Tuesday, January 15, 2019

بحر عرب میں تیل کی تلش کیلئے کیکڑا 1 نامی کنویں کی کھدائی


کیکڑا 1
بحر عرب کے گہرے پانیوں میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے کیکڑا 1 نامی کنویں کی کھدائی کا کام شروع ہوگیا ہے۔ اسکے بارے میں میڈیا پر جس انداز میں خبریں شایع ہورہی ہیں ان میں اکثر مبالغہ آرائی سے مزین بلکہ بڑی حد تک مضحکہ خیز ہیں۔ افسوس کی بات کہ وفاقی وزرا سمیت انتہائی ذمہ دار حضرات کی جانب سے جو ٹویٹ جاری ہورہے ہیں ان میں سے اکثر حقیقت سے بعید ہیں۔ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر جہاز رانی جناب علی زیدی کا ایک چیختا چنگھاڑتا پیغام سوشل میڈیا پر شائع ہوا جسکے مطابق ملک کی تاریخ میں پہلی سمندر میں تیل کی تلاش کیلئے کھدائی کا آغاز ہوا ہے اور یہ کام امر یکی تیل کمپنی ExxonMobilانجام دے رہی ہے۔
 آج کی نشست میں ہم اس منصوبے یا پروجیکٹ کا ایک اجمالی خاکہ پیش کرینگے جو شائد احباب کو پسند آئے۔
سب سے پہلی بات تو یہ کہ بحر عرب میں قسمت آزمائی آزادی کے فوراً بعد شروع ہوگئی تھی۔پہلا کنواں 1963 میں کھودا گیا اور اب تک ڈیڑھ درجن کے قریب کنوٰیں کھودے جاچکے ہیں۔گہرے پانی میں بھی یہ پہلی کوشش نہیں۔ فرانسیسی کمپنی ٹوٹل کئی سال پہلے اسی بلاک سے متصل ایک کنواں کھود چکی ہے۔یہ کوئی مافوق الفطرت یا انوکھا کام  بھی نہیں  بلکہ پاکستانی انجنیرز یہ کام برسہا برس سے کررہے ہیں اور مہارت کے اعتبار سے ہم نہ صرف خود کفیل ہیں بلکہ ساری دنیا میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ کھدائی کیلئے حاصل کئے جانیوالے رگ بردار جہاز Sipem 12000 پر پاکستانی ماہرین اس سے پہلے مراکش اور موزنبیق میں کام کرچکے ہیں۔ تیل وگیس کی صنعت میں پاکستان کا شمار دنیا کے انتہائی تجربہ کار ممالک میں ہوتا ہے یا یوں کہئے کہ ساری دنیا تیل و گیس کے میدان میں ہماری سیادت و قیادت کو تسلیم کرتی ہے اور یہ کنواں پاکستانی ماہرین کیلئے معمول کی ایک مشق ہے۔
دوسری غلط فہمی ExxonMobilہے۔ اس امریکی کمپنی کا ایسا ہوا کھڑا کیا گیا ہے کہ گویا سارا کام ایگزان کر رہی ہے۔ حالانکہ ایگزان کا رول یا رولا صرف اتنا سا ہے کہ Eniکی قیادت میں کام کرنے والے سہہ رکنی مشارکے (Consortium) میں ایگزان نے 25 فیصدحصص خریدے ہیں۔ بنیادی طور پرمشارکے میں Eniکا حصہ 33.34 فیصد جبکہ پی پی ایل (PPL)اور او جی ڈی سی (OGDC)میں ہرایک کا حصہ 33.33فیصد تھا۔ 2017 میں ایگزان نے اس منصوبے میں دلچسپی ظاہر کی۔ ایکزون کو اس پروجیکٹ پر راغب کرنے میں جہاں شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیرمملکت برائے پیٹرولیم اور موجودہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا ہاتھ ہے وہاں اصل کارنامہ پی پی ایل اور او جی ڈی سی کے ماہرین کا ہے جنھوں نے سخت محنت سے مساحت ارضی اور دوسری آزمائشوں کے اعداد وشمار کو منطقی وخوبصورت انداز میں پیش کرکے اس Prospectکو ایگزان کیلئے پرکشش بنایا۔ 28 مئی 2018 میں ایک معاہدے کے ذریعے ای این آئی نے 8.34 فیصد اور پی پی ایل اور او جی ڈی سی نے اپنے 8.33فیصد حصص ایگزان کو فروخت کردئے اور اب یہ مشارکہ چار رکنی ہوگیا جہاں ہر ایک کا حصہ 25 فیصد تھا۔کچھ دن بعد ضابطے کے تحت چاروں کمپنیوں نے اپنے 1.25 فیصد حصص گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ (GHPL)کے حوالے کردئے۔ اب ان چاروں کمپنیاں کا اس مشارکے میں 23.75فیصد ہے جبکہ بر بنائے ضابطہ 5 فیصد حصے کی مالکGHPL ہے۔
کچھ اخبارات سے یہ تاثر ملاکہ کھدائی کے لئے آنیوالا یہ رگ بردار جہاز Exxonکا ہے تو یہ بات بھی درست نہیں۔ یہ رگ اطالوی کمپنی SIPEMکی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے تک Sipem ای این آئی کا ذیلی ادراہ تھی لیکن اب غالبا Sipemمیں ای این آئی کی ملکیت 30 فیصد رہ گئی ہے۔
سفید جلد، نیلے پاسپورٹ اور سبز ڈالر سے مرعوبیت اپنی جگہ لیکن حقیقت میں تجربے کی اعتبار سے ایگزون کا پی پی ایل اور او جی ڈی سی سے کوئی مقابلہ نہیں بلکہ بحر عرب کی ارضیات کے باب میں ایگزان کے لوگ PPLاور او جی ڈی سی کے ماہرین کے آگے طفل مکتب ہیں اور اس بات کا خود ایگزان کو بھی احساس ہے۔
تیل و گیس کی تلاش و پیداوار ایک قیمتی مشغلہ ہے اور اس صنعت میں زیادہ تر کام نقد ہوتا ہے۔ بحر عرب کے اس منصوبے پر یہ کمپنیاں اربوں کی توقع پرکروڑوں ڈالر خرچ کررہی ہیں۔ ہمیں اصل اعدادوشمار کا تو علم نہیں لیکن قیاس ہے کہ کہ کنویں کی کھدائی کا یومیہ خرچ5 (spread cost) لاکھ ٖڈالر یا 7 کروڑ روپئے ہے۔ یہ تو صرف کھدائی کا خرچ ہے اس سے پہلے تحقیق و جستجو میں کروڑوں ڈالر صرف ہوچکے ہیں۔ اسقدر بھاری خرچ کی بنا پر اپنے تجارتی مفادات کی حفاظت فطری امر ہے۔ ان کمپنیوں کی خواہش ہوگی کہ کامیابی کی صورت میں وہ متصل بلاکس کیلئے درخواست دیکر اپنے حقوق محفوظ کرلیں جبکہ ناکامی پر  ان اثاثوں کی اچھی قیمت پر فروخت انکا ہدف ہوگا۔ دونوں صورتوں میں رزاداری ضروری ہے اسی بنا پر کنویں کے تجزئے اور نتائج سے متعلق معلومت پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے جسےصنعتی اصطلاح میں Tight Holeپروٹوکول کہتے ہیں۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کنویں سے متعلق تمام معلومات ای این آئی کے چند ماہرین تک محدود ہے حتیٰ حصہ داروں سے بھی اسے خفیہ رکھا جارہا ہے۔
اس وضاحت کا مقصد احباب کو یہ بتانا تھا کہ اخبارات اور سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی خبریں محض قیاس اور تکا ہیں جن پر اعتماد کرلینا مناسب نہیں ہوگا۔
اس قسم کے کنووں پر کامیابی کی امید 10 سے سے 12 فیصد ہوتی ہے اور کیکڑا1 کی کامیابی کا امکان بھی 12 فیصد سے زیادہ نہیں۔ ایک اوربات جو ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے کہ بسا اوقات آزمائشی کنووں کے نتایح مبہم اور غیر تسلی بخش ہوتے ہیں اور تخمینوں کی تصدیق کیلئے مزید کھدائی درکار ہوتی ہے۔ ایسا کم ہی ہوا کہ پہلے ہی کنویں سے اتنی صاف و شفاف اور حتمی معلومات حاصل ہوگئی کہ ترقی و پیداوار کا منصوبہ بنالیا گیا۔ یہاں دیدہ ور کی ولادت کیلئے بیچاری نرگس کو اپنی بے نوری کا برسوں ماتم کرنا پڑتا ہے۔کچھ احباب یہ سمجھے بیٹھے ہیں کہ گیس کا ذخیرہ تلاش ہوتے ہی ڈالروں کی بارش شروع ہوجائیگی تو صاحبو ایسا نہیں ہے۔ اگر کیکڑا 1 انتہائی کامیاب بھی ثابت ہوا تو پیداوار 2024 سے پہلے ممکن نہیں۔ اسلئے صبر کے ساتھ دعا گو رہنے کی ضرورت ہے۔

No comments:

Post a Comment