سیاست اور ارضیاتی علوم
انتخابات کے حوالے سے شکست و فتح کی پیشنگوئی سیاسی تجزیہ نگاروں اور صحافیوں کیلئے بڑی آزمائش ہے۔ شماریاتی سائینس کے میدان میں زبردست جستجو و تحقیق نے اب رائے عامہ کے جائزوں کو خاصہ معتبر بنا دیا ہے لیکن غلطی کا امکان بہر حال موجود ہے۔
امریکہ میں سیاسیات کے ایک استاد ڈاکٹر ایلن لِکمین (Allan Lichtman) نے روس کے مشہور ماہر ارضی طبعیات (Geophysicist) آنجہانی ولادیمر لیکس بوروک (Vladimir Keilis-Borok)سے مل کر انتخابی نتائج کی پیشنگوئی کیلئے ایک پیمانہ یا ماڈل ترتیب دیا ہے۔ روسی سائئنس اکیڈمی کے بانی ڈاکٹر ولادیمرم ساری زندگی زلزلے کی پیشنگوئی کے طریقے وضع کرنے میں مصروف رہے اور اس جستجو میں انھوں نے دنیا بھر کے مراکز ارتعاشات (Seismology Centers)کا دورہ کیا۔ڈاکٹر صاحب ادھرکافی عرصے سے امریکہ میں تھے اور ٰمرتے دم تک مختلف زلزلہ پیما مراکز سے ملنے والی معلومات اور مشاہدات مثلاً ارتعاش پیما کا تفصیلی جائزہ، علاقے کا موسم (درجہ حرارت، ہواکا رخ اور رفتار، مطلع وغیرہ)، وقت،رینگنے والے کیڑوں سمیت مویشیوں اور جانوروں کی حرکات و سکنات، نوزائیدہ بچوں کے طرز عمل وغیرہ کے مشاہدے کی بنیاد پرایک ماڈل تشکیل دینے کی کوشش کرتے رہے۔
اسی انداز میں ڈاکٹر لکمین نے سیاسی صورتحال و مشاہدات پر مبنی 'قصرِ مرمریں کیلئے 13 کنجیاں' یا The 13 keys to the White House کے عنوان سے ایک سوالنامہ ترتیب دیا۔ہر سوال کا جواب درست اور غلط کی شکل میں ہے۔ تجزئے کے دوران جس امیدوار کے حوالے جتنے زیادہ جواب 'درست' ہونگے اسکی کامیابی کا امکان اتناہی زیادہ ہوگا۔ سیاست و صحافت کے طلبہ کیلئے ان کنجیوں کی وضاحت
- وسط مدتی انتخاب کا نتیجہ۔ کیا پارٹی کانگریس میں اپنی عددی حیثیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہی؟
- امیدوار کو پارٹی میں ٹکٹ کیلئے اعصاب شکن مقابلے کا سامنا تو نہیں ہواَ؟
- کیا امیدوار پہلے سے صدر ہے یعنی اپنی نشست کا دفاع کررہا ہے؟
- کیا تیسری جماعت کا مضبوط امیدوار بھی میدان میں ہے؟
- کیا ملکی معیشت کساد بازاری کا شکار ہے؟
- کیا معیشت کا مستقبل مثبت نظر آرہا ہے؟
- کیا برسراقتدر صدر نے اپنے دورحکومت میں قومی پالیسی کے حوالے سے کوئی مثبت تبدیلی لائی ہے؟
- کیاملک کو سماجی اعتبار سے کسی قسم کی بدامنی و بے چینی کا سامناہے؟
- کیا امیدوار کو کسی قسم کے بڑے اسکینڈل کا سامنا ہے؟
- کیا دوران اقتدار امریکہ کو بڑی سفارتی یا عسکری ناکامی کا منہہ دیکھنا پڑا ہے؟
- کیا دوران اقتدار امریکہ کو بڑی سفارتی یاعسکری کامیابی نصیب ہوئی ہے؟
- برسراقتدار صدر پرکشش شخصیت کا مالک ہے؟
- کیا مخالف امیدوار پرکشش شخصیت کا مالک ہے؟
ڈاکٹرصاحب ان ' کنجیوں' کی بنیاد پر 1984 سے صدارتی انتخاب کی کامیاب پیشنگوئی کرتے رہے ہیں یعنی 2016 تک انھوں نے مسلسل 9 بار کامیاب پیشنگوئی کی ہے۔ آنے والے انتخابات کے بارے میں ٖڈاکٹر لکمین کا خیال ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن کی کامیاب رہینگے۔
چراغ تلے اندھیرا: ڈاکٹر لکمین نے 2006 میں ریاست میری لینڈ سے سینیٹ کی نشست کیلئے قسمت آزمائی کی لیکن سائینسی بنیادوں پر کامیاب پیشنگوئی کرنے والے ڈاکٹر لکمین ٹکٹ کیلئے ہونے والے پرائمری انتخاب میں چھٹے نمبر پر رہے کہ کل امیدوار ہی چھ تھے۔
No comments:
Post a Comment