Thursday, July 9, 2020

جو نقش کہن تم کو نظر آئے مٹادو


جو نقش کہن تم کو نظر آئے مٹادو
امریکی ریاست منی سوٹا (Minnesota) کے شہر منیاپولیس میں سیاہ فام جارج فلائڈ کے بہیمانہ قتل کے رد عمل میں برپا ہونے والا ہنگامہ اب نسلی امتیاز کے خلاف ایک منظم تحریک میں تبدیل ہوتا نظرآرہا ہے۔میدان سیاست کے ساتھ کاروبار بلکہ کھیل کے میدانوں میں بھی تبدیلی بہت واضح ہے۔ مشہور فٹبال ٹیم Redskinsنے اپنا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی دارالحکومت کی یہ فٹبال ٹیم 1932 میں قائم ہوئی تھی۔یورپ سے آنے والے یورپی قدیم امریکی باشندوں المعروف ریڈ انڈین کو حقارت سے ریڈ اسکنز کہا کرتے تھے۔ تاریخ اور عمرانیات کے علما کا خیال ہے کہ  یہ قدیم باشندے 1500سال پہلےایشیا کے مختلف حصوں سے شمالی امریکہ آےتھے۔ صدرٹرمپ کو نام کی تبدیلی پر سخت اعتراض ہے۔انکا کہنا ہے کہ بائیں بازو کے انتہا پسند تاریخی حقائق اور روایات کے بارے میں جھوٹ گھڑ کر امریکی عوام خاص طور سے نوخیز طلبہ کے دلوں میں احساس کمتری پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
اسی کیساتھ امریکہ کے طول وعرض میں نصب امریکی مشاہیر کے مجسموں اور یادگاروں کو اکھاڑنے کا سلسلہ ہوگیا ہے اور اعتراض صرف باغی جرنیلوں اور کرسٹوفر کولمبس تک محدود نہیں بلکہ اب لوگ اعلان آزادی کے مصنف ٹامس جیفرسن اور غلامی کے خاتمے کا اعلان کرنے والے ابراہام لنکن کے مجسموں کو گرانے یا کم ازکم شاہراہوں اور چوراہوں سے ہٹاکر عجائب گھر منتقل کرنے پر اصرار کررہے ہیں۔ یہاں باغی جرنیلوں کے حوالے سے امریکہ کی اس مشہور خانہ جنگی کا ذکر ضروری ہے۔
1861میں صدارت کا حلف اٹھاتے ہی صدر ابراہام لنکن نے غلامی کے خاتمے کا اعلان کردیا۔ اسوقت امریکہ 34 ریاستوں پر مشتمل تھا۔ جنوب کی 7 ریاستوں نے غلامی کے خاتمے کو مسترد کرکے USAکے مقابلے میں کنفیڈریٹ اسٹیٹس آف امریکہ  یا CSAکے نام سے آزادی کا اعلان کردیا۔ جلدی ہی 11 ریاستوں پر CSAکا پرچم لہرانے لگا۔ غلامی کے حامیوں کاکہنا تھا کہ ہم نے یہ غلام خریدے یابزور بازو حاصل کئے ہیں۔ ملکیتی غلاموں کو آزاد کردینا ایسا ہی ہے جیسے کسی سے اسکی جائیداد چھین لی جائے۔ CSAنے جیفرسن ڈیوس کو صدرمنتخب کرکے ریاست البامہ کے شہر منٹگمری کو اپنا دارالحکومت بنالیا۔ وفاق نے اسے غداری قرار دیتے ہوئے فوج کشی کا آغاز کیا اور  چار سال جاری رہنے والی اس جنگ میں دونوں جانب کے 20 لاکھ سے زیادہ فوجی اور 10 لاکھ کے قریب شہری مارے گئے۔ اس جنگ میں سب سے بڑی آزمائش سیاہ فاموں کی تھی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے انکی آزادی ہی بغاوت کا بنیادی سبب تھی۔ باغیوں نے جنگ کے دوران غلاموں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا اور پسپائی کی صورت میں اگر سارے غلاموں کو ساتھ لیکر بھاگنا ممکن نہ ہوتا تو فرار سے پہلےمریض، خواتین اور کمزور غلام ہلاک کردئے جاتے۔زبردست مقابلے کے  بعد وفاق نے جنگ جیت لی اور باغیوں کےہتھیار ڈالنے کے ساتھ ہی شورش کا شکار تمام 11 ریاستوں نے غیر مشروط طورپر وفاق میں دوبارہ شامل ہونے کا اعلان کردیا۔ دوسری طرف خانہ جنگی سے لگے زخموں کو مندمل کرنے کیلئے تمام باغی جنگی قیدیوں کو باعزت رہا کردیا گیا۔ دونوں جانب کے ہلاک شدگان کو قومی شہدا کا درجہ عطاہوا اور باغی جرنیلوں کو معافی کیساتھ انھیں ہیرو قراردیدیا گیا۔ مئی کے آخری پیر کو امریکہ کیلئےقربانی دینے والوں کو خراج عقیدت کیلئے میموریل ڈے منایا جاتا ہے اس میں باغی جرنیلوں کو بھی امریکی جانبازوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔امریکی فوجیوں کے 10 بڑے اڈے باغی جرنیلوں کے نام پر ہیں۔ کئی امریکی ریاستوں کے پرچم میں کنفیڈریٹ قومی جھنڈے سے مشابہت نظر آتی ہے۔
امریکہ کی وفاقی حکومت نے تو ہتھیار ڈالنے پر باغیوں کو محترمہ پروین شاکر کے مہربان کی طرح منصب دلبری پربحال کردیا، لیکن سیاہ فام کنفریڈ ریاستوں میں جس ذلت و اذیت سے گزرے ہیں وہ زخم ڈیڑھ صدی گزرجانے کے بعد بھی مندمل نہ ہوسکے۔  میموریل ڈے پر جنرل رابرٹ لی اور اسکے قاتل ساتھیوں کو خراج تحسین ان مظلوموں کو اپے زخموں پر نمک پاشی محسوس ہوتی ہے۔یعنی کھِل گئے زخم کوئی پھول کھِلے یا نہ کھِلے
جارج فلائیڈ کی موت کے بعد Black Lives Matterتحریک نے امریکی تاریخ کی تدوینِ نو کے ساتھ معاشرے کی سیاسی و سماجی تطہیر کو اپناہدف بنالیا ہے جس میں انھیں ابتدائی کامیابی بھی نصیب ہورہی ہے۔ موسم انتخاب کی وجہ سے ملک کی سیاسی قیادت کیلئے انکے مطالبات کو یکسر نظر انداز کرنا بھی ممکن نہیں۔ سی این این نے نسلی امتیاز کے خاتمے کیلئے Sesame Streetکی طرز پر بچوں کیلئے ایک تعلیمی پروگرام شروع کیا ہے جس میں کھیل اور کارٹون کے ذریعے انسانی مساوات اوربرابری کا سبق دیا جارہا ہے۔ مائیکروسوفٹ، ایمزون اور دوسرے اداروں نے اہم عہدوں پر اعلیٰ تعلیمیافتہ رنگدار لوگوں کی بھرتی کیساتھ نسلی امتیاز کے خلاف اپنے افسران کی تربیت کا ایک مربوط پروگرام شروع کیاہے۔
تعمیراتی اداروں نے نسل پرست اصطلاحات پر نظر ثانی شروع کردی ہے۔ امریکی گھروں میں منسلک غسل خانے سے مزین خوابگاہ کو ماسٹر بیڈروم کہاجاتا ہے۔ ماسٹر بیڈروم کا تصور دور غلامی کی یاد دلاتا ہے چنانچہ اب ماسٹر بیڈروم کے بجائے اسے لکژری روم، مرکزی خوابگاہ اور اسی نوعیت کے دوسرےنام دئے جارہے ہیں۔
کرسٹوفرکولمبس امریکی سیاہ فاموں  کیلئے نفرت کا استعارہ بنا ہوا ہے۔ 1492 سے 1502 تک اس اطالوی نژاد جہاز راں نے ہسپانیہ سے بحراوقیانوس کے دوسرے کنارے پر 'نئی دنیا' کی تلاش میں سفر کیا۔ اس بارے میں پاکستان کے مشہور مزاح نگار جناب ابن انشا مرحوم نے ایک بار کہا تھا کہ  کولمبس نے نئی دنیا دریافت کرکے باقی دنیا کو عذاب میں ڈال دیا۔
کولمبس پہلی بار تین جہازوں کے قافلے میں وسط امریکہ میں واقع پسپانوی نوآبادی جزیرہ کنیری Canary Islandپہنچا۔ اس جزیرے پر خوبصورت چڑیاں، پرندے اور نایاب نسل کی زرد بلبل یا Canaryپائی جاتی ہیں۔ ہمارا خیال تھا کہ شائد اس بلبل کی مناسبت سے اسے جزیرہ کنیری کہا جاتا ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ جزیرے پر عمدہ نوعیت کی شراب نتھاری جاتی ہے جسے کینری وائن کہتے ہیں اور یہی شرابِ خانہ خراب اس خوبصورت جزیرےکی وجہ تسمیہ ہے۔
بات شائد تھوڑی لمبی ہوجائے لیکن امریکہ میں نسل پرستی کی تاریخ کو سمجھنے کیلئے نئی دنیا کی جانب کولمبس کے سفر کے پس منظر کا مختصر  جائزہ ضروری ہے۔ کولمبس صاحب تھے تو اطالوی لیکن اس مہم کی مالی اعانت ہسپانیوی ملکہ ازابیل Isabella نےکی تھی۔اسی عرصے میں اندلس کی اسلامی ریاست کا خاتمہ ہوااور ملکہ نے ایک حکم کے ذریعے کیتھولک مذہب کو ریا ستی عقیدہ وقرار دیکر غیر کیتھولک آبادی یعنی مسلمانوں اور یہودیوں کو ملک بدر کردینے کاحکم جاری کردیا۔ اسی کے ساتھ مساجد اور یہودی کینیسے نذر آتش یا کیتھولک عبادت گاہوں اور خانقاہوں میں تبدیل کردئے گئے۔ کچھ مسلمانوں اور یہودیوں نے جان بچانے کیلئے کیتھولک مذہب قبول کرلیا لیکن ملکہ صاحب کے مذہبی مشیر نے انھیں بتایا کہ دین تو پیدائشی اعزاز ہے، کسی اور مذہب کا پیروکار کیتھولک نہیں بن سکتا چانچہ ان سارے  'بدمذہبوں' کوزندہ جلادیا گیا۔ کیتھولک مسیحیت کا پیغام دیکر ہی ملکہ نے کولمبس کو نئی دنیا تلاش کرنےکا ہدف دیا تھا۔ سقوط غرناطہ اور تہذیب اندلس کا خاتمہ اسلامی تاریخ کا بدترین دور ہے لیکن مسلم یہودی تعاون و اتحاد کا ایسا مخلصانہ مظاہرہ اسکے بعد کبھی نظر نہ آیا۔ شائد یہ اسی دور کا فیض ہے کہ قدامت پسند یہودی اب بھی خلافت عثمانیہ اور ترکی کے بارے میں اچھی رائے رکھتے ہیں۔
کنیری سے واپسی پر کولمبس نے ملکہ کو علاقے کی خوشحالی اور وہاں کے تنومند نوجوانوں کے بارے میں بتایا جس سے توسیع پسند ملکہ صاحبہ کی باچھیں کھل گئیں، چنانچہ دوسرے سفر میں کرسٹوفر کولمبس 17 جہازوں میں 1200 ہسپانوی سپاہیوں کو لے کر گئے۔ انھیں سپاہیوں سے زیادہ اجرتی قاتل اور جرائم پیشہ کہنا زیادہ درست ہوگا۔ قافلے میں انجیل کے علما اور پادری بھی تھے۔ اس بار کولمبس جزیرہ کینیری پر اتر کر اس طرف گئے جسے آجکل ڈومینکن ریپبلک کہاجاتا ہے۔ اس پوری علاقے پر قبضے اور ملکہ ازابیل کا باجگزار بنانے کے بعد ہسپانیہ واپس جاکر انھوں نے یہاں سے پکڑے گئے سینکڑوں مقامی غلاموں کو شاہی خاندان اور ہسپانوی زعما کی خدمت میں بطور تحفہ پیش کیا۔ کولمبس اسکے بعد بھی دوبار وسط امریکہ آئے اور انھوں نے یہاں سے کچھ قافلے شمالی امریکہ ( حالیہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ) کی جانب بھیجے تاہم کولمبس کے خود امریکہ آنے کےبارے میں ابہام ہے۔ موصوف کی اس مہم کا مقصد سفید فام کیتھولک ریاست کا قیام تھا۔ امریکہ بھر کے نسل پرستوں کیلئے کرسٹوفر کولمبس ایک دیوتا کی حیثیت رکھتا ہے اور KKKجیسے دائیں بازو کے نسل پرست قدمت پسند اب تک 'نشاۃ ثانیہ' کا خواب دیکھ رہے ہیں۔انتہا پسندوں کے علاوہ عام امریکی بھی اسے امریکہ کا دریافت کنندہ سمجھتے ہیں۔ امریکہ کے کئی بڑے شہر کولمبس کے نام پر ہیں اور بہت سے مقامات پر انکے مجسمے نصب ہیں۔
جیسا کہ ہم نے پہلے عرض کیا جارج فلائیڈ کے وحشیانہ قتل کے بعدنسلی مساوات اور سماجی انصاف مہم کا کلیدی ایجنڈا امریکی تاریخ کی تدوین نوہے۔ Black Lives Matterکا کہنا ہے کہ انسانیت کے ان دشمنوں کو بے نقاب کرنا ضروری ہے جنھیں بے ایمان تاریخ دانوں نے ہیرو اور نجات  دہندہ کا روپ بلکہ بہروپ عطا کررکھا ہے۔ سیاہ فاموں اور ہسپانیویوں میں کرسٹوفر کولمبس کیلئے سخت نفرت پائی جاتی ہے۔ حالیہ تحریک کے دوران واشنگٹن، نیویارک اور ہیوسٹن  سمیت امریکہ میں کئی جکہ کولمبس کے مجسموں پر حملے ہوئے۔ اکثر جگہ انتظامیہ نے ان مجسموں کو تباہی سے محفوظ رکھا لیکن لوگوں نے پولیس سے ہاتھا پائی کے دوران غلام بنانے والے کولمبس کے مجسمے کو سرخ رنگ سے لہو لہان کردیا۔4جولائی کو امریکہ کے یوم آزادی پر دارالحکومت کے مضافاتی شہر بالٹی مور Baltimore میں عوام نے  کولمبس کے مجسمے کوٹکڑے ٹکڑے  کرکے دریا برد کردیا۔ کئی دوسرے شہروں میں  بھی کولمبس کے مجسموں پر حملے کئے گئے۔
اس دوران ایک بڑامظاہرہ جنوبی ڈکوٹا میں جبل رشمور (Mount Rushmore)کے قریب ہوا۔ یہ پہاڑ صدیوں تک مقامی امریکیوں یا امریکی انڈینز کی عبادت گاہ سمجھا جاتا تھا۔ 1925 میں پہاڑ پر امر یکہ کے بانیوں کی مورتی تراشنے کا فیصلہ ہوا۔ مقامی لوگوں نے اسکے خلاف احتجاج کیا کیا لیکن قوم پرستی کے سیلاب کے آگے ان بیچاروں کی ایک نہ چلی۔ یہی نہیں بلکہ اس پہاڑ کو 'جمہوریت کی خانقاہ' یا Shrine of Democracyقراردیکر مقامی افراد کے مذہبی جذبات پر تیشہ چلادیا گیا۔ 1939میں یادگار مکمل ہوئی۔ اس پہاڑ کی چوٹی پر جارج واشنگٹن، ٹامس جیفرسن،ابراہام لنکن اور صدر تھیوڈور روزویلٹ کی شبیہیں تراشی گئی ہیں۔ 
یوم آزادی کے موقع پر صدر ٹرمپ یہاں آتشبازی کا مظاہرہ دیکھنے آئے تو ہزاروں مقامی لوگوں نے انکے خلاف مظاہرہ کیا۔اس موقع پر اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے مظاہرین کو بائیں بازو کے ملک دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ملک کو قابل فخر ثقافتی ورثے اور تاریخی اثاثے سے محروم کردینا چاہتے ہں۔
نسلی امتیاز کے خلاف تحریک کے اثرات امریکہ سے باہر بھی محسوس ہورہے ہیں۔12 جون کو لندن میں ونسٹن چرچل کے مجسمے پر مظاہرین نے “چرچل نسل پرست تھا” لکھدیا۔دلچسپ بات کہ چرچل کے مجسمے کی درگت اسوقت بنائی گئی ہے جب دوسری جنگ عظیم کے اس عظیم مرحلے کی یاد منائی جارہی تھی جسے D dayکہتے ہیں۔چرچل کے مجسمے کو عوامی انتقام سے بچانے کیلئے لکڑی کے بکس میں بند کردیا گیاہےیہ بھی تجویز ہے کہ اسے چوک سے ہٹا کر عجائب گھر میں رکھ دیا جائے۔جمہوریت کے اس نام نہاد علمبردار نے بدترین قحط کے دوران ہندوستانیوں کے بارے میں کہا تھا 'قحط سے کیا فرق پڑتا ہے، افزائش نسل کے معاملے میں ہندوستانی خرگوش سے کم نہیں'
صدر ٹرمپ اپنے قدامت پسند ووٹروں کو نسلی مساوات کی تحریک سے ڈرا رہے ہیں۔ وہ ہرجگہ کہتے پھر رہے ہیں کہ بائیں بازو کے مظاہرین نے امریکہ کے چوراہوں اور شاہراہوں پر قبضہ کررکھا ہے۔ مقدمات میں الجھ کر قانون نافذ کرنے والے ادارے مفلوج ہو گئے ہیں۔ تھانوں کے گھیراو سے پولیس افسران کے حوصلے پست ہیں۔صدر ٹرمپ نے 2016 کا انتخاب مسلمانوں، رنگداروں اور غیر ملکی تارکین وطن کے خلاف نفرت پھیلا کر جیتا تھا۔ تاہم گزشتہ بار سیاہ فام ووٹروں کی مایوسی نے صدر ٹرمپ کی کامیابی میں اہم کردار اداکیا تھا۔انکی حریف ہیلری کلنٹن اپنے ووٹروں کو گھروں سے نکالنے میں ناکام رہیں۔ تاہم اس بار صورتحال مختلف ہے۔ Black Lives Matterسارے امریکہ میں ووٹر رجسٹریشن کی مہم چلارہی ہے اور عام خیال یہی ہے کہ بڑے شہروں میں اس بار بھاری تعداد میں ووٹ ڈالے جائینگے جسکا فائدہ جو بائیڈن کو ہوگا۔ دوسری طرف کرونا وائرس کے خلاف اقدامات پر عام سفید فام امریکی بھی خوش نہیں۔ جنوبی ریاستوں میں یہ وبا بے قابو ہوتی نظرآرہی ہے۔صدر ٹرمپ متنازعہ بلکہ کسی حد تک نفرت انگیز گفتگو کرکے انتہاپسندوں کو اپنے گرد اکھٹا کرنا چاہتے ہیں۔ یہ حکمت عملی گزشتہ انتخابات میں سیاہ فاموں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کام کرگئی لیکن توقع کے مطابق اگر اس بار سیاہ فام اور ہسپانوی ووٹروں کا سونامی پھوٹ پڑا تو قصر سفید کے ساتھ امریکی سینیٹ پر بھی ریپبلکن پارٹی کی گرفت کمزور پڑسکتی ہے۔
ہفت روزہ فرائیڈے اسپیشل کراچی 10 جولائی
2020

No comments:

Post a Comment