Monday, January 27, 2020

طالبان کی جانب سے امریکی طیارہ مار گرانے کا دعوی


طالبان کی جانب سے امریکی طیارہ مار گرانے کا دعوی
طالبان نے امریکی فوج کا ایک جاسوس طیارہ مارگرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے میں سی آئی آے کے اہلکار سوار تھےجو تمام کے تمام ہلاک ہوگئے۔
اس سے پہلے کہا جارہا تھا کہ طالبان نے  طیارہ شکن میزائیلوں سے افغان اریانہ ائر لائن کےایک مسافر بردار طیارے کونشانہ بنایا ہے لیکن
          ·          اریانہ ائرلائن کے سی ای او میر واعظ میرزکوال نے اپنےکسی بھی  طیارے کےگرنے کی تردید کی ہے
          ·          غیر جانبدار صحافتی ذرایع کا کہنا ہے کہ غزنی میں طیارے کے ملبے پر امریکی  فضائیہ کا  امتیازی نشان یا لوگو  بہت واضح  ہے
          ·          افغان صدر کے ترجمان نے غزنی کے قریب ایک جہازگرنے کی تصدیق کی ہے لیکن ترجمان کے مطابق تحقیقات سے قبل یہ کہنا مشکل ہے کہ    یہ کونسا طیارہ ہے
          ·          امریکی فوج کی ترجمان میجر بیتھ ریارڈن نے طالبان کے دعوے پر تبصرے سے انکار کردیا۔ انکا کہنا ہے کہ اس بارے  میں کچھ کہنا ابھی قبل ازوقت ہے
          ·          غزنی کے گورنر وحید اللہ کلیم زئی  کے ترجمان نے طیارہ گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے  کہاکہ ملبے میں دولاشیں نکالی جاچکی ہیں اور جہاز' غیرملکی' محسوس ہوتا ہے
          ·          جائے  وقوع کا دورہ کرنے والے صحافیوں کا کہنا ہے کہ ملبے سے یہ جہاز Bombardier E-11Aلگتا ہے جو امریکی وزارت دفاع علاقے میں طالبان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے استعمال کرتی ہے۔


Tuesday, January 21, 2020

پنجاب میں شرکت اقتدار کا غیر تحریری معاہدہ


پنجاب میں شرکت اقتدار کا غیر تحریری معاہدہ
کل ہم نے اپنی  ایک  پوسٹ میں حمزہ شہباز و سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر، فواد حسین فواد کی رہائی اور وفاقی وزیر فواد چودھری کے بدلتے تیور کا ذکر کیا تھا
اس ضمن میں گرماگرم خبر یہ ہے کہ فواد چودھری کی ثالثی میں ق لیگ ، نواز لیگ اور تحریک انصاف میں پنجاب کی حد تک تبدیلی پر 'ذہنی اتفاق رائے' ہوچکا ہے۔
یاں  یوں کہئے کہ عثمان بزدار کا جانا ٹہر گیاہے اور انکی 'باوقاررخصتی' کے  انتظامات کئے جارہے ہیں اور بہت ممکن ہے کہ  نئے بندوبست میں ملکہ برطانیہ کی طرح موصوف  ربر اسٹیمپ بنے رہیں کہ کپتان  اپنے نادر آبگینوں کو ٹھیس نہیں لگانا چاہتے ۔
فواد چودھری کی کوششوں سے جہانگیر ترین شرکت اقتدار کے فارمولے  پر راضی ہوگئے ہیں جسکے تحت:
·        وزارت اعلیٰ کے اختیارات عملی طور پر  پنجاب کے چیف سکریٹری  اعظم سلیمان کوتفویض کر دئے جائنگے
·        ق لیگ کی جانب سے مونس الٰہی اور وفاقی حکومت کی جانب سے فواد چودھری پنجاب حکومت کی مشاورت کے فرائض انجام دینگے
اعظم سلیمان ہیں تو ایک پیشہ ور بیوروکریٹ لیکن یہ شہباز شریف کا انتخاب اور نوازشریف خاندان کے وفاداروں میں ہیں۔گویا اس نئے بندوبست کو نوازلیگ کی آشیرواد حاصل ہوگی
عثمان بزدار نے نوشتہ دیوار پڑھ لیا ہے چنانچہ چودھری برادران کی خوشنودی کی غرض سے  موصوف نے ق لیگی صوبائی حلقوں کیلئے 25 ارب روپئے ترقیاتی فنڈ جاری کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ شائد کہ نوٹوں کی گڈیوں سے ظالم محبوب  کادل  پسیج جائے
 نئے پاکستان میں بھی سب  کچھ پرانے پاکستا ن  والا ہے اسلئے عوام کو گھبرانا نہیں ہے

آپکی ہتھیلی آپ کا خزانہ


آپکی ہتھیلی آپ کا خزانہ
پرانے وقتوں میں دلاور  ہتھیلیوں پر اپنے سر رکھے یہ کہتے ہوئے میدان میں اترتے تھے کہ 
میں سر بکف ہوں لڑادے کسی بلا سے مجھے
تاہم  دور بدل گیا ہے۔ میزائیل اور ڈرون کے دور میں ہتھیلی پر بھاری بھرکم سر ڈھونے کی ضرورت نہیں چنانچہ ہتھیلی کا ایک نیا استعمال یاروں نے ڈھونڈھ لیا ہے
ایمزون (Amazon)ماسٹر کارڈ، ویزا، امریکن ایکسپریس اور دوسرے مہاجنوں کے تعاون سے کریڈٹ کارڈکے بنیادی کوائف صارف کی ہتھیلی پر محفوظ کررہا ہے چنانچہ اب خریداری کے بعد بٹوے سے کریڈٹ نکالنے کے بجائے مشین کو ہتھیلی سے سہلا دینا (Scan)ہی کافی ہوگا۔
انگلیوں کے نشان کے ذریعے تصدیق تو کافی عرصے سے جاری ہے لیکن ماہرین کے خیال میں ہتھیلی کے نقوش زیادہ واضح اور مستند ہیں
اگر کریڈٹ کارڈ کا تجربہ کامیاب رہا تو اپکے پاسپورٹ، شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسینس وغیرہ کی معلومات بھی اپکی ہتھیلی پر محفوظ کردی جائینگی اور پھر بٹوے کے ساتھ سفر کے دوران بریف کیس کی ضرورت بھی نہیں رہیگی

Saturday, January 18, 2020

سزائے موت کے خلاف پرویز مشرف کی نظر ثانی کی درخواست اعتراضات لگاکر واپس


سزائے موت کے خلاف پرویز مشرف کی نظر ثانی کی درخواست اعتراضات لگاکر واپس
سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے خصوصی عدالت سے سزائے موت کے خلاف جنرل پرویز مشرف کی درخواست اعتراض لگاکر واپس کردی۔ رجسٹر ار کا کہنا ہے کہ   پاک فوج کے سابق سربراہ  آرٹیکل چھ کے تحت سزا یافتہ مجرم ہیں اور انہیں اپیل دائر کرنے سےپہلے گرفتاری دینا ہو گی۔ رجسٹرا ر نے اپنے اعتراض میں کہا کہ سپریم کورٹ کے طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق مجرم کی درخواست کو اسکی سپردگی سے قبل نہیں سنا جا سکتا
جنرل صاحب کو اعتراضات کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لئے ایک ماہ کا وقت دیا گیاہے۔65 صفحات پر مشتمل یہ درخواست   پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے  دو دن قبل سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا  ہے کہ
·        خصوصی عدالت نے  یہ فیصلہ پرویز مشرف کی عدم موجودگی میں سنایا
·        انہیں کوئی وکیل کرنے کا موقع نہیں دیا گیا اور غیر حاضری میں ہی ٹرائل کیا گیا۔
·        درخواست گزار  خصوصی عدالت کے فیصلے سے مطمئن نہیں اور انہیں بیان ریکارڈ کرانے کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔
چنانچہ
·         اپیل کا  فیصلہ سنائے جانے تک خصوصی عدالت کا فیصلہ معطل کردیا جائے اور
·        علالت کے باعث جنرل صاحب کوحاضری سے استثنٰی دیا جائے
 وائس آف امریکہ کے مطابق ، سلمان صفدر نے  اعتراضات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر معمولی بات نہیں۔اعتراضات  خلاف 30 کے اندر ایک مدلل درخواست دائر کردی جائیگی
17دسمبر کو خصوصی عدالت نے آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت دستورِ پاکستان سے غداری کا جرم ثابت ہونے پر سابق صدر اور سابق آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کو سزائے موت سنائی تھی۔ فیصلے میں عدالت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدائت کی گئی تھی کہ وہ مجرم کو گرفتار کرکے سزائے موت پر عمل درآمد یقینی بنائیں ۔
استغاثہ کے مطابق پرویز مشرف  پر الزام ہے کہ انھوں نے نومبر 2007 کو  ملک میں ہنگامی حالت کا اعلان کرکے   آئین جزوی طور پرمعطل کردیا اور قاضی القضاۃ افتخار محمد چوہدری سمیت  اعلی9ٰ عدالتوں  کے 60 ججوں کوانکے گھروں میں نظر بند کر دیا گیا تھا۔
اس  مقدمے کا دورانیہ  چھ سال سے زائدتھا اور ملزم  (اب مجرم) صرف ایک دفعہ عدالت میں پیش ہوا  جسکے بعد وہ ملک سے فرارہو گئے۔
13 جنوری کو لاہور ہائیکورٹ کے ایک تین رکنی بنچ نے پرویز مشرف کے مقدمے کیلئے قائم ہونے والی خصوصی عدالت کو غیر آئینی قراردے دیا تھا