Sunday, December 15, 2019

تقریب کچھ تو بہرِ ملاقات چاہئے


تقریب کچھ تو بہرِ ملاقات چاہئے
ممتاز ماہر ارضیات اور تیل و گیس کی پاکستانی صنعت کے معمار جناب عارف کمال کو ATC-2019 میں Life Time Achievement اعزاز سے نوازا گیا
انکی 'ملک' واپسی پر ہیوسٹن میں قبیلہِ فرہاد سے وابستہ لوگوں کی انجمن 'سویرا' کے روح رواں محمد علی قدوائی ، نوازبگٹی اور حیدر رضوی نے عارف صاحب کے اعزاز میں ایک پرتکلف  ظہرانے کا اہتمام کیا۔
 کہنے  کو تو یہ نشستند، گفتند، خوردند اور برخواستند کی تقریب تھی لیکن اس دوران عارف صاحب نے اپنے مخصوص پر امیدو پر اعتماد لہجے  میں 
·         خودانحصاری کے خواب،  اسکی تعبیر کی راہ میں حائل  خدشات، شاندار مواقع اور حوصلہ افزاامکانات پر گفتگوکی
·        سلیٹی (Shale) چٹانوں رانی کوٹ، گورو، غازج اور سیمبر  وغیرہ سے  تیل و گیس کی کشید
·        کنجوس کی جیب کی طرح سکڑے ہوئے ریت کے ذخائر (Tight Sand) میں قسمت آزمائی
·        تیل کے قدیم میدان بالکسر کے  ان خانوں  اور کونوں کھدروں  کی تلاش جہاں قدرت نے اضافی دولت چھپارکھی ہے اور
·        صنعت کی مجموعی رفتاراور ترقی کے امکانات   پر سیر حاصل  گفتگو کی
·        جناب  عارف کمال کے ساتھ ہیوسٹن میں مقیم پاکستانی ماہرین  شیخ علی، سہیل جعفری، آفتاب عالم اور فرخ ا حمد  صاحبان کی گفتگو بھی چشم کشا اور حاصل   سماعت  تھی کہ ان  حضرات  کی عمر عزیز  اسی دشت کی سیاحی میں گزری ہے
 عمر کے اعتبار سے  بزرگ  اور سینئر ہونے کے باوجود  ہم  علمی کم مائیگی بلکہ بے مائیگی کی بنا پر اب تک طالب علم کی حد سے آگے نہ  بڑھ سکے چنانچہ ہم  اس  نشست سے  رج کے مستفید ہوئے ۔   برا  ہو مصروفیتوں  کا کہ حسین سے حسین تقریب   اپنے اختتام کو پہنچ ہی  جاتی ہے۔
خوبصورت نشست اور لذت ِ کام و دہن کی اس شاندار اہتمام پر  جناب محمد علی قدوائی اور جناب نواز بگٹی کا بے حد شکریہ۔ بگٹی صاحب  جامعہ ہیوسٹن سے پی ایچ ڈی کررہے اور اگلے تعلیمی سال کے اختتام  تک  انشاااللہ ڈاکٹر نواز بگٹی ہوجائینگے۔ 

No comments:

Post a Comment