Tuesday, March 19, 2019

امریکہ اور پاکستان کا جوہری پروگرام


امریکہ اور پاکستان کا جوہری پروگرام
امریکی وزیرخارجہ مائک پومپیو نے  بہت  ہی واشگاف انداز میں پاکستان کے جوہری پروگرام کو امریکی سلامتی کیلئے  ایک  بڑا خطرہ قراردیاہے۔وائس آف امریکہ (VOA)کے مطابق  اپنے ایک انٹرویو میں امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکہ کی سلامتی کو جو 5 بڑے  خطرات لاحق ہیں، پاکستان کا ایٹمی  پروگرام ان میں سے ایک ہے۔ جناب پومپیو نے اس نشست میں 4 دوسرے خطرات کی نشاندہی نہیں کی لیکن امریکی زعما اس سے پہلے ایران، شمالی کوریا، داعش اور  بحر شمالی و جنوبی چین میں چینی بحریہ کی بڑھتی ہوئی  قوت کو امریکی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دے  چکے ہیں۔  امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ  پاکستان کے ایٹمی  ہتھیار  غلط ہاتھوں میں لگ سکتے ہیں اور اگر ایسا ہوا تو اس سے امریکہ کی سلامتی خطرے میں پڑجائیگی ۔
امریکہ میں سلامتی کے حوالے سے خطرات کا تعین اسکے خفیہ ادارے کرتے ہیں جن میں سب سے بڑی ایجنسی CIAہے ۔ وزارت خارجہ کا قملدان سنبھالنے سے پہلے جناب پومیو CIAکے ڈائریکٹر تھے۔ اس پس منظر میں انکے بیان کو سیاسی جگالی قراردیکر مسترد نہیں کیا جاسکتا۔  امریکہ میں  قومی سلامتی کو درپیش  خطرات کے سدباب  کیلئے فوج ، سی آئی اے اور دوسرے ادارےایک موثر حکمت عملی ترتیب دیتے ہیں جن میں براہ  راست  حملے کے ساتھ  معاشی ناکہ بندی، بدامنی، تخریب کاری، طبقاتی منافرت  کے ساتھ  باہمی عدم اعتماد اور بددلی  پھیلانا شامل ہے۔اس قسم کے طویل المیعاد منصوبے سیاسی وابستگیوں اور مصلحتوں سے بالا تر ہوتے ہیں اور افراد کی تبدیلی سے ان میں کوئی  کلیدی تبدیلی نہیں  آتی۔ امید ہے کہ پاکستان کے ارباب حل و عقد نے امریکی وزیر خارجہ کے بیان کو  اتنی ہی اہمیت دی ہوگی جتنی  'تشویش' امریکہ میں پاکستان  کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں  پائی جاتی ہے۔


No comments:

Post a Comment