اسرائیل: اقتدار
کی سودے بازی، فلسطین میں آگ اور انسانیت کا امتحان
حکومت سازی کی کشمکش، مذہبی انتہاپسندی اور ایران کے ساتھ نئی جنگ
کے خدشات
اسرائیل
میں نیتن یاہو مخالف اتحاد نے گزشتہ ہفتے اپنی اکثریت کا مظاہرہ کیا اور گادی
آئزنکوٹ کی جماعت کے متان کاہانہ (Matan Kahana) اسپیکر منتخب
ہوگئے۔ انہیں 66 ارکان کی حمایت حاصل ہوئی۔ رعم کے یاسر حجرات رائے شماری کے وقت
ایوان میں موجود نہیں تھے، جبکہ عرب اتحاد کے باقی 18 ارکان نے کاہانہ کے حق میں
ووٹ دیا۔ لیکڈ کے امیدوار اوفر کاٹز کو 52 ووٹ ملے، جبکہ لیکڈ کے نیر برکات غیر
حاضر تھے۔ اسپیکر کی حلف برداری کے دوران عظمت یہود اور لیکڈ کے ارکان ’’دہشت
گردوں کے سہولت کار نامنظور‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ ایک انتہا پسند رکن نے نئے
اسپیکر کو حماس کا نامزد نمائندہ قرار دیا۔ بعدازاں ایوان نے جوائنٹ لسٹ کے احمد
طبی اور رعم کے ولید طہٰ سمیت نو ڈپٹی اسپیکروں کی توثیق کردی۔
عربوں سے چھٹکارے کے لیے دعائیں اور سیاسی انتقام
دوسری
طرف اسرائیلی انتہا پسندوں نے عرب اتحاد کو دیوار سے لگانے اور حکومت و حزبِ
اختلاف کی مخلوط حکومت بنانے کی کوششوں کے خلاف پارلیمان کے سامنے خیمے گاڑ رکھے
ہیں۔ سرد راتوں میں آگ دہکاکر شب بیداری کی جارہی ہے تاکہ عربوں سے چھٹکارے کے لیے
خدا کی مدد حاصل کی جاسکے۔ سیاستدانوں کا باہمی اختلاف اس حد تک تلخ ہوچکا ہے کہ
وہ ایک دوسرے کے ذاتی سانحات کو بھی طنز کا ذریعہ بنانے سے گریز نہیں کرتے۔ گادی
آئزنکوٹ کی جماعت یاشار (Yashar) کی نومنتخب رکنِ
کنیسہ شیرا شپیرو کا بیٹا اور اسرائیلی فوج کا سپاہی انیر شپیرو 7 اکتوبر 2023 کے
حملے میں ہلاک ہوگیا تھا۔اسرائیلی وزیر برائے امورِ تارکینِ وطن اماخائے چکلی نے
شیرا شپیرو کو ایک پوسٹ بھیج کر الزام لگایا کہ وہ اپنے بیٹے کے قاتلوں کی حمایت
کرنے والوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ جواب میں شیرا نے افسوس کا اظہار کیا کہ وزرا سیاسی
اختلاف میں اس قدر گر چکے ہیں کہ ایک غمزدہ ماں کو طعنہ دے کر اس کے زخم تازہ
کررہے ہیں۔
قومی حکومت کی تشکیل اور عرب جماعتوں کا حقیقت پسندانہ
موقف
لیکڈ
کے ساتھ قومی حکومت کی تشکیل پر مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ رہنے کے بعد بات چیت
کا ایک اور مرحلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے اہم پیش رفت یہ ہے کہ بائیں بازو کی
ڈیموکریٹک پارٹی نے مخلوط حکومت میں مذہبی جماعتوں کی شمولیت پر اپنا اعتراض واپس
لے لیا ہے۔ پارٹی کے سربراہ یائر گولان نے ایک بیان میں کہا کہ مدارس کے طلبہ کو
فوجی بھرتی سے استثنیٰ دینے کا معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ دوسری
جانب لیکڈ نے عندیہ دیا ہے کہ اگر عرب جماعتوں کو اقتدار سے دور رکھنے اور اسرائیل
کو یہودی قوم کا وطن قرار دینے کی ضمانت دی جائے تو وہ نہ صرف قومی حکومت میں شرکت
کے لیے تیار ہے بلکہ نیتن یاہو کو وزیراعظم بنانے پر بھی اصرار نہیں کرے گی۔ اس
صورتِ حال میں عرب جماعتیں مشتعل ہونے کے بجائے حقیقت پسندانہ موقف اختیار کررہی
ہیں۔ رعم کے سربراہ منصور عباس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حریدی جماعتوں، متحدہ صہیونِ توریت
(UTJ)اورپاسبانِ توریت (Shas) کو ساتھ ملائے
بغیر عرب جماعتوں کی حمایت سے قائم ہونے والی اقلیتی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکے
گی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو سے نجات کے لیے وہ گادی
آئزنکوٹ کی مجوزہ حکومت کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لیے تیار ہیں، لیکن حریدی
جماعتوں کے بغیر ایسی حکومت کا دیرپا ہونا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔
غزہ: سرد موسم، بمباری اور بے گھر خاندان
جہاں
عربوں سے پاک قومی حکومت کے قیام کی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے، وہیں غزہ اور غربِ
اردن میں بمباری، حملوں، آتشزنی، لوٹ مار اور تشدد میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ وسطی
غزہ میں اسرائیلی فوج نے ایک بڑی زمینی کارروائی شروع کردی ہے، جس کا ہدف زیرِ
زمین سرنگوں کو تباہ کرنا بتایا جارہا ہے۔ اس کارروائی کے نتیجے میں ہزاروں افراد
سرد موسم میں نئی پناہ گاہیں تلاش کرنے پر مجبور ہیں۔ گزشتہ ہفتے دیر البلح میں چھ
سالہ الیاس اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔ اس کا ننھا جنازہ اٹھائے، چچا نبیل ابو ارمانہ نے کہا کہ کچھ عرصہ
قبل انہوں نے الیاس کے والد، یعنی اپنے بھائی کو دفنایا تھا۔ اس ہفتے تل الہویٰ سے
جبالیہ تک غزہ کی پٹی بمباری اور گولہ باری کا نشانہ بنی، جس میں متعدد افراد جاں
بحق ہوئے۔
غربِ اردن: آبادکاروں کے حملے اور عبادت گاہوں کی بے
حرمتی
انتخابات
کے بعد غربِ اردن میں بھی تشدد آمیز کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سولہ نومبر کو
اریحا (Jericho) کے گاؤں عین الدیوک التحتا پر قبضہ گردوں
نے حملہ کیا۔ مزاحمت کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 60 سالہ
فلسطینی خاتون جاں بحق ہوگئی، جبکہ تصادم میں تین اسرائیلی بھی زخمی ہوئے۔ اسی روز
نابلوس کے گاؤں یوسف پر نقاب پوش قبضہ گردوں کے حملے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔
شمالی اسرائیل کے الجلیل الاسفل میں واقع قصبے عفولہ کی جامع مسجد نذرِ آتش کرنے
کے بعد دہشت گرد دیوار پر لکھ گئے: ’’ساری دنیا میدانِ جنگ ہے، انتقام تو لیا جائے
گا۔‘‘ معلوم نہیں عبادت گاہ کو جلاکر کس سے انتقام لیا جارہا ہے؟
گھروں پر پتھراؤ اور فلسطینی راہ گیروں پر گاڑی چڑھانا
اسی
ہفتے بیت اللحم کے گاؤں تقوع پر قبضہ گرد چڑھ دوڑے۔ مکانوں پر پتھراؤ کیا گیا اور
کاروں کے شیشے توڑ دیے گئے، جس سے دو فلسطینی زخمی ہوئے۔ غربِ اردن کے علاقے کفر
قاسم میں ایک اسرائیلی انتہا پسند نے فلسطینی راہ گیروں پر گاڑی چڑھادی، جس سے دو
خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔
مذہبی درس گاہوں کے نام پر زمین پر قبضہ
مجرمانہ
قبضہ گردی کو قومی افتخار بنانے اور اسے مستقل شکل دینے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
شمالی غربِ اردن میں تلکرم کے ایک محلے سے 12 ہزار فلسطینیوں کو بے دخل کرکے
اسرائیلی پرچم لہرا دیا گیا۔ اسرائیلی جریدے الارض (Haaretz) کے مطابق، شمالی
غربِ اردن میں نابلوس کے قریب فلسطینی قصبے یاصید کی زمین پر خیمے نصب کرکے ایک
عارضی یشیوا (Yeshiva)، یعنی یہودی مذہبی درس گاہ قائم کردی گئی
ہے، جس کا تعلق ہومیش آبادکاری تحریک سے وابستہ افراد سے بتایا جاتا ہے۔ خود نیتن
یاہو کی حکومت نے اس علاقے میں آبادکاری کو ممنوع قرار دے رکھا ہے اور اسرائیلی
فوج بھی یہاں نئی آبادکاری کو امن کے لیے نامناسب قرار دے چکی ہے۔ اس کے باوجود
مذہبی درس گاہ کے نام پر زمین پر قدم جمانے کی کوشش جاری ہے۔
سبت کے دن فلسطینی بستیوں پر حملے اور آتشزنی
ہفتہ
21 نومبر کو شمالی رام اللہ میں قیامت ٹوٹ پڑی۔ ’’عرب مردہ باد، تمہارا بیلیٹ
ہماری بلٹ‘‘ کے نعرے لگاتے قبضہ گرد جتھوں نے دیر السودان، دیر ابومشعل اور دیر
ابومالک میں فلسطینیوں کے گھروں، کھیتوں اور گاڑیوں کو آگ لگادی۔ گادی آئزنکوٹ نے
اس کارروائی کو ’’یہودی دہشت گردی‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کا الزام انتہا پسند وزرا
ایتامار بن گوئر اور بیزلیل پر عائد کیا۔ جواب میں بن گوئر نے کہا کہ آئزنکوٹ کا
مذمتی بیان اقتدار کے لیے عرب جماعتوں کو بیعانہ (Down Payment) دینے کے مترادف
ہے۔ یہ کارروائی سبت کے دن کی گئی، جس روز لڑائی جھگڑا اور آتشزنی تو دور کی بات،
روزمرہ کے معمولات بھی محدود کردیے جاتے ہیں۔ ٹائمز آف اسرائیل نے ایک بصری تراشہ
شائع کیا، جس میں شمالی غربِ اردن کے قصبے فندقومیہ کے فلسطینی ٹھیلے کا سامان
قبضہ گرد اپنے پک اپ میں رکھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
تشدد کے باوجود فلسطینی زیتون کی فصل
حملوں
اور تشدد کے باوجود فلسطینی کسانوں نے اس سال غربِ اردن سے تقریباً 17 ہزار ٹن
زیتون حاصل کیا، جس سے ایک کروڑ 60 لاکھ لیٹر زیتون کا تیل کشید کیا گیا۔ واضح رہے
کہ یہ تخمینہ اسرائیلی فوج نے جاری کیا ہے۔ فصل کی کاشت، نگہداشت اور کٹائی کے
دوران فلسطینیوں کو جس آزمائش سے گزرنا پڑا، اس کا انداز اقوام متحدہ کے ادارے
OCHA کی
رپورٹ سے لگایا جاسکتا ہے، جس کے مطابق صرف اکتوبر کے پہلے دو ہفتوں میں زیتون کی
فصل پر اسرائیلی آبادکاروں نے کم از کم 160 حملے کئے۔ اسرائیلی انسانی حقوق کی
تنظیم Yesh Din کا کہنا ہے کہ نومبر میں فصل کی کٹائی شروع
ہونے سے اب تک آبادکاروں کے تشدد کے 1,100 سے زیادہ واقعات پیش آچکے ہیں۔
برطانیہ کی آبادکاری میں معاون اداروں پر پابندیاں
فلسطینی
اراضی پر اسرائیلی بستیوں کی تعمیر سے متعلق ایک اہم خبر یہ ہے کہ غربِ اردن میں
فلسطینیوں کی زمین پر اسرائیلی بستیوں کی تعمیر میں حصہ لینے والے آٹھ اداروں پر
برطانیہ نے تادیبی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ اس کا اعلان کرتے ہوئے برطانوی وزیر
خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے کہا کہ یہ تعمیرات نہیں بلکہ دوریاستی حل کے خلاف تخریبی
کارروائی ہے۔
ایران کے خلاف جنگ: سیاسی ضرورت یا قومی سلامتی؟
حکومت
سازی کی کوششوں کے ساتھ وزیراعظم نیتن یاہو ایران کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ
شروع کرنے کے لئے پرعزم نظر آرہے ہیں۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق انہوں نے ایک
نشست میں سکیورٹی حکام سے کہا کہ ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی ناگزیر ہے۔
دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ بھی ایران پر نئے حملوں کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس
پیش رفت کا وقت خاصا معنی خیز ہے۔ گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کا مینڈیٹ
مل چکا ہے۔ ایسے میں ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ کا آغاز اسرائیل میں قومی سلامتی کا
بیانیہ سیاسی ترجیحات اور اقتدار کی بساط بدلنے کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔ دوسری
جانب امریکہ کو ایک نئی جنگ میں گھسیٹنا صدر ٹرمپ کے لیے بھی سیاسی طور پر خطرناک
ہوگا۔ ایران جنگ پہلے ہی امریکی عوام میں بے حد غیر مقبول ہے۔ مہنگائی اور توانائی
کی قیمتوں نے عوامی ناراضی بڑھائی اور وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو
بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے میں اسرائیل کی خاطر دوبارہ جنگ امریکہ میں
داخلی سیاسی کشیدگی اور ٹرمپ انتظامیہ و نئی کانگریس کے درمیان تصادم کو مزید سنگین
کرسکتی ہے۔
میلان میں مہنگائی کے خلاف مظاہرہ اور اسرائیل مخالف
غصہ
ارضِ
فلسطین میں تشدد اور آبادکاری کی کوششوں کو دنیا کے بہت سے علاقوں میں مہنگائی اور
معاشی خرابیوں کی وجہ سمجھا جارہا ہے۔ گزشتہ ہفتے میلان (اٹلی) میں مہنگائی کے
خلاف مظاہرے کے دوران ٹینک کا ایک ماڈل اور نیتن یاہو کا پتلا نذرِ آتش کیا گیا۔
فلسطین کا مسئلہ اب صرف خطے کی سیاست تک محدود نہیں رہا، بلکہ عالمی عوامی احتجاج
اور معاشی ناراضی کے ساتھ بھی جڑتا دکھائی دے رہا ہے۔
مذہبی انتہا پسندی اور فوج میں خواتین کی موجودگی
اسرائیل
میں مذہبی انتہا پسند عناصر کی قوت بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ گزشتہ ہفتے اسرائیلی
فوج نے اعلان کیا کہ خواتین سپاہیوں کو ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں میں مرد
سپاہیوں کے ساتھ نہیں بٹھایا جائے گا۔ حریدی طبقہ ٹینکوں، بکتر بند گاڑیوں اور
دیگر فوجی سواریوں میں مرد و خواتین کے مخلوط سفر کی شدید مخالفت کررہا ہے۔ پائلٹ
پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں خواتین سپاہیوں کے لیے مختص ٹینک غزہ بھیجے جائیں
گے۔ اگلے برس کے اختتام تک نسوانی ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کی تعداد مجموعی
فوجی قوت کے 15 فیصد تک پہنچانے کا منصوبہ ہے۔ کوئی ربائیوں سے پوچھے کہ جس توریت
میں عفت، عصمت اور اخلاقیات کی تعلیم دی گئی ہے، اسی عہد نامہ قدیم میں بے گناہوں
کے قتلِ عام، قیدیوں پر تشدد، ناجائز قبضے اور لوٹ مار کی بھی مذمت کی گئی ہے۔
غزہ پیٹروکیمیکل پلانٹ
دنیا
شاید غزہ کی تباہی پر افسوس کے چند الفاظ کہہ کر آگے بڑھ جائے، لیکن اہلِ غزہ،
مشکلات کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے اپنے محدود وسائل سے زندگی کا پہیہ چالو
رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ کچرے میں جمع کیا گیا پلاسٹک جلا کر اس سے گاڑیوں کے لیے
ایندھن حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کے تناظر میں اسے شاید
اچھا قدم نہ گردانا جائے، لیکن قلت اور مجبوری میں جنم لینے والی یہ ایک غیر
معمولی تدبیر ہے۔ جن لوگوں سے زندگی کی بنیادی سہولتیں تک چھین لی جائیں، وہ ملبے،
محرومی اور محاصرے میں بھی اپنے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش نہیں چھوڑتے۔ ان کی
یہ صلاحیت شاید دنیا کی بڑی بڑی لیبارٹریوں سے بھی زیادہ قابلِ تحسین ہے۔
معذور بچہ اور توانا مسکراہٹ
عالمی
ذرائع ابلاغ پر ایک تصویر شائع ہوئی، جس میں ایک ٹانگ سے محروم 14 سالہ شریف
النملہ بیساکھیوں پرجوش و خروش سے فٹبال کھیلتا نظر آرہا ہے۔ شریف اسرائیلی بمباری
میں معذور ہوگیا تھا۔ یہ سخت جان بچہ سب کچھ کھو دینے کے باوجود مسرت اور
مسکراہٹوں سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں۔ یہ جباروں کی شکست نہیں تو اور کیا ہے؟
فیونا کے لیے ہمدردی، غزہ کے بچوں کے لیے خاموشی!
امریکی
سینیٹ نے سنسناٹی، اوہائیو کے چڑیا گھر میں دریائی گھوڑی (Hippopotamus) فیونا کی وفات پر
متفقہ تعزیتی قرارداد منظور کرکے فیونا بی بی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ جانوروں سے
محبت، ان کے دکھ درد کا احساس، ان کی راحت کا انتظام اور ان کے حقِ حیات و صحت کا
احترام یقیناً قابلِ تحسین ہے۔ کاش یہ فاضل سینیٹرز غزہ کے معصوم بچوں کے لئے بھی
اتنی ہی حساسیت دکھاتے۔ ان کے دل بچوں کی موت، بھوک، خوف، بے گھری اور ملبے تلے دب
جانے پر بھی اسی طرح تڑپتے، جس طرح ایک جانور کی موت پر ان کی ہمدردی جاگ اٹھی ہے۔
اسی امریکی سینیٹ نے اسرائیل کے لیے اربوں ڈالر کے فوجی سازوسامان اور امداد کی
حمایت کی، جو غزہ کی تباہی اور فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں میں استعمال ہوئے۔فیونا
کے لئے ہمدردی قابلِ تحسین، لیکن غزہ کے بچوں کے لیے بھی دل میں اتنی ہی جگہ ہونی
چاہیے۔ انسانیت کا امتحان صرف بے زبان جانوروں سے محبت نہیں، بلکہ بے گناہ انسانوں
کی زندگی کا احترام بھی ہے۔
ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل کراچی 27 نومبر 2026
ہفت روزہ دعوت دہلی 27 نومبر 2026
ہفت روزہ رہبر سرینگر 29 نومبر 2026

No comments:
Post a Comment