انصاف کا
گلا گھونٹنے پر جبارانِ عالم کا اتفاق
قومی خودمختاری یا طاقتور
حکمرانوں کے لئے قانونی تحفظ؟
امریکی
صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر ژی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان پہلی
سہ فریقی سربراہی ملاقات (Trilateral Summit) چین کے
شہر شین ژین میں اختتام پذیر ہوگئی۔ اسے تاریخی قرار دیا جاسکتا ہے کہ تینوں ممالک
کے سربراہان اس سے پہلے کبھی ایک ساتھ نہیں بیٹھے۔ سرد جنگ کے دوران 1972 میں
امریکی صدر رچرڈ نکسن اپنے سوویت ہم منصب لیونڈ برزنیف سے ماسکو، جبکہ 1985 میں
صدر رونالڈ ریگن سوویت صدر میخائل گورباچوف سے جنیوا میں ملاقات کرچکے ہیں۔
ٹرمپ کا والہانہ استقبال یا خبطِ عظمت کی تسکین؟؟؟
ملاقات
سے قبل صدر ٹرمپ کا چین میں والہانہ استقبال بھی توجہ کا مرکز رہا، جہاں چینی صدر
نے اپنے امریکی مہمان کا جہاز کی سیڑھیوں پر استقبال کیا اور دونوں رہنما گرم جوشی
سے بغلگیر ہوئے۔ صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس اور سوشل میڈیا پر اس استقبال کا فخریہ
ذکر کیا۔منچلوں کا کہنا ہے کہ ژی جن پنگ نے اپنے امریکی ہم منصب کے خبطِ عظمت کی
تسکین اتنے اچھے انداز میں کی کہ صدر ٹرمپ اسکے سرور سے اب تک لطف اندوز ہورہے ہیں۔
عالمی امن کے دعوے اور تنازعات پر خاموشی
تینوں
رہنماؤں نے جوہری ہتھیاروں کے خطرات، توانائی کی فراہمی اور تجارتی و اقتصادی تعاون
سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا، لیکن یوکرین، غزہ اور فلسطین اس سہ فریقی
ملاقات کے حوالے سے سامنے آنے والی تفصیلات میں کہیں دکھائی نہیں دئے۔ دلچسپ بات
یہ ہے کہ واشنگٹن سے ملاقات میں ہونے والی گفتگو کے بارے میں کوئی سرکاری اعلامیہ
بھی جاری نہیں ہوا۔ تحفظِ امنِ عالم کے بلند بانگ دعوؤں کے باوجود ان تنازعات پر مکمل
خاموشی جن سے لاکھوں انسان براہِ راست متاثر ہیں، عالمی سفارت کاری کے دوہرے معیار
کو نمایاں کرتی ہے۔ عالمی طاقتوں کا جوہری خطرات اور توانائی کے تحفظ پر اتفاق،
لیکن فلسطین، غزہ اور خلیج فارس کے گرد انسانی جانوں کے تحفظ کو مشترکہ ترجیح
بنانے میں ناکامی ایک بڑا سوال ہے۔
بات چیت ہی مسائل کا حل؟
صدر
ٹرمپ نے ملاقات کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ ’’مسائل سے صرفِ نظر کرنے اور بات چیت سے گریز
کرنے کی پرانی روش سے کبھی کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا۔ ہم مل کر اب ایک نیا راستہ
اختیار کر رہے ہیں۔‘‘ گویا کشیدگی کے ماحول میں بات چیت کا دروازہ کھلا رکھنا ہی
اس ملاقات کا اہم ترین ہدف تھا۔
عالمی فوجداری عدالت کے خلاف مشترکہ موقف
جہاں
اہم عالمی تنازعات پر معاملہ نشستند، گفتند اور برخواستند سے آگے نہ بڑھا وہیں ایک
معاملے پر نہ صرف کامل اتفاق پایا گیا بلکہ جبارانِ عالم نے اس حوالے سے ٹھوس قدم
اٹھانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ صدر ٹرمپ نے عالمی فوجداری عدالت
(ICC) کو
Rogue
Globalist Organization یعنی ’’بے لگام
عالمی ادارہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اپنے دائرۂ اختیار سے تجاوز کرچکی ہے۔
انہوں نے روسی صدر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ مل کر ایسے اداروں سے
قومی خودمختاری کے تحفظ کے طریقے تلاش کرنے کی تجویز پیش کی۔ تینوں رہنماؤں کے
مشترکہ اعلامئے میں ریاستی عہدیداروں کے استثنا اور قومی خودمختاری کی اہمیت پر
زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ عالمی فوجداری عدالت اور اس جیسے اداروں کو اپنے دائرۂ
اختیار کا ناجائز استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
استثنا یا انصاف کی نفی؟
استثنا
کا لفظ بذاتِ خود انصاف کی نفی ہے، کیونکہ عدالت کے سامنے شاہ و گدا برابر ہوتے
ہیں اور کسی کو محض عہدے کی بنیاد پر استثنا نہیں دیا جاسکتا۔ اتفاق کا یہ نکتہ
غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ عالمی فوجداری عدالت روسی صدر ولادیمیر پیوٹن
کے خلاف یوکرین سے بچوں کی غیر قانونی منتقلی کے مبینہ جنگی جرم پر 2023 میں، جبکہ
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے خلاف غزہ میں مبینہ جنگی جرائم اور
انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں 2024 میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کرچکی ہے۔
تینوں رہنماؤں کا عالمی عدالت کے اختیارات اور ریاستی عہدیداروں کے قانونی استثنا
پر اتفاق ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان میں سے ایک خود اور دوسرے کا قریبی
اتحادی عالمی عدالت کے گرفتاری وارنٹ کی زد میں ہیں۔ اگرچہ مشترکہ اعلامیے میں
پیوٹن یا نیتن یاہو کا نام لے کر ان کے وارنٹ کا ذکر نہیں کیا گیا، لیکن اس اتفاق
کے سیاسی مضمرات نظرانداز نہیں کئے جاسکتے۔
عالمی انصاف یا طاقتوروں کی نئی صف بندی؟
سوال
یہ ہے کہ عالمی نظام میں انصاف کا معیار قانون کی بالادستی ہونا چاہیے یا طاقتور
حکمرانوں کی مرضی؟ اگر عالمی عدالتوں کا احتسابی اختیار صرف اس وقت قابلِ قبول ہو
جب وہ کمزوروں پر لاگو ہو، اور طاقتور حکمران اس سے استثنا حاصل کرنے کے لیے متحد
ہوجائیں، تو عالمی انصاف کا تصور کس قدر معتبر رہ جائے گا؟ جبارانِ عالم کا یہ
اتفاق عالمی امن کی کوشش ہے یا طاقتوروں کو قانون کے احتساب سے بچانے کی ایک نئی
صف بندی؟
ہفت
روزہ فرائیڈے اسپیشل کراچی 27 نومبر 2026
ہفت روزہ رہبر سرینگر 27 نومبر 2026

No comments:
Post a Comment