Wednesday, March 31, 2021

او جی ڈی سی کے نئے چئیرمین

جناب ظفر مسعود تیل اور گیس کی ترقیاتی کارپوریشن (OGDCL)کے چئیر مین مقرر کردئے گئے۔ گزشتہ  سال مئی میں  موصوف  پی آئی اے کی  اس پرواز پر تشریف فرما تھے جو کراچی ائرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگئ لیکن ظفر مسعود صاحب معجزانہ طور پر بچ گئے۔

 نجیب الطرفین، ظفر مسعود پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور فنکار منور سعید کے صاحبزادے اور جنگ کے سابق ایڈیٹرسید محمد تقی کے نواسے ہیں۔ سیدمحمد تقی، رئیس امروہوی اور جون ایلیاہ  تینوں بھائی دانشور، صحافی، ادیب اور شاعر تھے۔

معروف بینکار جناب  ظفر مسعود   اسوقت بینک آف  پنجاب کے صدر اور سی ای او ہیں۔ اس سے پہلے  وہ بارکلے (Berclays)بینک کے منطقہ جنوبی افریقہ  کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ مسعود صاحب  نے سٹی بینک، دبئی اسلامک بینک اور  امریکن ایکسپریس میں بھی خدمات سرانجام دی ہیں۔ نجی بینکوں کے علاو وہ پاکستانی وزارت خزانہ کی قومی بچت اسکیم کے سربراہ، بینک دولت پاکستان، او جی ڈی سی، پورٹ قاسم اور کئی دوسرے اداروں کے مالیاتی امور کی نگرانی فرماچکے ہیں۔

پچاس سالہ ظفر صاحب نے  ابھی تک شادی نہیں کی جسکی وجہ وہ اپنے  شاعرانہ مزاج کو قراردیتے ہیں۔ انکے خیال میں شادی  کیلئے عشق ضروری ہے  لیکن   کامیاب عشق ،  آدابِ عاشقی کے خلاف ہے اور جب  عشق ناکام ہو تو نکاح کی نوبت کیسے آئے؟تاہم وہ مایوس نہیں  اور تلاش جاری ہے۔(حوالہ: ایک دن جیو کیساتھ)

ظفر مسعود صاحب بینکنگ اور حساب کتاب کے ماہر ہیں اور امید ہے کہ فیصلہ سازی کے باب میں  انکی یہ صلاحیت او جی ڈی سی کیلئے ممدو معاون ثابت ہوگی۔ظفر صاحب کی  قائدانہ صلاحتیں قابل رشک ہیں۔ اللہ کرے  کامیابی و کامرانیوں کا  سفرِ مسعود جاری رہے اور انکی ولولہ انگیز قیادت پاکستان کو تیل اور گیس میں خودکفالت کی منزل  سے ہمکنار کردے۔


ا

 

 

2 comments: