بابائے اردو مولوی عبدالحق
آج 20 اپریل مولوی
عبدالحق المعروف بابائے اردو کا 149 واں یوم ولادت ہے۔ میرٹھ میں پیدا ہونے والے
عبدالحق نے محلے کی مسجد ومدرسے سے مولوی فاضل
تک تعلیم حاصل کی۔ مولوی صاحب
سرسید احمد خان، مولانا شبلی نعمانی، نواب محسن الملک کے ہم عصر تھے۔ مولوی صاحب کو برطانوی راج کے
دوران اردو کی پامالی پر بڑی تشویش تھی
چنانچہ انھوں نے اپنی پوری زندگی اردو
کیلئے وقف کردی۔تاہم سرسید کے کہنے پر انھوں نے انگریزی اور سائینسی علوم بھی سیکھے۔ انگریزی
پر عبور کا نتیجہ تھا کہ انھیں برطانوی راج
کی وزارت داخلہ میں مترجم مقررکیا گیا۔ ہمارے تھانوں میں آج بھی جس انداز کے روزنامچے لکھے جاتے ہیں اسکا آغاز مولوی صاحب کے دور ہی میں ہوا تھا۔ انھوں نے او رنگ آباد
میں انسپیکٹر آف اسکولز کی ذمہ درایاں بھی نبھائیں۔
1903 میں مولوی صاحب نے علامہ شبلی نعمانی کے ساتھ مل کر انجمنِ
ترقی اردو کی بنیاد رکھی۔ مولوی صاحب
انجمن کے صدر اور علامہ شبلی نعمانی اسکے سکریٹری تھے۔اسی کے ساتھ سید احمد
خان نے انھیں آل انڈیا محمڈن ایجوکیشنل
کانفرنس کا سکریٹری مقررکیا۔ مولوی صاحب عثمانیہ کالج اورنگ آباد کے پرنسپل رہے اور جامعہ عثمانیہ میں اردو اور فارسی کی تعلیم بھی دی۔
1948 میں مولوی صاحب کراچی آگئے اورانجمن ترقی اردو کا کام
نئے سلسلے سے شروع ہوا۔ 1949 میں اردو کالج کی بنیاد رکھی گئی جو اب وفاق کے زیرانتظام FUUASTکے نام سے ایک عظیم الشان جامعہ ہے۔ ہماری پرورش اردو کالج
کے نمک پر ہی ہوئی ہے کہ ہجرت کے بعد ہمارے والد صاحب مرحوم نے اردو کالج میں
ملازمت اختیار کی اور ریٹائرمنٹ تک کالج سے وابستہ رہے بلکہ یہ انکی پہلی اور آخری
ملازمت تھی۔
اردو کی بیش بہا خدمت پر مولوی صاب بابائے اردو کے نام سے
مشہور ہوئے۔ مولوی صاحب 16 اگست 1961 کو
کراچی میں انتقال کرگئے۔ وفات کے وقت انکی
عمر 91 برس تھی۔ مرحوم اردو آرٹس کالج
بابائے اردو روڈ (سابق مشن رود) کے احاطے میں آسودہ خاک ہیں۔ بابائے اردو
نے کئی کتابیں اور مقالے تخلیق کئے۔ انکا سب سے بڑا کارنامہ پہلی انگریزی اردو
ڈکشنری کی ترتیب ہے۔ اسکے علاوہ چند ہم عصر،
خطوط کے مجموعے مکتوبات اورمقدمات کو
پزیرائی نصیب ہوئی۔ انکی تدوین کردہ قواعد اردو پاکستان کی اکثر جامعات کے نصابِ
اردو کا حصہ ہے۔ انکے مزار پر لکھا یہ مصرعہ بابائے اردو کےی خدمات کو بہترین خراج تحسین کہ ' گیسوئے اردو ابھی منت پزیر
شانہ ہے'
No comments:
Post a Comment