Sunday, June 23, 2019

حوثیوں کا سعودی عرب کے ائرپورٹ پر ایک اور ڈرون حملہ


حوثیوں کا سعودی عرب کے ائرپورٹ پر  ایک اور ڈرون حملہ
آج  اتوار 24 جون کی صبح  یمن کے حوثی باغیوں نے ابہا پر ڈرون حملہ کیا۔ یمن کی سرحد سے 200 کلومیٹر شمال میں پر فضا مقام ابہا  کا خوبصورت شہر العصیر صوبے میں واقع ہے۔ تپتے ہوئے صحرائی ملک میں 2270 میٹر بلند کوہسارِ ابہا   سعودی سیاحو ں میں بے حد مقبول ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی  SPAکے مطابق بارود بردار ڈرون ائرپورٹ کے موقف (Parking)پر آکرگرا جس سے شام کا ایک شہری  جاں بحق  اور 7 سعودی شہری زخمی ہوگئے۔حوثیوں کے المسیرہ ٹیلی ویژن نے دعویٰ کیا ہے کہ اسکے مسلح  ڈرونز نے  ابہا اور جیزان میں خلیجی اتحاد کے عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔  المسیرہ کا کہنا ہے کہ  خلیجی طیارے یمن میں  نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں جسکے جواب میں  آنکھ کے بدلے آنکھ کے اصول پر کاروائی کی جارہی ہے۔
12 جون کو حوثیوں نے گشتی (Cruise)  میزائیلوں  سے  ابہا ائرپورٹ پر حملہ کیاتھا۔ یہ میزائل ائرپورٹ کے Arrival Hall میں گرے جس سے 26 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اسکے بعد سے تقریبا ہر ہفتے ابہا اور صوبے جیزان پر ڈرون حملے ہورہے ہیں۔
گزشتہ چند ماہ سے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے فضائی حملوں میں شدت آگئی ہے۔ایران نواز حوثی باغی ان حملوں میں مختلف نوعیت کے میزائیل اور بم بردار ڈرون استعمال کر رہے ہیں۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ایران  حوثیوں کو مہلک میزائل اورڈرو ن فراہم کررہا ہے۔ دوسری طرف  حوثیوں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر اتحادی طیاروں نے یمنی شہریوں پر حملے بند نہ کئے تو انکے ڈرون اور میزائل  سعودی عرب کے تیل سے مالامال  مشرقی صوبے اور دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ خوفناک جنگ 5 برس سے جاری ہے جس میں لاکھوں یمنی ہلاک ہوچکے ہیں، سارا ملک ملبے کا ڈھیر ہے اور قحط و بیماری نے  یمن کی شہری آبادی کو مفلوج کردیا ہے۔


No comments:

Post a Comment