سری لنکا ۔۔۔ پردہ اور مدرسہ
مرزاغالب کو اس چار
گرہ کپڑے کی قسمت پر رشک آتاتھا جو عاشق کا گریبان بن کر تارتار ہوجائے اوراب مسلمان بچیوں کے سر پر پڑا یہ بے ضررو بے جان کپڑا
تہذیب حاضر کو جوہری بم سے زیادہ خطرناک نظر آرہا ہے۔ حضرت آئت اللہ خمینی فرماتے
تھے
'دشمن کو ہمارے بم
اور میزائیلوں سے اتنا ڈر نہیں لگتا جتنا خوفزدہ وہ ہماری بچیوں کے حجاب سے ہے'
امام خمینی نے یہ بات
چار دہائی قبل کہی تھی لیکن دورِ حاضر میں انکی بات حرف بہ حرف درست ثابت ہورہی ہے۔ فرانس کے صدر نے
حجاب کو ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ قراردیا ہے۔
اسی قسم کی بات اب سری
لنکا میں کہی جارہی ہے جہاں بودھ، ہندو اور مسلمان کئی صدیوں سے شیروشکر ہیں۔ربع
صدی سے زیادہ عرصہ جاری رہنے والی خانہ جنگی کے دوران بھی مسلمان، تمل علیحدگی پسندوں اور سنہالیوں کے حملوں سے محفوظ
رہے۔ کچھ مقامات پر انتہا پسند سنہالیوں نے مسلمانوں کو نشانہ بنایا لیکن اکا دکا
واقعات کو منظم حملے کہنا درست نہیں۔
سوا دوکروڑ آبادی
والا سری لنکا 70 فیصد سنہالی نژاد بودھ اور 24 فیصد سری لنکن تملوں پر مشتمل ہے جبکہ
6 فیصد ہندوستانی نژادتمل بھی کئی صدیوں سے یہاں آباد ہیں۔ سری لنکن تملوں میں
مسلمانوں کا تناسب 41.6 فیصد ہے گویاسری لنکا کی کل آبادی کا دس فیصد حصہ مسلمان ہے جنھیں
مُور Moors کہا جاتا ہے۔
سری لنکا اور برصغیر
پاک وہند کے درمیان خلیج منار Mannar Gulfحائل ہے جسکے ایک طرف
ہندوستان کی تمل ناڈو ریاست ہے تو دوسری جانب شمالی سری لنکا کا ضلع منار۔ شمال
میں خلیج بنگال کو ایک تنگ سے بحری راہداری آبنائے پالک بحر ہند سے ملاتی ہے۔
بنگلہ دیش اور برما سے پاکستان اور مشرق وسطیٰ جانیوالے جہاز آبنائے پالک (Palk Strait)سے گزر کر ہی بحر عرب
کا رخ کرتے ہیں۔ ہندو عقیدے کے مطابق سری لنکا ایک پل کے ذریعے تامل ناڈو سے ملا
ہوا تھا لیکن آندھیوں اور طوفانوں سے پل
بہہ گیا اور اب اسکے آثار خلیج منار میں جگہ جگہ چونے کی پتھریلی چٹانوں(Limestone) کی صورت میں ملتے
ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ 600 سال پہلے تک تمل ناڈو کے ہندوجوگی پیروں پر چلتے ہوئے
خلیج منار عبور کرکے سری لنکا جاتے تھے۔ تاہم اس ضمن میں بحریات اور سیاحت کا کوئی
مستند حوالہ موجود نہیں۔
کہا جارہا ہے کہ 2019
میں عیدِ ایسٹر پر ہونے والی دہشت گردی نے سری لنکن مسلمانوں کے خلاف رائے عامہ کو
ہموار کیا۔ ایسٹر، ایامِ صوم یا Lentکے اختتام پر حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی
دنیا میں مبینہ واپسی پر بطورِعید منایا جاتا ہے۔ظالموں نے مسرت و شادمانی کی مجلسوں اور دعائیہ تقریبات کو آنسووں اور آہوں میں تبدیل کردیا۔کولمبو
کے تین گرجا گھروں اور Shangri-laسمیت تین پرتعیش جدید ہوٹلوں میں
ایک کے بعد ایک 6بم دھماکوں سے253 بے گناہ مارے گئے جبکہ 500 سے زیادہ
افراد معذور ہوگئے۔ متاثرین میں مقامی لوگوں کے علاوہ امریکی، جاپانی ,ولندیزی ،
برطانوی اور پرتگالی سیاح و مسیحی زائرین شامل ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق گرجا گھروں
اورہوٹلوں پر حملوں کے ایک گھنٹے بعدکولمبو کے مضافاتی
علاقے میں دوگھرخودکش بم دھماکوں سے اڑادئے گئے۔ پولیس کا خیال ہے کہ یہ گھر بم کی
تیاری اور منصوبہ بندی کیلئے استعمال ہوئے تھے اور انھیں شواہد مٹانے کیلئے زمیں
بوس کیا گیا۔اس لرزہ خٰیز واردات کو ایشیا کا 9/11 کہا جاتا ہےاور سری لنکن مسلمانوں
کیلئے اسکی قیمت بھی اتنی ہی بھیانک ہےجیسے امریکی مسلمان 20 سال گزرجانے کے بعد آج تک ادا کررہے ہیں۔
تاہم سری لنکا میں
مسلمانوں کیخلاف مہم 2017 سے جاری ہے اوریہ کہنا غلط نہ ہوگاکہ نفرت کا بیانیہ
بلکہ حکمت عملی بھی برما کا تسلسل ہے۔برمی نسل پرست رہنما سیتاگو سیاگو Sitagu
Sayadaw کے نفرت انگیز اقتباسات چار سال
سے سری لنکا میں تقسیم کئے جارہے ہیں جنکا کہنا ہے کہ 'غیر بودھ کا قتل برا
کرما(کام) نہیں'۔ جیسے برما میں مسلمانوں کو بنگالی کہہ کر انکے آبائی
گھروں سے نکال دیا گیا ویسے ہی سری لنکا میں مُوروں کو ہندوستانی تامل قراردیا
جارہا ہے جنکے آباواجداد نے یہاں آکر سنہالیوں کی زمینوں اور جائداد پر قبضہ کرلیا
ہے اور اب یہ 'گھس بیٹھئے'دعوت و تبلیغ اور 'جہاد' کے زور سے بودھوں کو اقلیت میں
تبدیل کردینا چاہتے ہیں۔ معاملہ صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ مسیحی آبادی کو بھی انتہا پسند بودھوں کی طرف سے برابر
دھمکیاں مل رہی ہیں۔
National Christian Evangelical Alliance
of Sri Lankaکے مطابق صرف 2019میں
یہاں مسیحیوں کو ہراساں کرنے ، قتل کی دھمکیوں ، تشدد اور بدسلوکی کے 45 واقعات
ریکارڈ کئے گئے اور ان تمام واردات میں انتہا پسند سنہالی بودھ ملوث ہیں۔
سوشل میڈیا پر زہریلی
مہم کے بعد تشدد کی مہم کا آغاز 4مارچ 2017 کو اسوقت ہوا جب مبینہ طور پر ملی گاما
Mullegamaگاوں میں ایک بدھسٹ
اچانک پھوٹ پڑنے والے ہنگامے میں ہلاک
ہوگیا۔ بدھوں نے الزام لگایا کہ اسکو مسلمانوں نے قتل کیا ہے چنانچہ چند ہی گھنٹوں
میں ہزاروں مسلح غنڈوں کا دستہ بازار پر ٹوٹ پڑا اور چن چن کر مسلمانوں کی دکانوں
کو آگ لگادی۔ مُوروں کو انکے گھروں سے نکال کر مساجد میں ٹھونس دیا گیا اور مسلح دہشت گرد راکھ بنے بازار اور مکانات کے
ملبے پر پہرا دیتے رہے تاکہ مسلمان واپس نہ آسکیں۔ برما میں بھی روہنگیا برادری کو
گھر سے نکال کر کیمپوں تک محدود کردیا گیا تھا جسکے بعد انھیں بنگلہ دیش کی طرف
دھکیل دیا گیا۔
ملی گاما گاوں میں
بدھسٹ کی ہلاکت کی جب تحقیقات کی گئی تو سینئر وزیر مسٹر اور سارتھ امونوگاما Sarath Amunugama نے کمیشن کو
بتایا کہ یہ قتل باہر سے آئے ہوئے لوگوں نے کیا ہے جس میں مسلمانوں کا کوئی ہاتھ
نہ تھا اور یہ ایک منظم سازش ہے (حوالہ رائٹر)
فسادات کے بعد سری
لنکن صدر نے سوشل میڈیاپر پابندی عائد کردی لیکن
موبائل فون پر ایس ایم ایس کے ذریعے زہریلی مہم جاری رہی اور دودن بعد غنڈوں کا جتھہ متصل گاو ں مداوالا Madawalaپر چڑھ دوڑا۔ جومسلمانوں
کا تعلیمی و تجارتی مرکز ہے۔ یہاں کے بازار میں زرعی اجناس اور پارچہ جات کے علاوہ جدید ترین الیکٹرونکس اور آٹو پارٹس کی
دکانیں بھی ہیں جو سب کی سب جلاکر خاک کردی گئیں۔ بازار کے بعد ہجوم نے رہائشی
علاقے کا رخ کیا جسے پولیس پہلے ہی خالی کراچکی تھی۔یہ فسادات ایک ہفتہ جاری رہے
اور بازاروں کیساتھ چار مساجد اور درجنوں اسکول و مدارس نذر آتش کردئے گئے۔ان ہنگاموں
کے پیچھے نفرت کا رنگ اتنا گہرا تھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کا خصوصی
اجلاس ہواجس میں سری لنکا کی حکومت پر زور دیاگیا کہ لوٹ مار کرنے والے بلوائیوں
کے ساتھ ان لوگوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے جو سری لنکن مُوروں کے خلاف نفرت کی
مہم چلارہے ہیں۔
اقوام
متحدہ کے دباو پر دہشت گردی کے سرغنہ جیون ویراسنگھے اور انکے نائب سمیدھا
سواراویرا سمیت 100 دوسرے افراد گرفتار کرلئے گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان
سے بہت سارا شرپسندانہ مواد اور مستقبل کے منصوبے برآمد ہوئے لیکن ان دہشت گردوں
کے خلاف کوئی کاروائی ہوئی نہ مسلمانوں کے تقصانات کا کوئی ازالہ ہوا جسکا حجم
اربوں میں ہے۔کرکٹ کے کھلاڑیوں کمار سنگاکارااور مہیلا جے وردنا نے مسلمانوں سے
یکجہتی کیلئے سوشل میڈیا پر پر مہم چلانے کا اعلان کیا ہے لیکن بات ایک دو ٹویٹ سے
آگے نہ بڑھی۔
عیدِ ایسٹر 2019کی
دہشت گردی سے مسلمانوں کے خلاف نفرت کی مہم عروج کو پہنچی۔ دھماکوں
کے دوسرے دن ابتدائی تحقیقات سے بھی پہلے سری لنکا کے وزیرصحت رجیتا سینارتنے Rajitha
Senaratneنے
ایک غیر معروف مقامی تنظیم اسلامی توحید جماعت پر ان دھماکوں کاالزام لگایا اور
'وہابی دہشت گردی' کی بیخ کنی کیلئے انتظامیہ یکسو ہوگئی۔ پولیس اور خفیہ ایجنسیوں نے مُوروں کو نشانے پر رکھ
لیا۔ہزاروں نوجوان غائب کردئے گئے۔ برقعے پر پابندی لگادی گئی، کہا تو جارہا تھا
کہ پابندی صرف چہرہ چھپانے پر ہے لیکن اسکارف حتیٰ کہ ڈوپٹے لینے والی بچیوں کی
بھی شامت آگئی۔پولیس ناکوں پر بدسلوکی کے علاوہ سنہالی اوباشوں کی جانب سے اسکارف
نوچنے کی واردات عام ہیں۔ سارے ملک میں مساجد کی نگرانی ہورہی ہے اور نوجوان نمازیوں
کو تحقیقاتی خوردبین کے نیچے رکھ لیا گیا ہے۔ ہندوستان سے آنے والے تمل مسلمانوں
کو ویزے کا اجرا بندکردیا گیا ہے جس کی وجہ سے چائے کی تجارت متاثر ہورہی ہے۔
ہندوستان کے تمل تاجر سری لنکا چائے کے بڑے خریدار ہیں جنکی اکثریت مسلمانوں پر
مشتمل ہے۔ان پابندیوں کے نتیجے میں سری لنکا کے ساتھ ہندوستان کے تمل علاقوں میں
تجارتی سرگرمیاں بھی متاثرہورہی ہیں۔مُوروں کو سیاسی حمائت سے محروم کرنے کیلئےماحما
کابینہ کے مسلم وزرا کو استعفوں پر مجبور کردیا گیا۔سری
لنکن
مسلمان سیاست اور حکومتی امور میں گہری دلچسپی لیتے ہیں۔ تعلیمیافتہ ہونے کی بنا
پر امور مملکت میں انکا اثرو رسوخ بھی ہے۔ بلدیات، شہری منصوبہ بندی، صنعت، اعلیٰ
تعلیم، ڈاک اور اوقاف کے قلمدان مسلمانوں کے پاس تھے۔
گزشتہ
برس مارچ کے آغاز پر ساری دنیا کی طرح سری لنکا بھی کرونا وائرس کا شکار ہوا اور
وزارت صحت نےکرونا سے مرنے والوں کی لاشوں کا جلانے کا حکم جاری کردیا۔ مُوروں کی
درخواست پر عالمی ادارہ صحت نے بہت صراحت کے ساتھ کہا کہ ان میتوں کی مسلم طریقے
پر تجہیز و تکفیں و تدفین میں وائرس پھیلنے کا کوئی خطرہ نہیں۔ یورپ اور امریکہ
میں ہزاروں مسلمان اس وبا کا شکار ہوئے جنھیں روائتی مسلم طریقے پر سپردِ خاک کیا
گیاہے اور اب تک مسلم قبرستانوں سے وائرس کے پھیلاوکی کوئی اطلاع نہیں ملی، لیکن
سری لنکا کی حکومت نے مُوروں کے مطالبے کو وہابی انتہا پسندوں کی جانب سے ملک کو
انتشار میں مبتلا کرنے کی سازش قرار دیکر، اقوام متحدہ کی ہدائت کو بھی نظر انداز
کردیا۔
اس سال 12 مارچ کو وزیرِ تحفظِ عامہ سارت ویرسکیرا Sarath Weerasekeraنے ایک مسودہ
قانون منظوری کیلئےکابینہ کو بھیجنے کا اعلان کیا جس میں قومی تحٖفظ کیلئے خطرہ
قراردیتے ہوئے برقعے پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔ وزیرباتدبیر کا کہنا تھا کہ
پہلے مسلم خواتین برقعہ نہیں پہنتی تھیں اور یہ 'وہابی انتہا پسندی' کی علامت ہے۔
ساتھ ہی انھوں نے ملک کے 1000مدارس کو مقفل کرنے کا بھی اعلان کیا۔ فاضل وزیر کا
کہنا تھا کہ یہ اسکول قومی نصاب کے بجائے خود ساختہ مواد پڑھارہے ہیں جن میں انتہا
پسندی کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یہ مدارس سائینس کے بجائے
ازمنہ قدیم کے رائج طریقوں پر اصرار کررہے ہیں۔ اس سے موصوف کا اشارہ میتوں کو نذر
اتش کرنے کی مخالفت کی طرف تھا۔ اعلان کے مطابق اس حکم کا اطلاق دینی مدارس پر
ہونا تھا لیکن مسلمانوں کے عام اسکول بھی بند کئے جارہے ہیں۔
اس اعلان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم کونسل آف سری لنکا کے نائب صدر حلمی احمد نے
کہا کہ برقعے کو انفرادی حقوق کے نظریے سے دیکھا جانا چاہے نہ کہ مذہبی تناظر میں۔
حلمی صاحب کا کہنا تھا کہ اگر پہچان کا مسئلہ ہو تو نے حکام شناخت کیلئے نقاب ہٹانے کا کہہ سکتے ہیں جس پر
مسلم خواتین کو کوئی اعتراض نہیں۔ تاہم چہرہ کھلا رکھنا یا ڈھانپنا ہر فرد کا
انفرادی حق ہے۔ مدارس کے بارے میں حلمی صاحب نے وضاحت کی کہ بیشتر حکومت کے پاس
اندراج شدہ ہیں اور شاید پانچ فیصد سے بھی
کم مدارس ایسے ہیں جن کا اندراج نہ ہو۔ غیر رجسٹڑد مدارس کے خلاف کاروائی پر
مسلمانوں کوکوئی اعتراض نہیں۔
برقعےکے خلاٖف مجوزہ قانون پر سری لنکا میں پاکستان کے سفیر
جناب سعد خٹک نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ' پابندی سے سری لنکن اور دنیا بھر کے
مسلمانوں کو دکھ پہنچے گا'۔ پاکستانی سفیرکی درخواست پر اقوام متحدہ کے نمائندہ
برائے مذہبی آزادی جناب احمد شہید نے سری لنکا کے صدر سے فون پر بات کی اور برقعے
پر پابندی کو مسلمانوں کے مذہبی حقوق کی خلاف ورزی قراردیا۔سفارتی ذرایع کا کہنا
ہے کہ امریکہ کے کمیشن برائے مذہبی آزادی USCIRFنے بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔
اس عالمی دباو کے نتیجے میں گزشتہ ہفتے کچھ معقولیت دیکھنے
میں آئی جب 16 مارچ کو سرکاری ترجمان کیہلیا رامبوک ویلا Keheliya Rambukwellaنے مجوزہ مسودہ قانون
پر فیصلہ موخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ برقعے پر پابندی کے حوالے سے حکومت
کو معاملے کی نزاکت کا احساس ہےاور جلد بازی کے بجائے تمام طبقات سے مشورے اور مذہبی
اکائیوں کو اعتماد میں لینے کے بعد اتفاق
رائے سے کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔
لیکن تعلیمی اداروں پر پابندی کا سلسلہ جاری ہے اور کچھ
عرصے سے جماعت اسلامی، سری لنکا حکومت کا خاص ہدف ہے۔گزشتہ ہفتے ممتاز اسکالر اور
سابق امیر جماعت اسلامی سری لنکا جناب رشید حج الاکبر،وہابیت اور جہادی نظریات
پھیلانے کے الزام میں گرفتار کرلئے گئے۔ جناب رشيد
حج الاکبر جنھیں احترام سے استاذ کہا جاتا ہےچوبيس سال تک امارت کی منصب پر رہنے
کے بعد ستمبر 2019 میں سبکدوش ہوئے اور آجکل موصوف نائب امير ہيں۔
جماعت اسلامی، سری لنکا میں 1954 سے سرگرم ہے
اور ایک مذہبی و رفاہی ادارے کی حیثیت سے باقاعدہ رجسٹرڈ ہے۔ جماعت سیاست میں حصہ نہیں لیتی اور دعوت و خدمت خلق کے کاموں میں مصروف ہے۔ استاذ رشید پر
وہابیت اور انتہا پسندی پھیلانے کا الزام اس اعتبار سے مضحکہ خیز ہے کہ جماعتی جریدے ماہنامنہ الحسنات میں انتہا
پسندی اور فرقہ واریت کیخلاف استاذ کے مضامیں مسلسل شایع ہورہے ہیں۔ نو دس برس
پہلے جب تفہیم القرآن کا سنہالی ترجمہ شایع ہوا تو استاذ نے سری لنکن وزیراعظم کو
تقریبِ رونمائی میں خصوصی طور پر مدعو کیا اور اپنی تقریر میں وزیراعظم کو خطاب
کرتے ہوئے کہاکہ قرآن پر مسلمانوں کا اجارہ نہیں۔ یہ تو ہر شخص کیلئے اسکے رب کا
خصوصی پیغام ہے اور ہم نے اسی لئے سنہالی ترجمہ شایع کیا ہے تاکہ ہمارے سری لنکن
بھائی اللہ کی اس عظیم نعمت سے مستفید ہوسکیں۔
وزیراعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھاکہ اس کتاب کو کوئی اور
پڑھے نہ پڑھے میں ضرور پڑھونگا۔
افغانستان پر روس کے حملے کے بعد جب امریکی سی آئی اے کی جانب سے
وہابی و سلفی تعلیمات کو پھیلایا جارہا تھا اسوقت بھی استاذ حج الاکبر نے انتہا
پسندی کے خلاف الحسنات کے علاوہ سری لنکا کے عام اخبارات میں مضمون لکھے۔ انکا
کہنا تھا کہ اسلام اعتدال کا دین ہے جو برداشت اور سب کو ساتھ لیکر چلنے کا سبق
سکھاتا ہے۔ انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا ہمارے دین سے کوئی تعلق نہیں۔ سری لنکا
کے سنجیدہ حلقے خیال ظاہر کررہے ہیں کہ سراغرساں اداروں کے متعصب حکام نے استاذ کے
مضامین کا غلط ترجمہ کرکے وزارت دفاع اور داخلہ کو جماعت اسلامی کے خلاف بھڑکایا
ہے۔ مدارس پر پابندی بھی اسی غلط فہمی کا شاخسانہ ہے۔ مشکل یہ ہے کہ نائن الیون کے
بعد اسلام کو اس 'مہارت' کیساتھ دہشت گردی سے جوڑ دیا گیا ہے کہ خود بہت سے مسلمان بھی داڑھی، پردہ اور مدراس کو دہشت گردی کی علامت سمجھنے
لگے ہیں۔
ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل، کراچی 26 مارچ 2021
ہفت روزہ دعوت دہلی، 26 مارچ 2021
روزنامہ امت کراچی 26 مارچ 2021
ہفت روزہ رہبر، سرینگر 28 مارچ
2021