Monday, April 22, 2019

لغزشِ زبان ۔۔ احتیاط لازم ہے


لغزشِ زبان ۔۔ احتیاط لازم ہے
ایران میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان پڑوسیوں کے درمیان بہتر تعلقات  کی اہمیت پر زور دے رہے تھا۔ وہ کہنا چاہ رہے تھے ماضی میں ایک دوسرے کے خون کے پیاسے جرمنی اور فرانس  نے نفرتوں کو ختم کرنے کیلئے اپنی سرحدوں پر تجارتی مراکز قائم کردئے جس سے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان باہمی رابطے بڑھے اور تجارتی سرگرمیوں کی وجہ سے  دلوں کی دوریاں بھی دور ہوگئیں ۔ جناب عمران خان کا یہ کہنا غلط  بھی نہیں۔ جرمنی کی سرحد پر واقع فرانسیسی شہر اسٹراسبرگ  Strasbourgبہت بڑا صنعتی مرکز ہے جہاں جرمنی اور فرانس کی کمپنیو ں نے اپنے کارخانے قائم کررکھے ہیں۔ روزانہ جرمنی سے ہزاروں کارکن یہاں کام کرنے آتے ہیں۔جرمنوں اور فرانسیسیوں کے میل جول کی وجہ سے اس شہر کی ثقافت بھی تبدیلی ہوگئی ہے۔ سارے شہر میں فرانسیسی کے ساتھ جرمن زبان میں بھی بل بورڈ لگے ہیں اور ریستورانوں میں مینو بھی دونوں زبانوں میں پیش کیا جاتا ہے۔ اس میل جول کا نتیجہ ہے کہ اب نوجوان نسل کو یہ معلوم بھی نہیں کہ صرف چند دہائی پہلے ان دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے لاکھوں شہریوں کو ذبح کیا ہے۔
یہاں تک تو ٹھیک تھا لیکن برا ہو لغزشِ زبا ن کہ عمران خان جرمنی اور فرانس کہنے کے بجائے جرمنی اور جاپان کہہ گئے اور فرمایا کہ 'جرمنی اور فرانس کی سرحد پر مشترکہ صنعتی منصوبے ہیں'۔ پریس کانفرنس میں دنیا بھر کے صحافی موجود تھے اور سوشل میڈیا پر عمران خان کی یہ گفتگو چار دانگِ عالم میں پھیل گئی اور اب  صرف انھیں ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو شرمندگی کا سامنا ہے۔
لغزشِ زبان کا یہ واقعہ پہلا نہیں اس سے پہلے وہ تیز رفتار ریل کی بات کرتے ہوئے اسے مبالغے میں روشنی سے تیزرفتار کہہ  گئےتھے۔ ہمارے خیال میں  اس ساری فاش غلطیوں کی وجہ خانصاحب کی برجستہ بولنے کی وہ  عادت ہے جسے انکے حامی بہت پسند کرتے ہیں کہ 'ہمارا کپتان پرچی نہیں استعمال کرتا' ساری دنیامیں قائدین تقریر و خطاب کیلئے تحریری مسودہ استعمال کرتے ہیں۔ امریکہ میں تو سیاسی رہنما انتخابی جلسوں میں بھی لکھی ہوئی تقریر کرتے ہیں۔ تاہم وہ  اپنی نظر  مجمع پر رکھتے ہوئے مسودے کو Teleprompterکے ذریعے کنٹرول میں  رکھتے ہیں اسلئے ایسا محوس ہوتا  ہے کہ گویا فی البدیہہ گفتگو ہورہی ہے۔
 جب ساری دنیا آپکی گفتگو سن رہی ہو توتقریر کو پہلے سے لکھ لینا ہی مناسب ہے تاکہ تمام موضوعات کا مکمل احاطہ کیا جاسکے۔ الفاظ کا چناو مناسب اور  ادائیگی موثر ہو۔ معلوم نہیں ہمارے یہاں اسے معیوب کیوں سمجھا جاتا ہے۔پرچی نہ لینے کا نتیجہ ہے کہ آج  وزیراعظم سے اتنی بڑی غلطی ہوگئی۔


No comments:

Post a Comment