سوشل میڈیا پر قدغن
فیس بک نے کیوا نان) (QAnon گروپ کے اشتہاروں پر پابندی لگادی ہے۔ CNBC کے مطابق اس پابندی کا اطلاق فیس سے وابستہ تمام سوشل پلیٹ فارم پر ہوگا
'نظریہ سازش'کے حامل اس گروہ کا خیال ہےکہ
- قحبہ گردی کی نیت سے خواتین کی اسمگلنگ کرنے والے اور
- بچوں سے ناشائستہ تعلقات کے رسیا شیطان کے بندے یعنی Satan-worshiping pedophiles
صدر ٹرمپ کے خلاف سازش کررہے ہیں۔ کیوانان کے مطابق ہالی ووڈ کے اخلاق باختہ لبرل فلمساز اور میڈیا پر قابض بائیں بازو کے قلمکار مربوط و منظم انداز میں امریکہ کی مسیحی اقدار کو کھوکھلا کرنے میں مصروف ہیں۔
فیس بک پر جاری ہونے والے کیو انان کے اشتہاروں میں بلیک لائیوز میٹر Black Lives Matter، فلسطینی حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں، مزدور یونینوں،مسلمانوں اور تارکینِ وطن کی حمائت کرنے والوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ کیو نان کا موقف ہے کہ شہری و انسانی حقوق کے نام پر امریکہ دشمنوں کی پشتیبانی کی جارہی ہے۔ چونکہ صدر ٹرمپ امریکہ کے جغرافیائی و نظریاتی تحفظ کیلئے پرعزم ہیں اسلئے ملک دشمن عناصر امریکی صدر کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے متحد ہوچکے ہیں
کیونان خدشہ ظاہر کررہی ہے کہ اگر صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو تسلسل و دوام نہ مل سکا تو:
- میرا جسم میری مرضی کے عنوان سے اسقاط حمل کی آزادی بچوں کے قتل کو غیر مشروط قانونی تحفظ فراہم کردیگی
- ہم جنس شادی کے نام پر بچے بدسلوکی کا نشانہ بنیں گے
- شترِ بے مہار مزدور یونینیں اس مضبوط و مستحکم سرمایہ دارانہ معیشت کا جنازہ نکال دینگی جو صدیوں سے ہماری خوشی اور خوشحالی کا باعث ہے
- فلسطینی ریاست کا قیام اسرائیل کی سالمیت کو ناقابل تلافی نقصان کا سبب بن سکتا ہے
- آزاد امیگریشن پالیسی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلم دہشت گرد، منشیات کے اسمگر، قحبہ گرد، قاتل اور مجرم پیشہ ہسپانوی جتھے امریکیوں کی زندگی حرام کردینگے
کیونان کے نظرئیے سے شدید اختلاف اپنی جگہ لیکن فیس بک کے اس فیصلے کی حمائت نہیں جاسکتی ۔عقائد کی توہین اور مقدس ہستیوں سے گستاخی کے سوا کسی بھی عنوان سے آزادیِ اظہار رائے پر قدغن قابل مذمت ہے
۔
No comments:
Post a Comment