرائیلی
افواج کی واپسی بھی پائیدار امن کیلئے ضروری ہے۔
اسی
تناظر میں صدر ٹرمپ کا یہ بیان غیر معمولی اہمیت اختیار کرگیا کہ "بیروت کی
طرف کوئی فوج نہیں جائے گی، اور جو دستے راستے میں تھے انہیں بھی واپس موڑ دیا گیا
ہے۔" بعد ازاں انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مزید لکھا: "اُس نے
اپنے دستے واپس موڑ لئے۔ شکریہ بی بی( نیتن یاہو)!"
اگر
واقعی اسرائیلی پیش قدمی روکی گئی ہے تو یہ صرف لبنان سے متعلق پیش رفت نہیں بلکہ
ایران۔امریکہ سفارتی عمل کیلئے بھی ایک اہم اشارہ ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب
خطے کے مختلف تنازعات ایک دوسرے سے الگ نہیں رہے۔ بیروت، غزہ، صنعا، خلیج فارس اور
تہران ایک دوسرے پر اثر انداز ہورہے ہیں اور کسی ایک محاذ پر کشیدگی پورے سفارتی
عمل کو متاثر کرسکتی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ایرانی پارلیمانی ذرائع کے مطابق
پاکستان کی ثالثی میں جاری رابطوں کا فوری ہدف جوہری تنازع نہیں بلکہ جنگ بندی اور
آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی ہے۔ اگر یہ تاثر درست ہے تو موجودہ مذاکرات
شاید جوہری معاہدے سے زیادہ ایک وسیع تر علاقائی استحکام کے فارمولے کی تلاش بن
چکے ہیں۔
مشرقِ
وسطیٰ اس وقت ایک غیر معمولی عبوری مرحلے سے گزر رہا ہے۔ جنگ بندی کی باتیں بھی
ہورہی ہیں اور میزائل بھی چل رہے ہیں۔ مفاہمت کی امیدیں بھی موجود ہیں اور عدم
اعتماد بھی برقرار ہے۔ بظاہر صدر ٹرمپ اس جنگ کو سمیٹنے کے خواہاں دکھائی دیتے
ہیں، لیکن امن کی سیاسی قیمت ادا کرنے کیلئے ابھی پوری طرح آمادہ نظر نہیں آتے۔
دوسری
طرف تہران محض جوہری پروگرام یا پابندیوں تک محدود رہنے کے بجائے غزہ، لبنان اور
خطے کے دیگر تنازعات کو بھی اسی سفارتی عمل کا حصہ بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ اگر یہ
حکمتِ عملی کامیاب ہوئی تو موجودہ مذاکرات صرف ایران اور امریکہ کے درمیان ایک
مفاہمتی یادداشت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ مشرقِ وسطیٰ کے مستقبل کے سیاسی
بندوبست کی بنیاد بھی بن سکتے ہیں۔ تازہ ترین صورتحال یہ ہے کہ میز پر مفاہمت کا
مسودہ رکھا ہے، مگر قلم ابھی تک ہاتھوں میں نہیں آیا۔ اور جب تک ایسا نہیں ہوتا،
آبنائے ہرمز سے لے کر عالمی معیشت تک سب کچھ غیر یقینی کے اسی دھندلکے میں معلق
رہے گا۔
ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل کراچی 5 جون 2026
ہفت روزہ دعوت دہلی 5 جون 2026
ہفت روزہ رہبر سرینگر 7 جون 2026
No comments:
Post a Comment