Wednesday, June 12, 2019

حوثیوں کا سعودی عرب کے ائرپورٹ پر میزائیل حملہ


حوثیوں کا سعودی عرب کے ائرپورٹ پر میزائیل حملہ
گزشتہ ہفتے اتحادی طیاروں  نے جنوب مغربی یمن کے پہاڑی مقام حجہ کونشانہ بنایا  تھا جس میں حوثیوں کے مطابق  درجنوں عورتیں اور بچے جاں بحق ہوئے۔ حملے کی مذمت کرتے ہوئے حوثیوں کے ترجمان  محمد عبدالسلام نے مناسب جواب کی دھمکی دی تھی۔   المسیرہ ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا  کہ  انکا جواب آنکھ کے بدلے آنکھ کے اصول پر ہوگا۔
اپنی دھمکی کو عملی جامہ پہناتے ہوئے آج (12 جون )  صبج  حوثیو  ں نے گشتی (Cruise)  میزائیلوں  سے صوبہ العصیر کے ابہا ائرپورٹ پر حملہ کردیا۔ یمن کے حجہ کی طرح ابہا بھی ایک صحت افزا  پہاڑی مقام ہے۔ تپتے ہوئے صحرائی ملک میں 2270 میٹر بلند کوہسارِ ابہا   سعودی سیاحو ں میں بے حد مقبول ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPAکے مطابق میزائل ابہا ائرپورٹ کے Arrival Hallمیں آکر گرے جس سے  عورتوں اور بچوں سمیت 26 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 8 لوگوں کی حالت نازک ہے ۔ میزائل سے عمارت کو بھی نقصا ن پہنچا اور ایرپورٹ  وقتی طور سے بند کردیا گیا۔دوروز پہلے حوثیوں نےابہا کے مشرق میں خمیس مشیط  کے  شاہ خالد فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی لیکن  سعودیوں نے  2 بم بردارحوثی ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کردیا۔
گزشتہ چند ماہ سے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے فضائی حملوں میں شدت آگئی ہے۔ایران نواز حوثی باغی ان حملوں میں مختلف نوعیت کے میزائیل اور بم بردار ڈرون استعمال کر رہے ہیں۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ایران  حوثیوں کو مہلک میزائل اورڈرو ن فراہم کررہا ہے۔ دوسری طرف  حوثیوں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر اتحادی طیاروں نے یمنی شہریوں پر حملے بند نہ کئے تو انکے ڈرون اور میزائل  سعودی عرب کے تیل سے مالامال  مشرقی صوبے اور دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ خوفناک جنگ 5 برس سے جاری ہے جس میں لاکھوں یمنی ہلاک ہوچکے ہیں، سارا ملک ملبے کا ڈھیر ہے اور قحط و بیماری نے  یمن کی شہری آبادی کو مفلوج کردیا ہے۔


No comments:

Post a Comment