نگورنوکارا باخ ۔۔۔ تاریخی کلیسا پر میزائیل حملہ
آج نکورنو کارباخ کے شہر شوشہ (Shusha)میں 130 سال قدیم کلیسائے کبریٰ (Cathedral) کونشانہ بنایا گیا۔ Ghazanchetsotsکے مقام پر Holy Saviorیاپاک نجات دہندہ کے نام سے مشہور اس عبادت گاہ کا سنگ بنیاد1722میں رکھاگیا۔ روسی حملوں کی بناپر تعمیر کا کام ملتوی ہوتا رہا اور1888میں تکمیل پر یہاں عبادت کا آغاز ہوا۔اس عبادت گاہ کا شمار یورپ کے چندبڑے، قدیم اور تاریخی کلیسا ہائے کبریٰ میں ہوتا ہے۔ 1998میں اسکی توسیع و مرمت کیلئے آذربائیجانی حکومت نے بھی مالی مدد فراہم کی تھی۔
ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق حملےکے وقت کلیسا سے منسلک خانقاہ میں بچے موجود تھے۔ مبینہ طور پر دو میزائل کلیسا پر آکر گرے، جس سے اسکی چھت کا ایک حصہ زمیں بوس ہوگیا۔ بچے اور عبادت میں مصروف لوگ تو محفوظ رہے لیکن وہاں موجود ایک روسی صحافی شدید زخمی ہوگیا۔ آذری فوج نے اس حملے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آذربائیجان تاریخی اور مذہبی نوادرات کا احترام کرتا ہے اور مقدس مقامات پر حملے کا تصور بھی ہماری اقدار کے خلاف ہے۔
آذری حکومت کی واضح تردید سے اندازہ ہوتا ہے کہ کلیسا کو جان بوجھ کر نشانہ نہیں بنایا گیا بلکہ یہ متبرک و مقدس مقام جنگ وجدل کا غیر ارادی نشانہ بناہے جسے عسکری اصطلاح میں Collateral Damageکہتے ہیں۔اس سے پہلے تاتار علاقوں کی کچھ مساجد اور ایک بڑےمدرسے کو آرمینیا کی گولہ باری سے نقصا ن پہنچا تھا۔
دو دن پہلے آرمینیا نے باکو سے ترک بندرگاہ جیہاں (Cehan)جانے والی خام تیل کی پائپ لائن پرراکٹوں سے حملہ کیاتھا۔ بحر خزر (کیسپین) سے بحرروم جانے والی یہ 1100 میل لمبی پائپ لائن آذربائیجان کی معاشی شہہ رگ ہے۔ اس کے ذریعے روزانہ ساڑھے 6 لاکھ بیرل تیل برآمد کیا جاتا ہے۔
حملے میں مبینہ طور پر 300 چھوٹے بموں پر مشتمل کلسٹر راکٹ استعمال کیا گیا اور آذری صدر کا دعوی ٰ ہے کہ کلسٹر راکٹ کے ذریعے روسی ساختہ M85بم پھینکے گئے ۔ اقوام متحدہ نے ان بموں کے استعمال پر پابندی عائد کررکھی ہے۔ حملے میں پائپ لائن محفوظ رہی لیکن قریبی گاوں مسمار ہوگیا اور ایک شخص اپنی جان سے گیا۔ دوسرے دن بھی کلسٹر راکٹ سے شہری آبادی پر حملہ کیا گیا۔
تیل پائپ لائن پر حملوں ، وسیع پیمانے پر ہلاکت پھیلانے والے ممنوع ہتھیار المعروف WMDکے استعمال اور اب مقدس مذہبی مقامات پر حملوں سے ایک خوفناک علاقائی جنگ کی خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
No comments:
Post a Comment