Tuesday, February 5, 2019

ہالینڈ کے ایک اسلام مخالف سیاسی رہنما کا قبولِ اسلام



ہالینڈ  کے ایک اسلام مخالف سیاسی رہنما کا قبولِ اسلام
صاحبو! ہمارا رب اپنے بندو ں کو جس شان سے ہدائت عطا فرماتا ہے اسکاتصور بھی محال ہے۔ عمر بن خطاب نبی مہربان کو قتل کرنے کا عزم لے کرگھر سے نکلے اورجب دارِ ارقم سےباہر آئے تو فرمایا 'خدا کی قسم اس زمین پر مجھے محمد (صلعم ) سے محبوب اور کوئی نہیں'۔ پھر وہی عمر جو خود کو 'ناکام چرواہا' کہتے تھے قیامت تک کیلئے فاروق اعظم قرار پائے'۔
کچھ ایسا ہی واقعہ ہالینڈ میں پیش آیا کہ شاتمِ رسول گیرت وائلڈرز (Geerat Wilders)کے دستِ راست ڈچ سیاستدان Joram Van Klaverenنے آج اسلام قبول کرلیا۔39 سالہ ہورام گیرت کی قوم پرست ڈچ فریڈم پارٹی المعروف PVVکے رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ PVVکا نصب العین ہی سرزمینِ یورپ کو اسلام سے پاک کرنا ہے۔ اللہ نے ہورام کو اپنی مہربانی سے قلبِ سلیم عطاکیا تھا اور شائد یہی وجہ تھی کہ جب گیرت وائلڈرز نے مراکشیوں کے بارے میں نفرت انگیز بات کہی تو ہورام یہ کہہ کر PVV سے الگ ہوگئے کہ انکا ضمیر نسلی منافرت کو قبول نہیں کرتا۔
اپنے قبول اسلام کا ذکر کرتے ہوئے ہورام نے کہا کہ وہ اسلام اور پیغمبرِ اسلام کے خلاف اپنی نئی کتاب کیلئے ریسرچ کررہے تھے۔ اس دوران جب انھوں نے سیرتِ مبارکہ کے چند پہلووں کا 'تنقیدی'جائزہ لیا تو محسن انسانیت صلعم کی زندگی نے انکی فکر کو تبدیل کردیا۔ آج ریڈیو پر انھوں نے اپنےمسلمان ہونے کا اعلان کردیا۔قرآن میں اللہ نے اپنی قدرت کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ کہ 'وہی رلاتا اوروہی ہنساتا ہے'۔ ابھی چند دن پہلے گیرت وائلڈرز نے ٹویٹ پر ایک نیا گستاخانہ خاکہ جاری کیا تھا جس میں نعوذباللہ سرکار صلعم کو ہتھکرٰ ی میں جکڑا دکھایا گیا تھا۔جسکے نیچے گیرت نے لکھا کہ 'انھیں بھی اسی جیل میں بند کردو جہاں میرے قتل کا فتویٰ دینے والا علامہ خادم حسین رضوی بندہے' یہ دیکھ کر بے اختیار ہمارے آنسو نکل گئے اور ہم نے عمران خان کے قریبی رفقاکے ذریعے وزیراعظم کو ایک ذاتی درخواست بھجوائی کہ اگر آپ علما کو رہا نہیں کرسکتے تو کم ازکم گیرت وائلڈرز کو یہ جواب تو دیں کہ علما کی گرفتاری اس ملک کا اندرونی معاملہ ہے لیکن تم جیسے شاتمین سے نفرت میں ہم سب ایک ہیں۔انا کے گنبد میں بند عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا لیکن Joram Van Klaver کے قبول اسلام کی خبر سے دل باغ باغ ہوگیا۔ یقیناً وہی رلاتا اور وہی ہنساتا ہے۔چھ سال قبل اسلام قبول کرنے والے گیرت وائلڈرز کے ایک ساتھی اور ڈچ سیاستدان Arnoud van Doorنے ہورام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گیرت کی اسلام مخالف PVVپارٹی ہالینڈ میں اسلام کی اکیڈمی اور دعوت کا مرکز بن جائیگی۔ انشااللہ۔
تشکر: یہ خبر ہمیں سب سے پہلے برادرم عارف الحق نے سنائی۔اللہ انھیں دین و دنیا کی سچی خوشی اور کامرانی نصیب فرمائے ۔

No comments:

Post a Comment